ویڈیو کال پر بات چیت کے بعد ٹھیکیدار نے خود کو گولی مار کر خودکشی کی
بلندشہر کی جیون گیت کالونی کامعاملہ،پولیس شواہد کی بنیاد پرجانچ میں مصروف
ناظم بیگ
بلند شہر ؍سماج نیوز سروس:بلند شہر کوتوالی دیہات علاقے کی جیون گیت کالونی میں اتوار کی دیر رات ایک ٹھیکیدار نے مبینہ طور پر اپنی لائسنسی پستول سے خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔ واقعے کے وقت نوجوان گھر میں اکیلا تھا اور خودکشی سے قبل موبائل فون پر ویڈیو کال کے ذریعے کسی سے بات کررہا تھا۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج کر معاملے کی ہر پہلو سے جانچ شروع کردی ہے۔پولیس ذرائع سے موصولہ اطلاع کے مطابق متوفی کی شناخت کپل بالیان ولد منویر چودھری کے طور پر ہوئی ہے۔ جو تھانہ جہا نگیرآباد علاقے کے گاؤں بھوپور کا رہنے والا تھا اور بلندشہر میں رہ کر ٹھیکیداری کا کام کرتا تھا۔ اس کے خاندان میں بیوی رنجنا اور دو بیٹیاں پاکھی( 12 سال) اور شانوی (7 سال) ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اس کی بیوی اور دونوں بیٹیاں تین روز قبل گاؤں گئی ہوئی تھیں، جس کے سبب واقعے کے وقت وہ گھر میں تنہا تھا۔ذرائع کے مطابق اتوار کی رات تقریباً 12 بجے کپل اپنے موبائل فون پر ویڈیو کال کے ذریعے بات کررہا تھا۔ اسی دوران اس نے اپنی لائسنسی پستول سے خود کو گولی مارلی۔ گولی کی آواز سن کر علاقے میں افراتفری مچ گئی۔ اطلاع ملتے ہی کوتوالی دیہات پولیس موقع پر پہنچی اور زخمی نوجوان کو اسپتال پہنچایا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ بتایاگیاہے کہ متوفی کے ماموں کا بلندشہر میں ایک بڑا ہوٹل ہے۔ اسی ہوٹل میں کام کرنے والی ایک لڑکی کے ساتھ کپل کا مبینہ طور پرمعا شقہ چل رہا تھا ۔ خودکشی سے قبل وہ اسی لڑکی سے ویڈیو کال پر بات کررہا تھا۔ شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ گفتگو کے دوران کسی بات کو لے کر تنازع یا ذہنی تناؤ پیدا ہواہو، جس کے بعد اس نے یہ انتہائی قدم اٹھالیا۔اس سلسلے میں ایس پی سٹی ابھیشیک پرتاپ نے بتایا کہ جیون گیت کالونی میں گولی چلنے کی اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم موقع پر پہنچی، جہاں نوجوان مردہ حالت میں پایا گیا۔ ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ اس نے اپنی ہی لائسنسی پستول سے گولی مار کر خودکشی کی ہے۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے اور کال ڈیٹیل سمیت دیگر شواہد کی بنیاد پر معاملے کی تفتیش کی جارہی ہے۔
