خواتین اور سوشل میڈیا:مواقع اورچیلنجز
عصرِ حاضر میں سوشل میڈیا انسانی زندگی کا ایک ناگزیر جزو بن چکا ہے۔ اس نے جہاں فاصلے سمیٹ کر ابلاغ و ترسیل کے نئے دریچے وا کیے ہیں، وہیں انسانی معاشرت، تعلیم، معیشت اور سیاست کے مختلف شعبوں پر بھی اپنے گہرے نقوش ثبت کیے ہیں۔ بالخصوص خواتین کے لیے سوشل میڈیا ایک ایسے وسیع و ہمہ گیر پلیٹ فارم کی صورت اختیار کر چکا ہے، جس نے انہیں روایتی سماجی حدود و قیود سے آگے بڑھ کر اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے، علم و شعور کی روشنی سے مستفید ہونے اور اپنے حقوق و مسائل کی مؤثر ترجمانی کرنے کے بے شمار مواقع فراہم کیے ہیں۔ تاہم، اس کے روشن اور مثبت پہلوؤں کے ساتھ کچھ تاریک گوشے بھی ہیں، جن سے صرفِ نظر نہیں کیا جا سکتا۔ چنانچہ ضروری ہے کہ سوشل میڈیا کے اثرات کا متوازن اور سنجیدہ جائزہ لیا جائے، تاکہ اس کے ثمرات سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے اس کے منفی مضمرات سے بھی محفوظ رہا جا سکے۔
اس میں کوئی شک نہیں کہسوشل میڈیا نے خواتین کے لیے معلومات تک رسائی کو غیر معمولی طور پر آسان بنا دیا ہے۔ اب وہ گھر بیٹھے دنیا بھر کے تعلیمی مواد، کتابوں اور مختلف مہارتوں سے استفادہ کر سکتی ہیں۔ خاندانی ذمہ داریوں کے باعث تعلیم ادھوری چھوڑنے والی خواتین کے لیے یہ ایک بہترین ذریعہ ہے، اپنی تعلیمی سرگرمیاں دوبارہ شروع کر سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ انہیں اپنے خیالات کے اظہار، تخلیقی صلاحیتوں کے مظاہرے اور علمی و ثقافتی مباحثوں میں شرکت کے مواقع بھی ملتے ہیں۔ یوں سوشل میڈیا نے خواتین کے شعور، خود اعتمادی اور فکری وسعت میں اضافے کی راہ ہموار کی ہے۔معاشی میدان میں بھی سوشل میڈیا خواتین کے لیے خودمختاری کا ایک مؤثر ذریعہ بن رہا ہے۔ آن لائن کاروبار، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، تدریسی خدمات اور گھریلو صنعتوں کے ذریعے وہ گھر بیٹھے روزگار حاصل کر سکتی ہیں۔ خصوصاً وہ خواتین جو معاشی مشکلات یا خاندان کے کفیل کی عدم موجودگی کا سامنا کرتی ہیں، ان کے لیے یہ پلیٹ فارم آمدنی کے نئے امکانات پیدا کرتے ہیں۔ اس طرح خواتین نہ صرف اپنے خاندان کی مالی ضروریات پوری کرنے میں حصہ لے سکتی ہیں بلکہ اپنی انفرادی شناخت اور معاشی خودمختاری بھی قائم کر سکتی ہیں۔سماجی اور سیاسی سطح پر بھی سوشل میڈیا نے خواتین کی شرکت اور ان کے کردار کو وسعت دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس کے ذریعے خواتین نہ صرف اپنے حقوق کے تئیں شعور و آگاہی حاصل کر رہی ہیں، بلکہ عوامی مسائل پر اظہارِ خیال کرنے اور اجتماعی مباحثوں میں حصہ لینے کے مواقع بھی پا رہی ہیں۔ گھریلو تشدد، تعلیم، صحت اور صنفی امتیاز جیسے اہم موضوعات کو اجاگر کرنے میں سوشل میڈیا کے یہ پلیٹ فارم خاصے مؤثر ثابت ہو رہے ہیں۔ مزید برآں، خواتین باہمی تعاون کے ذریعے مختلف فلاحی سرگرمیوں اور سماجی آگاہی کی مہمات میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں، جس کے نتیجے میں معاشرے میں ان کی آواز مؤثر ہونے کے ساتھ ان کےعلم و ہنر کا اعتراف بھی کیا جانے لگا ہے۔ اس لیے یہ کہنا بالکل بجا ہے کہسوشل میڈیا آج کے جدید دور میں محض سماجی و سیاسی اظہار کا ذریعہ ہی نہیں، بلکہ دعوت و اصلاح اور دینی بیداری کا بھی ایک مؤثر وسیلہ ہے۔ اس حقیقت کے پیش نظر جماعت اسلامی ہند نے بھی سوشل میڈیا سے استفادہ کرتے ہوئے ملک کے مرد و خواتین تک اسلامی پیغام پہنچانے کے لیے باقاعدہ مہم چلا رکھی ہے۔ اس سلسلے میں جماعت کا شعبۂ خواتین اپنے رسائل، پروگراموں اور دیگر دعوتی و اصلاحی سرگرمیوں کے ذریعے وقتاً فوقتاً مختلف مہمات منعقد کرتا ہے، جن کا مقصد خواتین میں دینی شعور و بیداری پیدا کرنا اور انہیں اسلامی تعلیمات سے روشناس کرانا ہے۔ اس طرح سوشل میڈیا خواتین کی سماجی و سیاسی شرکت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ دعوتِ دین، اصلاحِ معاشرہ اور فکری و دینی بیداری کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
سوشل میڈیا کا ایک تشویش ناک اور تاریک پہلو بھی ہے، جہاں بعض تجارتی مفادات کے زیرِ اثر خواتین کی شخصیت کے دیگرعلمی، فکری اور تخلیقی پہلوؤں کو پسِ پشت ڈال کر انہیں محض ظاہری حسن، زیب و زینت، شہرت اور نمائش کے محدود دائرے میں مقید کر دیا جاتا ہے، یوں ان کی شخصیت کو ایک ہمہ جہت انسانی وجود کے بجائے محض ایک تجارتی شے کے طور پر پیش کیا جانے لگتا ہے۔بعض اوقات ذاتی زندگی اور نجی معاملات کو مالی فائدے کے لیے عام کیا جاتا ہے، جس سے ان کی عزت، وقار اور رازداری متاثر ہوتی ہے۔اس سے بھی زیادہ سنگین مسئلہ آن لائن ہراسانی، بلیک میلنگ، شناخت کا خفیہ رکھنا اور ذاتی تصاویر کے غلط استعمال کا ہے۔ جعلی اکاؤنٹس اور جھوٹے ملازمت کے اشتہارات کے ذریعے خواتین کو دھوکے میں پھنسانے کے واقعات بھی سامنے آتے ہیں۔ اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات و جرائم کے مطابق انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر سوشل میڈیا کو متاثرہ افراد کی تلاش اور انہیں اپنے جال میں پھنسانے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ اس لیے ذاتی معلومات اور مقام سے متعلق تفصیلات کا غیر محتاط انداز میں اشتراک خواتین کو سنگین خطرات سے دوچار کر سکتا ہے۔اس کے علاوہ سوشل میڈیا کا بے تحاشا استعمال جسمانی اور ذہنی صحت کے لیے بھی نقصان دہ ہے۔ مسلسل آن لائن رہنے، نیند کی کمی اور اور صحت کے مسائل پیدا ہوتے ہیں، جبکہ منفی تبصرے اور آن لائن ہراسانی ذہنی دباؤ میں اضافہ کرتے ہیں۔ اس سے خاندانی اور سماجی تعلقات بھی متاثر ہونے لگتے ہیں۔ خواتین کا زیادہ وقت سوشل میڈیا پر صرف ہونا بعض اوقات بچوں، خاندان اور دیگر معاشرتی ذمہ داریوں سے غفلت کا سبب بھی بن سکتا ہے۔اس صورتِ حال میں ضروری ہے کہ خواتین کو سوشل میڈیا کے محفوظ اور ذمہ دارانہ استعمال کے بارے میں مناسب آگاہی فراہم کی جائے۔ انہیں یہ بتایا جائے کہ سوشل میڈیا پر پیش کی جانے والی مثالی تصاویر اور خوش حالی کی جھلکیاں ہمیشہ حقیقی زندگی کی عکاسی نہیں کرتیں۔ اس لیے غیر ضروری موازنے اور نام و نمود اور نمائش کی دوڑ سے بچتے ہوئے اپنی صلاحیتوں، ذمہ داریوں اور حقیقی زندگی کے تقاضوں پر توجہ دیں۔ خواتین کو ڈیجیٹل دنیا کے مواقع سے مؤثر انداز میں استفادہ کرنے کے قابل بنانے کے لیے سب سے پہلے خاندان اور تعلیمی اداروں کو اپنی ذمہ داری ادا کرنی ہوگی۔ خاندان میں خواتین کو ڈیجیٹل ذرائع کے مثبت اور محتاط استعمال کی تربیت دی جائے، انہیں آن لائن تحفظ کے تقاضوں سے واقف کرایا جائے۔ اس کے ساتھ ہی حکومت اور متعلقہ سماجی اداروں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ آن لائن ہراسانی، بلیک میلنگ اور ڈیجیٹل استحصال جیسے سنگین مسائل کی روک تھام کے لیے مؤثر قوانین وضع کریں اور ان پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں، تاکہ خواتین بلا خوف و خطر سوشل میڈیا اور دیگر ڈیجیٹل ذرائع سے استفادہ کر سکیں۔اسی طرح علماء کرام اور دانشورانِ ملت پر بھی یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے خطابات، تحریروں اور سماجی رابطوں کے ذریعے عوام میں خواتین کے احترام، عزت و وقار اور حقوق کے تئیں بیداری پیدا کریں۔ انہیں اس بات کی تلقین کی جائے کہ سوشل میڈیا کے استعمال میں بھی اسلامی اخلاق و آداب اور شرعی حدود کی پابندی ضروری ہے اور کسی بھی خاتون کے ساتھ ہراسانی، بدسلوکی، تضحیک یا نازیبا رویہ اختیار کرنا اسلامی تعلیمات کے منافی ہے۔ ان تمام طبقات کی مشترکہ کوششوں سے ایک ایسا محفوظ، مہذب اور باوقار ڈیجیٹل ماحول تشکیل دیا جا سکتا ہے، جہاں خواتین بلا خوف و جھجھک اپنی صلاحیتوں کا اظہار کر سکیں۔چنانچہ یہ کہا جا سکتا ہے کہ سوشل میڈیا بذاتِ خود نہ مکمل طور پر اچھا ہے اور نہ برا۔ اس کے اثرات کا انحصار اس کے استعمال اور طریقۂ کار پر ہے۔ یہ خواتین کے لیے تعلیم، روزگار، خودمختاری اور سماجی ترقی کا ایک طاقت ور ذریعہ بن سکتا ہے، لیکن غیر محتاط استعمال کی صورت میں استحصال اور مختلف معاشرتی و نفسیاتی مسائل کا سبب بھی ۔ لہٰذا خواتین کو سوشل میڈیا سے دور رکھنے کے بجائے انہیں اس کے مثبت استعمال کی تربیت دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ خواتین کی حقیقی خودمختاری اسی وقت ممکن ہے جب انہیں ڈیجیٹل دنیا میں ترقی کے مساوی مواقع حاصل ہوں اور ان کی عزت، رازداری اور تحفظ کو بھی یقینی بنایا جائے۔
