اداریہ ؍مضامین

کیا اسلام آباد اور نئی دہلی کے درمیان برف پگھلنے لگی ہے؟

پاکستان اور ہندوستان کے تعلقات کی تاریخ بداعتمادی، کشیدگی، جنگوں اور ناکام مذاکرات کی طویل داستان سے عبارت ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان جب بھی تعلقات میں بہتری کی کوئی معمولی سی امید پیدا ہوتی ہے، ماضی کے تلخ تجربات اور خطے کی سیاسی صورتِ حال اس امید کو شکوک و شبہات میں بدل دیتی ہے۔ ایسے ماحول میں پاکستان کے وزیرِ مملکت مصدق ملک کا دورۂ ہندوستان محض ایک سفارتی سرگرمی نہیں بلکہ اسے دونوں ملکوں کے درمیان برسوں سے منقطع رابطوں کے تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے۔ یہ سوال اپنی جگہ اہم ہے کہ کیا اس دورے سے اسلام آباد اور نئی دہلی کے تعلقات میں بہتری کا کوئی راستہ نکل سکتا ہے؟ کیا دونوں ملک ایک دوسرے کے خلاف الزام تراشی اور سخت بیانات کی سیاست سے آگے بڑھ کر بات چیت کی میز تک پہنچنے کے لیے تیار ہیں؟ یا یہ دورہ بھی ماضی کی طرح ایک رسمی سفارتی کارروائی بن کر رہ جائے گا؟ مصدق ملک کا یہ دورہ اس اعتبار سے اہم ضرور ہے کہ مئی 2025 کی فوجی کشیدگی کے بعد کسی پاکستانی وفاقی وزیر کی ہندوستان آمد ہوئی ہے۔ وہ 20 سے 22 نومبر تک نئی دہلی میں منعقد ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے پہلے تہذیبی مکالمے کے فورم میں پاکستان کے وفد کی قیادت کر رہے تھے۔ اس سے قبل مئی 2023 میں بلاول بھٹو زرداری ہندوستان آئے تھے۔ مصدق ملک نے بھی اس موقع پر امید ظاہر کی کہ خطے کے ممالک کے تعلقات میں بہتری آئے گی۔ لیکن اس دورے کی اصل نوعیت کو سمجھنے کے لیے یہ بات ذہن میں رکھنا ضروری ہے کہ یہ کوئی دوطرفہ سفارتی مذاکرات نہیں تھے۔ ہندوستان نے ایس سی او کے تمام رکن ممالک کو اس فورم میں شرکت کی دعوت دی تھی اور پاکستان نے بھی تنظیم کے رکن کی حیثیت سے اپنا وفد بھیجا تھا۔ دونوں ملکوں کے درمیان نہ تو کسی باضابطہ ملاقات کا اعلان ہوا اور نہ ہی کسی دوطرفہ مذاکرات کا آغاز ہوا۔ ہندوستانی وزارت خارجہ نے بھی واضح کر دیا کہ پاکستان کے بارے میں اس کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ اس کے باوجود اس دورے کو غیر اہم قرار دینا بھی درست نہیں ہوگا۔ سفارت کاری میں بعض اوقات رسمی ملاقاتیں بھی مستقبل کے امکانات پیدا کرتی ہیں۔ جب دو ملکوں کے درمیان جنگی ماحول، تلخی اور سفارتی تعطل ہو تو ایک دوسرے کے ملک میں قدم رکھنا اور مشترکہ فورم پر بیٹھنا بھی رابطے کے دروازے کھلے رکھنے کا ذریعہ بن سکتا ہے۔ مصدق ملک نے تہذیبوں کے درمیان مکالمے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ہندوستان اور پاکستان کی مشترکہ تاریخ اور ثقافتی رشتوں کا بھی حوالہ دیا۔ ان کا یہ کہنا کہ تہذیبیں سرحدوں کی پابند نہیں ہوتیں، دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان موجود تاریخی قربت کی یاد دہانی ہے۔ تاہم اصل سوال یہ ہے کہ کیا تہذیبی مکالمے کی یہ خوشگوار باتیں سیاسی اور سفارتی تلخیوں کو کم کر سکتی ہیں؟ اس کا جواب اتنا آسان نہیں ہے۔ ہندوستان کا مؤقف ہے کہ پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد پاکستان کے ساتھ معمول کے تعلقات اس وقت تک ممکن نہیں جب تک سرحد پار دہشت گردی کے معاملے پر قابل اعتماد اور ناقابل تردید اقدامات نہیں کیے جاتے۔ دوسری طرف پاکستان کشمیر اور سندھ طاس معاہدے جیسے معاملات کو دوطرفہ تعلقات میں بنیادی اہمیت دیتا ہے۔ مصدق ملک کے دورے کے دوران سندھ طاس معاہدے کا معاملہ بھی سامنے آیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہندوستان اس معاملے پر باضابطہ مذاکرات کی دعوت دیتا ہے تو پاکستان بات چیت کے لیے تیار ہے۔ لیکن ہندوستان نے اپنے موقف میں کسی تبدیلی کا اشارہ نہیں دیا۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان اختلافات اب بھی اپنی جگہ موجود ہیں اور محض ایک دورے سے ان کے حل کی توقع نہیں کی جا سکتی۔ اس پورے معاملے کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ پاکستان اگست 2027 میں ایس سی او سربراہی اجلاس کی میزبانی کرنے والا ہے۔ ایسے میں ہندوستان اور پاکستان دونوں کے لیے ضروری ہے کہ تنظیم کے مشترکہ پلیٹ فارم پر رابطے اور تعاون کا سلسلہ برقرار رہے۔ اگر اس فورم کے ذریعے دونوں ملکوں کے درمیان اعتماد سازی کی کوئی ابتدائی فضا پیدا ہوتی ہے تو اسے آگے بڑھانے کی کوشش ہونی چاہیے۔
ہندوستان اور پاکستان کے تعلقات کی سب سے بڑی بدقسمتی یہ ہے کہ دونوں ملکوں کی حکومتیں ایک دوسرے کے ساتھ مذاکرات کی ضرورت کو تسلیم کرنے کے بجائے اکثر اپنے اپنے داخلی سیاسی دباؤ اور قومی جذبات کے حصار میں رہتی ہیں۔ دونوں طرف میڈیا کا ایک بڑا حصہ بھی کشیدگی کو ہوا دینے میں اپنا کردار ادا کرتا ہے۔ نتیجہ یہ ہے کہ امن کی بات کرنے والوں کو کمزوری کا طعنہ دیا جاتا ہے اور مذاکرات کی تجویز پیش کرنے والوں کو شک کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ حالاں کہ حقیقت یہ ہے کہ دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان مستقل کشیدگی کسی بھی وقت پورے خطے کے لیے تباہ کن صورت اختیار کر سکتی ہے۔
یہ بھی نہیں بھولنا چاہیے کہ ہندوستان اور پاکستان کے عوام کے مسائل ایک دوسرے سے بہت مختلف نہیں ہیں۔ غربت، بے روزگاری، مہنگائی، تعلیم، صحت اور بنیادی سہولتوں کی کمی دونوں ملکوں کے لیے بڑے چیلنج ہیں۔ دونوں ملک اگر اپنی توانائیاں ایک دوسرے کے خلاف محاذ آرائی کے بجائے عوامی فلاح، تجارت، تعلیم، صحت اور علاقائی تعاون پر صرف کریں تو پورے جنوبی ایشیا کی تقدیر بدل سکتی ہے۔ لیکن اس کے لیے سیاسی قیادت میں دور اندیشی، دہشت گردی کے خلاف قابل اعتماد اقدامات اور ایک دوسرے کے جائز تحفظات کو سننے کا حوصلہ ضروری ہے۔
مصدق ملک کا دورۂ ہندوستان فی الحال تعلقات کی بحالی کا اعلان نہیں بلکہ رابطے کا ایک محدود موقع ہے۔ اسے کسی بڑی سفارتی پیش رفت کا نام دینا قبل از وقت ہوگا، لیکن اسے بالکل بے معنی سمجھنا بھی دانش مندی نہیں۔ اصل امتحان اس بات کا ہوگا کہ کیا دونوں ملک اس محدود رابطے کو باضابطہ مذاکرات، اعتماد سازی اور تنازعات کے حل کی طرف لے جانے کے لیے کوئی سنجیدہ قدم اٹھاتے ہیں؟ امن کا راستہ جنگ کی تیاریوں سے نہیں، مذاکرات کی میز سے نکلتا ہے۔ ہندوستان اور پاکستان کو یہ حقیقت جتنی جلد سمجھ میں آجائے، دونوں ملکوں کے عوام کے لیے اتنا ہی بہتر ہوگا۔ آخر کب تک دونوں ملک اپنی آنے والی نسلوں کو نفرت، خوف اور جنگ کے سائے میں جینے پر مجبور رکھیں گے؟