قومی خبریں

50 کروڑ افراد کا غربت سے باہر نکلنا غیر معمولی اور ناقابل تصور معجزہ: شوراج

نئی دہلی،  (یواین آئی) زراعت و کسانوں کی فلاح و بہبود اور دیہی ترقی کے مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے غربت کے خاتمے کے شعبے میں حاصل کی گئی تاریخی کامیابیوں کو غیر معمولی، ناقابل تصور اور بے مثال معجزہ قرار دیتے ہوئے پیر کو کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں تقریباً 50 کروڑ افراد کا خطِ افلاس سے باہر نکلنا امریکہ کی مجموعی آبادی سے بھی بڑا ایک ریکارڈ ہے۔یہاں ڈاکٹر امبیڈکر انٹرنیشنل سینٹر میں منعقدہ ایک روزہ خصوصی مشترکہ ورکشاپ کی صدارت کرتے ہوئے مسٹر چوہان نے عالمی بینک کی حالیہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں انتہائی غربت کی شرح 27.1 فیصد سے کم ہو کر محض 2.6 فیصد رہ گئی ہے اور دنیا کے کسی بھی ملک میں غربت میں اتنی تیزی سے کمی نہیں آئی ہے۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ اب دو اہم عہد ہیں۔ پہلا یہ کہ جو لوگ خطِ غربت سے اوپر آ چکے ہیں، وہ کسی بھی صورت دوبارہ غربت میں نہ جائیں، اور دوسرا یہ کہ باقی رہ جانے والے تقریباً 2.6 سے 2.7 فیصد افراد کو بھی تیزی سے غربت سے باہر نکالا جائے۔ یہ ورکشاپ زراعت اور اس سے وابستہ شعبوں، زرعی تحقیق (آئی سی اے آر)، محکمہ اراضی وسائل (ڈی او ایل آر) اور دیہی ترقی کی اسکیموں کے تعاون پر غور و خوض اور آئندہ کی حکمت عملی طے کرنے کے لیے منعقد کی گئی تھی۔زرعی شعبے کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر چوہان نے کہا کہ سبز انقلاب کے دور میں زرعی ترقی کی شرح تقریباً تین سے 3.5 فیصد رہتی تھی، لیکن آج گزشتہ دس برسوں کی زرعی ترقی کی شرح 4.45 فیصد کی تاریخی سطح پر پہنچ گئی ہے۔ پی ایم کسان سمان ندھی کے تحت 4.66 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کی براہ راست امداد، ریکارڈ 37.65 کروڑ ٹن غذائی اجناس اور 38.69 کروڑ ٹن باغبانی پیداوار نیز 10,000 کسان پروڈیوسر تنظیموں (ایف پی او) کے ذریعے کسانوں کی آمدنی میں اضافہ ہوا ہے۔محکمہ زراعت تحقیق و تعلیم کی پیشکش میں بتایا گیا کہ زرعی تحقیق میں سرمایہ کاری کیے گئے ہر ایک روپے پر 13.85 روپے اور مویشی پروری کی تحقیق میں 20.81 روپے کا اقتصادی فائدہ حاصل ہوا ہے، جبکہ 2014 کے بعد سے فصلوں کی 3,436 نئی اقسام جاری کی گئی ہیں۔ورکشاپ میں دیہی ترقی اور اراضی وسائل کے محکموں کی کامیابیوں کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایا گیا کہ قومی دیہی ذریعہ معاش مشن کے ذریعے 10 کروڑ سے زیادہ خواتین کو خود امدادی گروپوں سے جوڑا گیا ہے اور اب تک 3.76 کروڑ لکھ پتی دیدیاں’ بن چکی ہیں۔ اس کے علاوہ پردھان منتری آواس یوجنا۔دیہی کے تحت 3.99 کروڑ پکے مکانات تعمیر کیے گئے ہیں، پردھان منتری گرام سڑک یوجنا کے تحت 7.99 لاکھ کلومیٹر سڑکیں بنائی گئی ہیں ۔
اور وکست بھارت۔جی رام جی’ کے تحت دیہی خاندانوں کو 125 دن کے روزگار کی ضمانت دی جا رہی ہے۔ محکمہ اراضی وسائل کے آبی ذخائر کی ترقی کے جزو کے ذریعے 3.40 کروڑ ہیکٹر رقبے کی اصلاح سے 61.15 لاکھ کسانوں کو براہ راست فائدہ پہنچا ہے اور ان کی اوسط سالانہ آمدنی میں 70 فیصد تک اضافہ درج کیا گیا ہے۔اختتامی اجلاس میں مسٹر چوہان نے افسران اور ملازمین سے آئندہ بجٹ، موجودہ اسکیموں میں ترمیم اور کسانوں کی آمدنی بڑھانے والی نئی اسکیموں کے بارے میں تجاویز طلب کیں۔ انہوں نے کہا کہ کامیابیوں کو صرف فائلوں تک محدود رکھنے کے بجائے براہ راست عوام اور کسانوں تک پہنچایا جائے۔ ساتھ ہی انہوں نے آزاد تجارتی معاہدوں (ایف ٹی اے) سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ہندوستانی زرعی مصنوعات کو عالمی بازار میں مستحکم مقام دلانے کی اپیل کی۔ اس ورکشاپ میں مرکزی وزیر مملکت برائے زراعت و کسانوں کی فلاح و بہبود بھاگیرتھ چودھری اور مرکزی وزیر مملکت برائے دیہی ترقی کمليش پاسوان سمیت چاروں محکموں کے سکریٹریوں اور ملازمین نے شرکت کی۔