بھدوہی میں اقدام قتل، آتش زنی اور بلوہ کے 17 قصورواروں کو 10 سال قید کی سزا
بھدوہی، (یو این آئی۔) اتر پردیش کے ضلع بھدوہی میں اقدام قتل، آتش زنی اور بلوہ سمیت سنگین مجرمانہ معاملات میں عدالت نے 17 قصورواروں کو زیادہ سے زیادہ 10 سال کی سخت قید کی سزا سنائی ہے۔ عدالت نے ہر قصوروار پر 1,27,750 روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔سرکاری وکیل دھیرج شکلا نے منگل کو بتایا کہ یہ معاملہ چوری تھانہ علاقے کا ہے، جہاں 2013 میں اس سلسلے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ملزموں کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعات 147، 148، 323/149، 307/149، 436، 332، 353، 336، 427، 393، 504، 506 اور سی ایل اے ایکٹ کی دفعہ 7 کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔
پولیس نے معاملے کی سائنسی طریقے سے تفتیش کرکے ثبوت جمع کیے تھے اور ملزموں کے خلاف فرد جرم عدالت میں داخل کی تھی۔مقامی پولیس، مانیٹرنگ سیل اور معاون ضلع سرکاری وکیل کی مؤثر پیروی کے نتیجے میں گیان پور کی خصوصی عدالت نے 17 ملزموں کو قصوروار قرار دیتے ہوئے زیادہ سے زیادہ 10 سال کی سخت قید کی سزا سنائی۔ ہر قصوروار پر 1,27,750 روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں قصورواروں کو اضافی قید کی سزا بھگتنی ہوگی۔
سزا پانے والوں میں ونود چوہان، پرمود چوہان، بنواری، اودل، منا، جھورو، پپو، جگّو، بیجناتھ، ارجن، سمرناتھ، گڈو، راجو، سکیش پرجاپتی، امرناتھ، پنّا اور پرمود چوہان کی اہلیہ نرملا شامل ہیں۔ یہ سبھی چوری تھانہ علاقے کے گوٹیا گاؤں کے رہنے والے ہیں۔پولیس نے اس فیصلے کو آپریشن کنوکشن کے تحت سنگین مجرمانہ معاملات میں قصورواروں کو سزا دلانے کی سمت میں ایک اہم کامیابی قرار دیا ہے۔
