گرو پروو کے موقع پر کیجریوال کی گردوارہ رکاب گنج صاحب میں حاضری
نئی دہلی،سماج نیوز: عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے منگل کو گرو پورب کے مقدس موقع پر دہلی کے تاریخی گردوارہ شری رکاب گنج صاحب میں حاضری دی۔ اس موقع پر انہوں نے تلک نگر کے رکن اسمبلی جرنیل سنگھ کے ساتھ گردوارہ صاحب میں ماتھا ٹیکا، گرو صاحب کا آشیرواد حاصل کیا اور ملک کے باشندوں کی خوشحالی کے لیے ارداس کی۔ انہوں نے کہا کہ واہے گرو جی کی پوری زندگی ایک پیغام ہے۔ ہم سب کو ان کے بتائے ہوئے راستے پر چلنا چاہیے۔ ہم سب کو گرو جی کے کیرت کرو، نام جپو اور ونڈ چھکو کے اصولوں کو اپنی زندگی میں اپنانے کا عہد کرنا چاہیے۔ گردوارہ شری رکاب گنج صاحب میں ماتھا ٹیکنے کے بعد اروند کیجریوال نے کہا کہ پہلے پاتشاہ اور پوری انسانیت کے رہنما، دھن دھن گرو نانک دیو جی کے پرکاش پرب کے مقدس موقع پر میں ان کے تمام عقیدت مندوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ آئیے، ہم سب مل کر جگت گرو کے دیے ہوئے کیرت کرو، نام جپو اور ونڈ چھکو کے اصولوں کو اپنی زندگی میں اپنانے کا عہد کریں۔اروند کیجریوال نے کہا کہ ہندوستان سمیت پوری دنیا کے لوگوں کو گرو پرب کی بہت بہت مبارک باد۔ واہے گرو جی کی پوری زندگی ہی ایک پیغام ہے۔ ہمیں ان کے بتائے ہوئے راستے پر چلنا ہے۔ کئی بار زندگی میں بہت سی مشکلات آتی ہیں۔ مشکل وقت میں ہمیں واہے گرو کی جدوجہد بھری زندگی سے حل اور رہنمائی ملتی ہے۔ دوسری جانب رکن اسمبلی جرنیل سنگھ نے کہا کہ قابل احترام گرو نانک دیو جی کے پرکاش پرب کے موقع پر میں نے عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال کے ساتھ گردوارہ شری رکاب گنج صاحب میں ماتھا ٹیکا اور گرو کے چرنوں میں سب کی بھلائی، باہمی بھائی چارے اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔ گرو پورب کے موقع پر سنگت کی خوشیوں میں شامل ہوتے ہوئے میں نے سبھی کو پرکاش پرب کی مبارک باد پیش کی۔ جرنیل سنگھ نے کہا کہ جگت گرو شری گرو نانک دیو جی نے پوری انسانیت کو سچائی، محبت، مساوات اور بھائی چارے کا راستہ دکھایا۔ گرو صاحب کے عطا کردہ تین انمول اصول آج بھی ہماری زندگی کے لیے سچی رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔ پہلا، کیرت کرو یعنی ایمانداری اور سخت محنت سے اپنی روزی کمائیں۔ دوسرا، نام جپو یعنی خدا کا دھیان کریں اور ہر لمحہ پرماتما کے تئیں شکرگزاری کا اظہار کریں۔
تیسرا، ونڈ چھکو یعنی اپنی کمائی اور خوشیوں کو دوسروں کے ساتھ بانٹیں اور ضرورت مندوں کی خدمت کریں۔جرنیل سنگھ نے کہا کہ گرو جی کی تعلیمات ہمیں یاد دلاتی ہیں کہ انسانیت کی خدمت، تمام مذاہب کا احترام، ذات پات سے بالاتر ہوکر مساوات اور باہمی محبت ہی ایک خوشحال اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہیں۔ اس مقدس دن پر میری دعا ہے کہ اکال پرکھ (پرماتما) ہمیں گرو جی کے دکھائے ہوئے راستے پر چلنے، سچائی کا ساتھ دینے اور بے لوث جذبے کے ساتھ انسانیت کی خدمت کرنے کی طاقت عطا فرمائے۔ نانک نام سے ہمیشہ جوش اور توانائی کا سرچشمہ جاری رہے۔ پرماتما کی رضا میں سب کی بھلائی ہو۔
