پدم شری ڈاکٹر ظہیر قاضی نے گورنر سید عطا حسنین سے ملاقات کی
پٹنہ: ممبئی کے معروف ماہرِ تعلیم اور انجمنِ اسلام کے صدر پدم شری ڈاکٹر ظہیر قاضی نے اپنے وفد کے ہمراہ گورنر بہار سید عطا حسنین سے ملاقات کی اور ریاست میں تعلیمی ترقی کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر ظہیر قاضی نے بہار میں بھی انجمنِ اسلام ممبئی کی طرز پر معیاری تعلیمی ادارے قائم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
منگل کو ہوئی اس ملاقات کے دوران یاست بہار میں تعلیمی ترقی کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کے ساتھ ساتھ انجمنِ اسلام ممبئی کی طویل اور نمایاں تعلیمی خدمات پر بھی گفتگو ہوئی۔ وفد میں ڈاکٹر ظہیر قاضی کے ہمراہ ممبئی سے تشریف لائے ڈاکٹر خالد اور محمود الحسن کے علاوہ جے ڈی یو لیڈر دانش خان بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر ظہیر قاضی 22 نومبر کو موتیہاری میں منعقدہ ‘پیغامِ آزاد کانفرنس’ میں شرکت کے لیے آئے تھے۔ ممبئی واپسی کے دوران انہوں نے گورنر بہار سے یہ ملاقات کی۔ قبل ازیں، پیغامِ آزاد کانفرنس کے موقع پر بھی ڈاکٹر ظہیر قاضی نے بہار میں انجمنِ اسلام جیسے تعلیمی ادارے کھولنے کا وعدہ کیا ہے اور مقامی لوگوں سے اس سلسلے میں تیار رہنے کی اپیل کی تھی۔
