یوراج کے ساتھ آدھے گھنٹے کی بات چیت کے بعد سوریہ ونشی نے لگائی ریکارڈ ڈبل سنچری
دوحہ، (یو این آئی) ویبھو سوریہ ونشی نے لسٹ اے کرکٹ میں تیز ترین ڈبل سنچری بنانے کا سہرا اپنے “آئیڈل” یوراج سنگھ کے ساتھ ہونے والی آدھے گھنٹے کی فون کال کو دیا ہے۔ دوحہ میں رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ کے دوران 15 سالہ سوریہ ونشی نے یو اے ای کے خلاف 53 گیندوں میں 204 رنز بنائے، جن میں 28 چھکے شامل تھے۔
سوریہ ونشی نے بتایا کہ وہ اپنی فارم کو لے کر “بہت پریشان” تھے اور یوراج سے بات کرنے کے بعد انہیں “کئی تکنیکی باتیں” سیکھنے کو ملیں۔ بی سی سی آئی ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں سوریہ ونشی نے بتایا، “کل میں نے چار لوگوں سے بات کی… بس چار لوگوں سے۔ ایک تو میرے والد تھے۔ دوسرے میرے بچپن کے کوچ، منیش اوجھا تھے۔ تیسرے میرے دوست پرتھم جاجک تھے، جو انڈر 19 کے دنوں سے میرے ساتھ ہیں۔ اور چوتھے یوراج سر تھے۔ میں نے ان سے تقریباً آدھے گھنٹے تک بات کی۔ انہوں نے مجھے بلے بازی کے بارے میں کافی کچھ بتایا۔”
“میںبہت پریشان تھا، اس لیے میں نے ان سے کھل کر بات کی۔ میں نے ان سے کہا، سر، جب میں بلے بازی کرنے جاتا ہوں تو مجھے یہ دقتیں آ رہی ہیں۔ انہوں نے آدھے گھنٹے تک مجھے ہر بات بہت اچھے سے سمجھائی۔ انہوں نے مجھ سے کہا کہ اگر میں 20 گیندیں کھیل لیتا ہوں، تو اسکور کچھ اور ہی ہوگا۔ انہوں نے کئی تکنیکی باتیں بھی بتائیں، جن سے مجھے آج بہت مدد ملی۔”
دوحہ میں جاری ٹورنامنٹ میں، سوریہ ونشی نے اپنے پہلے دو میچوں میں نیپال کے خلاف 26 اور پاکستان اے کے خلاف 11 رنز بنائے تھے۔ اس سے قبل، سید مشتاق علی ٹرافی کے ایک میچ میں انہوں نے بہار کی جانب سے سوراشٹرا کے خلاف 18 رنز بنائے تھے۔
سوریہ ونشی نے کہا، “یہ آسان نہیں ہے۔ یہاں کھیلے گئے دو میچوں میں، اور اس سے پہلے گھریلو کرکٹ کے ایک دو میچوں میں بھی، میں رنز نہیں بنا پایا تھا۔ اس لیے میرا دھیان تھوڑا بھٹک رہا تھا اور میں سوچ رہا تھا کہ آخر چل کیا رہا ہے۔ لیکن پھر میں نے یوراج سر سے بات کی۔”
“وہمیرےآدرشہیںاجب آپ اپنے آدرش سے بات کرتے ہیں، تو آپ ان کی ہر بات بہت دھیان سے سنتے ہیں۔ میں نے بھی ان کی ہر بات دھیان سے سنی؛ انہوں نے مجھے ایک ایک کر کے کئی باتیں بتائیں۔ بعد میں میں نےاپنی بیٹنگ کے ویڈیوز بھی دیکھے اور مجھے احساس ہوا کہ میں کہاں غلطی کر رہا تھا۔ اس لیے آج میں نے کوشش کی کہ وہ غلطی نہ دہراؤں۔ انہوں نے جو باتیں بتائی تھیں، ان میں سے کچھ کو میں نے آزمایا اور اس سے مجھے کافی مدد ملی۔”
اس نوجوان کھلاڑی نے بتایا کہ وہ پچھلے دو میچوں کی طرح ہی آج بھی لمبی اننگز کھیلنے کے ارادے سے میدان پر اترے تھے، لیکن پچ کا برتاؤ دیکھ کر انہوں نے اپنی حکمت عملی بدل لی۔
