اتر پردیش میں تیسری بار بی جے پی کی حکومت بننے پر یکساں سول کوڈ نافذ کرنے کا امت شاہ کا اعلان
لکھنؤ(ایجنسیز ) مرکزی وزیر داخلہ اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر رہنما امت شاہ نے اعلان کیا ہے کہ اتر پردیش میں اگر بی جے پی مسلسل تیسری بار حکومت بنانے میں کامیاب ہوتی ہے تو ریاست میں یکساں سول کوڈ (یو سی سی) نافذ کیا جائے گا۔ ان کے اس اعلان پر سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے طنزیہ ردعمل ظاہر کیا ہے، جب کہ کانگریس بھی یو سی سی کے معاملے پر بی جے پی کو نشانہ بناتی رہی ہے۔امت شاہ نے جمعہ کو لکھنؤ میں بی جے پی کی دو روزہ ریاستی ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی کئی ریاستوں میں یکساں سول کوڈ نافذ ہو چکا ہے اور اتر پردیش میں بھی بی جے پی کی تیسری بار حکومت بننے پر اسے نافذ کیا جائے گا۔ اس میٹنگ میں وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ، دونوں نائب وزرائے اعلیٰ کیشو پرساد موریہ اور برجیش پاٹھک، ریاستی بی جے پی صدر پنکج چودھری سمیت پارٹی کے کئی سینئر رہنما موجود تھے۔
امت شاہ نے اپنے خطاب میں بی جے پی کے انتخابی وعدوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے جو عزم کیا ہے اسے پورا کرکے دکھایا ہے۔ انہوں نے جموں و کشمیر سے آئین کی دفعہ 370 ہٹائے جانے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے اپنے وعدے کو عملی جامہ پہنایا ہے۔ اسی طرح اتر پردیش میں بھی تیسری بار حکومت بننے پر یکساں سول کوڈ نافذ کیا جائے گا۔
امت شاہ کے اس اعلان پر سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے طنزیہ انداز میں کہا، ’’بڑی دیر کر دی مہرباں آتے آتے۔‘‘ دوسری جانب کانگریس بھی یکساں سول کوڈ کے معاملے پر بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتی رہی ہے۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے گزشتہ ماہ الزام لگایا تھا کہ مودی حکومت یکساں سول کوڈ کو قانونی اصلاحات کے بجائے سماج میں تقسیم اور سیاسی توجہ ہٹانے کے لیے استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے یہ سوال بھی اٹھایا تھا کہ کیا دستور ساز اسمبلی نے کبھی یہ تصور کیا تھا کہ ملک کی ہر ریاست اپنا الگ یکساں سول کوڈ بنائے گی؟
