نئی دہلی میں دفاع کے وزیر مملکت سنجے سیٹھ کے ہاتھوں وی آئی ایس وی ۔2026کا افتتاح
نئی دہلی۔ 30؍ اکتوبر۔ ایم این این۔ دفاع کے وزیر مملکت جناب سنجے سیٹھ نے آج نئی دہلی کے مانیک شا سینٹر میں وی آئی ایس وی 2026:۔کا افتتاح کیا۔ اس تقریب کا انعقاد دفاعی تحقیق و ترقی کی تنظیم (ڈی آر ڈی او) نے مشترکہ جنگی مطالعات کے مرکز (سی ای این جے او ڈبلیو ایس) کے اشتراک سے کیا تھا۔ ’’دفاعی صلاحیتوں کا مظاہرہ، عالمی شراکت داری کو مضبوط بنانا‘‘ کے موضوع پر منعقدہ اس تقریب میں ’’شراکت دار ممالک کے لیے ڈی آر ڈی او کے دفاعی حل: ٹیکنالوجی سے اسٹریٹجک شراکت داری تک‘‘ کے عنوان سے ایک سیمینار بھی منعقد کیا گیا۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے دفاع جناب سنجے سیٹھ نے ’وشو‘ کے چار ستونوں، یعنی وژن، اختراع، ہم آہنگی اور اقدار کو ہندوستان کی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے اور بین الاقوامی تعاون کو وسعت دینے کے لیے رہنما اصول قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ وژن مستقبل کی دفاعی ضروریات کا پیشگی اندازہ لگانے کے لیے سمت فراہم کرتا ہے، اختراع تحقیق کو مؤثر ٹیکنالوجی اور حل میں تبدیل کرتی ہے، ہم آہنگی مسلح افواج، تحقیقی اداروں، صنعت اور بین الاقوامی شراکت داروں کو ایک ساتھ لاتی ہے، جبکہ اقدار باہمی اعتماد، احترام اور ذمہ داری کی بنیاد پر تعاون کو استوار کرتی ہیں۔ انہوں نے 2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان کے سفر کے ایک حصے کے طور پر تکنیکی لحاظ سے ترقی یافتہ اور خود کفیل دفاعی نظام کی تعمیر کے تئیں ہندوستان کے عزم کو اجاگر کیا۔ انہوں نے ’آتم نربھر بھارت‘ کے تحت مقامی تحقیق، ڈیزائن، ترقی اور مینوفیکچرنگ کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے میں اس کے کردار پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ تکنیکی خود انحصاری ہندوستان کو بین الاقوامی شراکت داری میں زیادہ بامعنی کردار ادا کرنے کے قابل بنائے گی۔اختراع کے موضوع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے دفاع جناب سنجے سیٹھ نے ابھرتے ہوئے دفاعی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے تحقیقی کام اور تکنیکی پیش رفت کو مؤثر حل میں تبدیل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے ہندوستان کی مقامی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے میں ڈی آر ڈی او کے تعاون کو سراہا اور جدید دفاعی ٹیکنالوجیز کی تیاری میں ہندوستانی سائنس دانوں، انجینئروں اور صنعت کے بڑھتے ہوئے کردار کو اجاگر کیا۔وزیر مملکت برائے دفاع نے ڈی آر ڈی او کی مصنوعات سے متعلق عربی، ہسپانوی اور فرانسیسی زبانوں میں ایک مجموعہ بھی جاری کیا۔ اس کا مقصد بین الاقوامی شراکت داروں میں ہندوستان کے دفاعی حل کے بارے میں آگاہی بڑھانا اور شراکت دار ممالک کے ساتھ روابط کو فروغ دینا ہے۔
