یومِ آئین پر مایاوتی نے سماجی انصاف کے سوالات اٹھائے
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے پیغام میں کہا : بہوجن سماج کو حکمراں طبقہ بنانے کا مشن نامکمل
لکھنؤ، (یو این آئی) بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی قومی صدر اور اتر پردیش کی سابق وزیر اعلیٰ مایاوتی نے یومِ آئین کے موقع پر سماجی اور اقتصادی عدم مساوات کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ ملک میں کروڑوں دلتوں، قبائلیوں، پسماندہ طبقات اور دیگر نظرانداز کیے گئے طبقوں کو ذات پات پر مبنی استحصال اور امتیاز سے نجات دلا کر اقتدار میں حصہ داری دلانے کا مشن آج بھی نامکمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہوجن سماج کو صرف سیاسی آزادی ہی نہیں بلکہ سماجی اور اقتصادی جمہوریت بھی چاہیے۔
مایاوتی نے جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر نے بہوجن سماج کو خودداری اور خود اعتمادی کے ساتھ زندگی گزارنے اور جمہوری نظام کے ذریعے اسے حکمراں طبقہ بنانے کا خواب دیکھا تھا۔ اس کے لیے انہوں نے زندگی بھر جدوجہد کی اور قربانیاں دیں۔ لیکن بہوجن سماج کو اقتدار کی باگ ڈور یعنی اقتدار اپنے ہاتھوں میں لینے کا ان کا مشن آج بھی ادھورا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 26 نومبر کو یومِ آئین مناتے وقت بہوجن سماج کو اپنی عزت و وقار، جدوجہد اور عظیم شخصیات کی خدمات کو یاد کرنا چاہیے۔ بابا صاحب کا پیغام تھا کہ اقتدار بہوجن سماج کے ہاتھوں میں ہونا چاہیے، کیونکہ اقتدار کے ذریعے ہی سماج کی ترقی اور خوش حالی کے راستے کھلتے ہیں۔
بی ایس پی سربراہ نے کہا کہ ریزرویشن سمیت آئین میں دی گئی مختلف سہولتوں کے باوجود بہوجن سماج کے سامنے غربت، بے روزگاری، ناخواندگی اور صحت جیسے مسائل برقرار ہیں۔
انہوں نے سوال کیا کہ مرکز اور ریاستی حکومتوں کے طویل دورِ اقتدار کے بعد بھی اگر ان طبقوں کو بنیادی سہولتوں اور باعزت زندگی کے لیے جدوجہد کرنی پڑ رہی ہے تو ان کی ترقی کے دعووں کا کیا جواز ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتوں کو ان سوالات پر سنجیدگی سے خود احتسابی کرنی چاہیے۔
محترمہ مایاوتی نے 26 نومبر 1949 کو آئین ساز اسمبلی میں ڈاکٹر امبیڈکر کی اختتامی تقریر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بابا صاحب نے اس وقت بھی ملک میں سماجی اور اقتصادی عدم مساوات پر تشویش ظاہر کی تھی۔ انہوں نے سیاسی جمہوریت کے ساتھ سماجی جمہوریت کے قیام کو بھی ضروری قرار دیا تھا۔
محترمہ مایاوتی نے کہا کہ بابا صاحب کی تشویش اور ان کے خیالات آج بھی اہمیت رکھتے ہیں۔ ذات پات اور سماجی امتیاز ختم کرنے کے ساتھ ملک کو اقتصادی طور پر مضبوط اور مساوات پر مبنی بنانا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں صرف سیاسی آزادی سے مطمئن نہیں ہوا جا سکتا۔ سماجی اور اقتصادی جمہوریت بھی قائم ہونی چاہیے۔ آزادی، مساوات اور اخوت کے اصولوں کو بہتر سماجی نظام کی بنیاد بنانا ہوگا۔ انہوں نے آئین کی تمہید میں شامل ان اقدار کو حقیقی زندگی میں نافذ کرنے پر زور دیا۔
مایاوتی نے اتر پردیش کے ساتھ اتراکھنڈ اور پنجاب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان ریاستوں میں بھی بہوجن سماج کو ذات پات پر مبنی ذہنیت اور امتیاز کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ذات پات پر یقین رکھنے والی سیاسی جماعتوں اور ان کی حکومتوں کی تنگ نظری کے سبب سماجی ہم آہنگی اور مساوات کا مقصد متاثر ہوتا ہے۔ بہوجن سماج کو اپنے حقوق کے تئیں بیدار رہنے اور متحد ہوکر جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔
بی ایس پی صدر نے کہا کہ ان کی پارٹی اور بابا صاحب کے نظریے کی مخالفت کرنے والی سیاسی جماعتیں ذات پات پر مبنی سوچ کے تحت بہوجن سماج کے لوگوں کو امتیاز اور ظلم و زیادتی کا سامنا کرنے پر مجبور کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سماج کو ایسے حالات کے خلاف مضبوطی سے کھڑا ہونا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں قانون کی حکمرانی قائم کرنا اور سماجی انصاف کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ آئین کے اصولوں کو مؤثر طریقے سے نافذ کرکے ہی غربت، بے روزگاری، پسماندگی اور امتیاز جیسے مسائل سے نجات دلائی جا سکتی ہے۔ اس سے لوگوں کو باعزت زندگی گزارنے اور خوش و سکون کے ساتھ آگے بڑھنے کا موقع ملے گا۔
محترمہ مایاوتی نے کہا کہ بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے آئین کے فلاحی مقاصد کو پورا کرنا سب کی ذمہ داری ہے۔ یومِ آئین پر لوگوں کو یہ عہد کرنا چاہیے کہ وہ آئین کی بنیادی اقدار کا تحفظ کریں گے اور سماجی و اقتصادی مساوات کے قیام کے لیے کوششیں کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ یومِ آئین کے موقع پر پنجاب کے جالندھر میں بی ایس پی کی جانب سے ضلعی سطح پر ایک پروگرام منعقد کیا گیا ہے۔ اس میں پارٹی کے قومی کنوینر آکاش آنند مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک ہوئے۔
محترمہ مایاوتی نے پروگرام کے انعقاد پر پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ جے بھیم، جے بھارت اور جے سمویدھان کا پیغام ہر شخص تک پہنچنا چاہیے۔
