دہلی شہر

سوشل میڈیا کا غلط استعمال ایمان وعقائدکیلئےبڑاخطرہ: جمعیۃ علماء آزاد مارکیٹ

نئی دہلی،،سماج نیوز: جمعیۃ علماء حلقہ آزادمارکیٹ کے زیر اہتمام گزشتہ شب موتی مسجد،نیامحلہ میں جلسۂ سیرت النبیؐ کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں علماء کرام نے سیرتِ نبویؐ کی روشنی میں موجودہ دور کے فتنوں، ایمان و عقائد کے تحفظ اور نوجوان نسل کی دینی تربیت کے حوالے سے اہم خطاب کیا۔جلسے کی صدارت جمعیۃ علماءآزاد مارکیٹ کے صدرقاری محمد ساجد نے کی، جبکہ نظامت کے فرائض مفتی شہباز، ناظم جمعیۃ علماء آزادمارکیٹ نے انجام دیے۔ پروگرام کا آغازمحمد مجاہد کی تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جبکہ حافظ محمد حسن نے نعتِ رسول مقبولؐ پیش کی۔نظامت کے دوران مفتی شہباز نے جلسے کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ تقریباً2سال سے ہفتہ وار پروگرام بعنوان سیرت النبیؐ کا سلسلہ جاری ہے، جسکی اختتامی نشستیں منعقد کی جا رہی ہیں۔اس موقع پر جمعیۃ علماء چاندنی چوک کے ناظم مفتی شمیم احمد نے ایمان کی پختگی اور عقائد کے تحفظ کی اہمیت پر تفصیلی خطاب کیا۔ انہوں نے خصوصاً سوشل میڈیا کے بڑھتے ہوئے غلط استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں سوشل میڈیا کے ذریعے نت نئے فتنے جنم لے رہے ہیں،لہٰذابعض عناصرغلط معلومات پھیلا کر قرآن و حدیث کے مفاہیم میں تحریف اور مسلمانوں کے عقائد کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔مفتی شمیم نے نوجوان نسل سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا کے غیر ضروری اور بے جا استعمال سے بچیں اور دینی معاملات میں مستند علماء کرام کی رہنمائی حاصل کریں۔بعد ازاں جمعیۃ علماءچاندنی چوک کے صدر مفتی انتظارحسین مظاہری نے ایمان وعقائد کی حفاظت، نیک لوگوں کی صحبت اختیارکرنے اور علماء کرام سے مضبوط تعلق قائم رکھنے کی تلقین کی۔ انہوں نے والدین سے خصوصی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو زیادہ سے زیادہ دینی مکاتب میں بھیجیں اور انکی دینی و اخلاقی تربیت پر توجہ دیں۔آخر میں مفتی انتظار حسین کی رقت آمیز دعا کیساتھ جلسے کا اختتام ہوا۔جلسے میں قاری سلیم احمد، قاری افضال احمد، قاری مسعود احمد، حافظ غفران نقشبندی ،مفتی ہارون، مفتی زین العابدین، حافظ محمد فہیم، حافظ محمدعتیق، مولانا زید، مولانا ثامر سمیت جمعیۃ علماء حلقہ آزاد مارکیٹ اور حلقہ صدر بازار کے دیگر ذمہ داران و اراکین نے شرکت کی۔