اتر پردیش

جہیز کا مطالبہ پورا نہ ہونے پر دولہا بارات لے کر نہیں آیا

دولہے کے خلاف پولیس میں رپورٹ درج -دلہن، اہل خانہ اور گاؤں کے لوگ بارات کا انتظار کرتے رہے

فیروزآباد،  (یو این آئی) فیروزآباد ضلع کے جسرانہ علاقے میں دلہن، اہل خانہ اور گاؤں کے لوگ بدھ کی شام بارات کا انتظار کرتے رہے، لیکن جہیز کا مطالبہ پورا نہ ہونے پر دولہا بارات لے کر نہیں آیا۔ دلہن کے والد نے اضافی جہیز کا مطالبہ پورا نہ ہونے پر بارات نہ لانے کے سلسلے میں دولہے والوں کے خلاف پولیس میں رپورٹ درج کرائی ہے۔
تھانہ جسرانہ حلقہ کے گاؤں بٹھوارا کے رہائشی ایک خاندان میں بدھ کو ایٹہ ضلع کے تھانہ اواگڑھ حلقہ کے گاؤں ہینونا سے بارات آنا طے تھی۔ گاؤں بٹھوارا کے اس خاندان کی لڑکی کی شادی گزشتہ 17 نومبر کو لگن ٹیکہ کی تقریب کے ساتھ طے ہوئی تھی اور شادی 25 نومبر بدھ کو مقرر تھی۔ شادی کی تقریب کے حوالے سے لڑکی والوں کی جانب سے مکمل تیاریاں کی گئی تھیں اور مہندی وغیرہ کی رسومات کے ساتھ دلہن سجی سنوری تیار تھی۔
گھر میں شادی کی دیگر رسومات بھی برابر جاری تھیں۔ بارات کے لیے کھانے پکوان کے ساتھ ساتھ استقبال کے لیے ضروری سجاوٹ بھی کی گئی تھی۔ بدھ کی شام جب لڑکی والوں نے شادی کرانے والے بچولیے سے بارات کی آمد کے بارے میں معلومات حاصل کیں، تو بچولیے نے بتایا کہ حسبِ منشا جہیز نہ ملنے کی وجہ سے لڑکے والے بارات لے کر نہیں آ رہے ہیں۔ بارات نہ آنے کی خبر ملتے ہی خاندان اور پورے گاؤں میں مایوسی چھا گئی۔ لال جوڑے میں سجی دولہے کا انتظار کرتی دلہن پر بھی گویا بجلی گر پڑی۔
دلہن کے والد نے پورے معاملے کی اطلاع تھانہ پولیس کو دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کی جانب سے اپنی استطاعت کے مطابق سامان اور نقدی دی گئی تھی، اس کے باوجود لڑکے والے اضافی جہیز کے مطالبے کی وجہ سے شادی کی مقررہ تاریخ پر بارات لے کر نہیں آئے، جس کی وجہ سے بیٹی کی شادی نہیں ہو سکی اور معاشرے میں ان کی عزت و وقار کو بھی ٹھیس پہنچی ہے۔ تھانہ پولیس کی جانب سے متعلقہ معاملے میں مقدمہ درج کر کے کارروائی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔