Featured

کشن ریڈی کو 2029 تک ہندوستان کو منشیات سے پاک بنانے میں کامیابی ملنے کا یقین

حیدرآباد،  (یواین آئی) کوئلہ اور کانکنی کے مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے اعتماد ظاہر کیا ہے کہ ملک 2029 تک منشیات کے خطرے کو ختم کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔انہوں نے نوجوانوں اور آنے والی نسلوں کے تحفظ کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔مسٹر ریڈی نے جمعرات کو ‘حیدرآباد واک فار نشہ مکت بھارت’ مہم کے دوسرے دن کی پیدل یاترا شروع ہونے سے قبل مشیرآباد واقع کشش فنکشن ہال میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پیدل یاترا کے پہلے دن ملنے والے زبردست ردعمل سے ان کا یہ اعتماد مضبوط ہوا ہے کہ نوجوان منشیات کے غلط استعمال کے خلاف اس مہم سے رضاکارانہ طور پر وابستہ ہوں گے۔

انہوں نے مہم میں طلبہ کی شرکت کی حوصلہ افزائی کرنے کے لیے اسکول انتظامیہ اور اساتذہ کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ کئی بچے دو سے تین کلومیٹر تک پیدل چلے اور منشیات سے پاک معاشرے کے تئیں اپنے عزم کا اظہار کرنے کے لیے تیز دھوپ میں انتظار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی شرکت کسی سیاسی یا ذاتی وابستگی کے بجائے اپنے مستقبل کے حوالے سے ان کی حقیقی تشویش کی عکاسی کرتی ہے۔مسٹر ریڈی نے واضح کیا کہ اس مہم کا مقصد تشہیر کرنا یا سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کرنا نہیں، بلکہ معاشرے اور آنے والی نسلوں کے تحفظ کے لیے سنجیدہ کوشش کرنا ہے۔ انہوں نے لوگوں سے محض تماشائی بنے رہنے کے بجائے مہم میں شامل ہونے کی اپیل کی۔ اس کے ساتھ ہی اخبارات اور میڈیا اداروں سے نوجوانوں میں بیداری پیدا کرنے کے لیے روزانہ کم از کم ایک مختصر اور حوصلہ افزا مضمون شائع کرکے اس مہم کی حمایت کرنے کی درخواست کی۔

منشیات کے بڑھتے ہوئے خطرے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے مسٹر ریڈی نے بنجارہ ہلز کے ایک افسوسناک واقعے کا ذکر کیا، جہاں مبینہ طور پر گانجے کے نشے میں دھت دسویں جماعت کے ایک طالب علم نے اپنے اس دوست کا قتل کر دیا، جس نے اسے ایسا کرنے سے روکنے کی کوشش کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کی لت سے صرف طلبہ ہی نہیں، بلکہ ڈاکٹر، آئی ٹی ملازمین اور نجی شعبے میں کام کرنے والے پیشہ ور افراد بھی متاثر ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ منشیات کی لت کسی طالب علم کی زندگی برباد کر دیتی ہے، والدین کی امیدوں کو توڑ دیتی ہے اور پورے خاندان کو تباہ کر دیتی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی نوجوان آبادی والا ہندوستان ترقی، اسٹارٹ اپ اور خلائی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں عالمی قیادت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے اس قیمتی انسانی وسائل کو منشیات کے غلط استعمال سے بچانے کی ضرورت پر زور دیا۔

مسٹر ریڈی نے الزام لگایا کہ کچھ سماج دشمن عناصر قبائلی کسانوں کو فی ایکڑ دو سے تین لاکھ روپے کی آمدنی کا لالچ دے کر دواؤں کے پودوں کے نام پر گانجے کی کاشت کرنے کے لیے گمراہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گھنے جنگلات کے بڑے علاقوں میں گانجے کی کاشت کی جا رہی ہے۔ ان میں ایسے مقامات بھی شامل ہیں، جہاں جنگلات کے افسران کا پہنچنا مشکل ہے۔ اس سے معاشرے کے لیے سنگین خطرہ پیدا ہو رہا ہے۔ انہوں نے گانجے، ہیروئن، کوکین اور مصنوعی نشہ آور اشیا کے پھیلاؤ پر بھی تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ ان اشیا کی سپلائی چاکلیٹ، بسکٹ اور سگریٹ کی شکل میں کی جا رہی ہے، جبکہ بعض معاملات میں انہیں انجکشن کے ذریعے بھی دیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ منشیات کا خطرہ وِکارآباد کے جنگلاتی علاقوں، شہری خطوں اور حیدرآباد کی کچی آبادیوں تک پھیل گیا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتیں اس خطرے پر مؤثر طریقے سے قابو پانے کے لیے مل کر کام کریں گی۔