تمل ناڈو میں سرکاری ملازمین کے لیے 15 دن کی پیٹرنٹی لیو کا اعلان
چنئی، (یو این آئی) ایک منفرد اور اپنی نوعیت کے پہلے اقدام کے تحت، جس کی اس سے قبل مثال نہیں ملتی، چیف منسٹر وجے کی قیادت والی تمل ناڈو حکومت نے جمعرات کو ریاست کے شادی شدہ سرکاری ملازمین کو ان کی شریکِ حیات کے حاملہ ہونے کے دوران 15 دن کی پیٹرنٹی لیو دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ سہولت خواتین سرکاری ملازمین کو دی جانے والی زچگی کی رخصت کے خطوط پر فراہم کی جائے گی۔
وجے نے سرکاری اعلامیے میں بتایا کہ یہ رخصت بچے کی پیدائش سے 15 دن قبل یا بعد میں حاصل کی جاسکتی ہے، یا پھر بچے کی پیدائش کی تاریخ سے چھ ماہ کے اندر اس سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں حکومتی حکم نامہ بھی جاری کردیا گیا ہے۔اس اہم اقدام کا اعلان کرتے ہوئے وجے نے کہا کہ مرد سرکاری ملازمین کی جانب سے خواتین ملازمین کو دی جانے والی 365 دن کی زچگی رخصت کے خطوط پر پیٹرنٹی لیو فراہم کرنے کی درخواستوں پر حکومت نے مثبت غور کیا اور انہیں 15 دن کی رخصت منظور کی ہے۔
چیف منسٹر نے کہا کہ حمل کا دورانیہ ماں اور بچے دونوں کے لیے انتہائی اہم ہوتا ہے۔ اس دوران حاملہ خاتون کی دیکھ بھال اور اسے جسمانی و جذباتی سہارا فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ بچے کی پیدائش کے بعد اس کی پرورش میں والد کا کردار بھی اتنا ہی اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین سرکاری ملازمین کو دی جانے والی 365 دن کی زچگی رخصت ماں بننے کے عمل اور بچوں کی فلاح و بہبود کی اہمیت کو ظاہر کرتی ہے۔ اسی طرح مرد ملازمین کو پیٹرنٹی لیو دینے سے خاندانی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں والد کی شراکت یقینی ہوگی اور بچے کی پرورش میں مدد ملے گی۔
