کانگریس نے حیدرآباد میں سمودھان رکشا مارچ نکالا
یومِ آئین کے موقع پر ریونت ریڈی کی آئین کے تحفظ کے لیے متحدہ جدوجہد کی اپیل
حیدرآباد، (یو این آئی) یومِ آئین کے موقع پر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی (ٹی پی سی سی) نے جمعرات کو حیدرآباد میں بڑے پیمانے پر ”سمودھان رکشا مارچ” (آئین کے تحفظ کی ریلی) کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ آئین اور جمہوری حقوق کو کمزور کرنے کی کوششوں کے خلاف متحد ہوکر جدوجہد کریں۔یہ ریلی لبرٹی کے قریب ٹینک بنڈ پر واقع ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمے سے شروع ہوئی اور نیکلس روڈ پر اندرا گاندھی کے مجسمے کے پاس اختتام پذیر ہوئی۔
مارچ کے بعد اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ مہاتما گاندھی، جواہر لعل نہرو، سردار ولبھ بھائی پٹیل اور ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے نظریات اور وژن کے تحت تشکیل دیے گئے آئین نے ذات، مذہب اور جنس سے قطع نظر ہر شہری کو مساوی مواقع اور حقِ رائے دہی کی ضمانت فراہم کی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی اقتدار برقرار رکھنے کے لیے آئینی اداروں کو کمزور کرنے اور انتخابی فہرستوں میں ردوبدل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔
یہ دعویٰ کرتے ہوئے کہ دلتوں، آدیواسیوں، خواتین اور اقلیتوں کے 13 کروڑ ووٹ پہلے ہی حذف کیے جاچکے ہیں اور مزید سات کروڑ ووٹ حذف ہونے کے خطرے سے دوچار ہیں، انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی قیادت پر انتخابی نتائج پر اثر انداز ہونے کی سازش کرنے کا الزام لگایا۔
انہوں نے کانگریس کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ گاندھی خاندان کی قیادت میں متحد رہیں اور جمہوریت کو کمزور کرنے کی بی جے پی کی مبینہ کوششوں کو ناکام بنائیں۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ آئندہ انتخابات میں اسمبلی کی 90 اور لوک سبھا کی 15 نشستوں پر کامیابی کے لیے کام کریں۔
