پریاگ راج ماگھ میلے میں بلاتعطل بجلی فراہمی کی تیاری
پریاگ راج، (یو این آئی) اتر پردیش کے پریاگ راج میں لگنے والے ماگھ میلہ 2027 میں عقیدت مندوں کو بلاتعطل بجلی فراہم کرنے کے لیے گزشتہ میلے کے مقابلے اس بار بجلی کے نظام میں تقریباً 10 فیصد کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔ اس بار میلہ کے علاقے میں 29 سب اسٹیشن بنائے جائیں گے۔ اس کے علاوہ بجلی کے 23120 کھمبے لگائے جائیں گے۔ وہیں، پورے میلہ علاقے میں 27500 ایل ای ڈی اسٹریٹ لائٹس لگائی جائیں گی۔
پوروانچل ودیوت وترن نگم لمیٹڈ کے ایم ڈی سندیپ کمار نے ماگھ میلہ 2027 کے بھومی پوجن کے دوران یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ میلے میں 25 ہزار ایل ای ڈی اسٹریٹ لائٹس لگائی گئی تھیں، جنہیں اس بار بڑھا کر 27500 کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح بجلی کی فراہمی کے لیے ڈی جی سیٹ کی تعداد 28 سے بڑھا کر 32 کر دی گئی ہے۔ کیمپوں میں بجلی کے کنکشن کی تعداد بھی گزشتہ میلے کے 66220 کے مقابلے تقریباً 10 ہزار بڑھائی جائے گی، تاکہ تمام کیمپوں تک وافر مقدار میں بجلی پہنچائی جا سکے۔ سولر ایل ای ڈی اسٹریٹ لائٹس کی تعداد بھی 500 سے بڑھا کر 600 کی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بجلی کی فراہمی متاثر ہونے کی صورت میں فوری متبادل انتظام فراہم کرنے کے لیے فیڈروں پر آر ایم یو (رنگ مین یونٹ) لگائے جائیں گے۔ اس سے ایک مقام پر بجلی منقطع ہونے پر دوسرے ذریعے سے فوری طور پر بجلی بحال کی جا سکے گی۔ اس کے علاوہ شارٹ سرکٹ اور آتشزدگی کے واقعات کی روک تھام کے لیے ایم سی بی لگانے کا انتظام بھی کیا جا رہا ہے۔
