بنگلہ دیش میں آزادیٔ صحافت پر حملےمیں تشویشناک اضافہ، 84 صحافی گرفتار، 19 ہلاک
ڈھاکہ۔ ۔ ایم این این۔بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے کے بعد صحافیوں کے خلاف تشدد، گرفتاریوں اور قانونی کارروائیوں میں تشویشناک اضافہ سامنے آیا ہے۔ ایک نئی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 26 ماہ کے دوران 84 صحافیوں کو گرفتار کیا گیا، 19 قتل ہوئے یا غیر طبعی حالات میں جان سے گئے، جبکہ 118 صحافی تشدد کا نشانہ بنے یا زخمی ہوئے۔ مجموعی طور پر 446 صحافیوں کو قتل اور اجتماعی قتل کے مقدمات میں نامزد کیا گیا ہے۔رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 1200 سے زائد صحافیوں کو ملازمتوں سے برطرف کیا گیا، 168 صحافیوں کے سرکاری شناختی کارڈ منسوخ یا معطل کیے گئے، جبکہ 700 صحافیوں کی پریس کلب کی رکنیت ختم کی گئی۔رپورٹ کے مطابق 54 صحافیوں پر بیرونِ ملک سفر کی پابندی عائد کی گئی، 47 کے بینک اکاؤنٹس منجمد کیے گئے اور 19 میڈیا اداروں کو حملوں یا آتش زنی کا نشانہ بنایا گیا۔ 200 سے زائد نیوز ویب سائٹس بھی بلاک کی گئی ہیں، جبکہ 50 سے زیادہ صحافی ضمانت کے بغیر جیلوں میں قید ہیں۔ محمد یونس کی عبوری حکومت کے بعد طارق رحمان کی حکومت پر بھی صحافیوں کے خلاف جابرانہ کارروائیاں جاری رکھنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھی بنگلہ دیش میں آزادیٔ اظہار پر بڑھتی پابندیوں، من مانی گرفتاریوں اور صحافیوں کے خلاف قوانین کے استعمال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے آزاد صحافت کے تحفظ کا مطالبہ کیا ہے۔
