عالمی خبریں

ہانگ کانگ میں تبتی نوادرات کی نمائش – تبت کی ثقافتی شناخت مٹانے پر چین کو تنقید کا سامنا

ہانگ کانگ ۔ ایم این این۔ہانگ کانگ میں پیرس کے گیمے نیشنل میوزیم آف ایشین آرٹس کے تقریباً 150 تاریخی نوادرات کی نمائش منعقد ہونے جا رہی ہے۔ یہ میوزیم تبت کی منفرد ثقافتی شناخت کو مبینہ طور پر چینی دباؤ کے تحت مٹانے کے الزامات کے باعث تنازعات کی زد میں ہے۔فرانسیسی میوزیم نے تبت اور نیپال سے متعلق اپنی گیلری کا نام تبدیل کرکے ’ہمالیائی دنیا‘ رکھ دیا تھا۔ اس اقدام پر تبتی تنظیموں، انسانی حقوق کے کارکنوں اور 27 ماہرین نے شدید اعتراض کرتے ہوئے اسے تبت کی تاریخی اور ثقافتی شناخت کو کمزور کرنے کی چینی پالیسی سے ہم آہنگ قرار دیا۔چار تبتی تنظیموں نے اس فیصلے کے خلاف پیرس کی انتظامی عدالت سے بھی رجوع کیا ہے۔ اقوام متحدہ کی ثقافتی حقوق کی خصوصی نمائندہ نے خبردار کیا ہے کہ اس طرح کی تبدیلیاں تبتی عوام کے ثقافتی ورثے اور حق خودارادیت کو نقصان پہنچاتی ہیں۔ تاہم فرانسیسی حکومت اور میوزیم نے سیاسی دباؤ کے الزامات مسترد کیے ہیں۔ہانگ کانگ میں تقریباً پانچ ماہ تک جاری رہنے والی اس نمائش میں قدیم بدھ مت کے مجسمے، پارچہ جات اور دیگر تاریخی نوادرات پیش کیے جائیں گے۔اس پیش رفت نے تبت کے ثقافتی ورثے کے تحفظ اور اس کی الگ تاریخی شناخت کو برقرار رکھنے کے حوالے سے بین الاقوامی سطح پر بحث ایک بار پھر تیز کر دی ہے۔