لوک سبھا کا ملتوی اجلاس 30 نومبر اور راجیہ سبھا کا 2 دسمبر سے
نئی دہلی، (یو این آئی) پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے سلسلے میں اپوزیشن کی جانب سے اٹھائے جانے والے سوالات کے درمیان حکومت نے لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے اجلاس بالترتیب 30 نومبر اور 2 دسمبر سے دوبارہ بلانے کی درخواست کی ہے۔پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے جمعرات کو بتایا کہ حکومت نے لوک سبھا اسپیکر سے درخواست کی ہے کہ ضروری سرکاری کام کاج نمٹانے کے لیے ایوان کا اجلاس 30 نومبر کو دوبارہ بلایا جائے۔ اسی طرح راجیہ سبھا کے چیئرمین سے بھی ایوان کا اجلاس 2 دسمبر کو بلانے کی درخواست کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ایوانوں کے اجلاس کام کاج کے مطابق 3 دسمبر تک جاری رہ سکتے ہیں۔مسٹر رجیجو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، حکومت نے ضروری سرکاری کام کاج نمٹانے کے لیے لوک سبھا کے اسپیکر اور راجیہ سبھا کے چیئرمین سے درخواست کی ہے کہ لوک سبھا کا اجلاس 30 نومبر اور راجیہ سبھا کا اجلاس 2 دسمبر سے دوبارہ بلایا جائے۔ کام کاج کی تکمیل کی بنیاد پر دونوں ایوانوں کے اجلاس 3 دسمبر تک جاری رہ سکتے ہیں۔پارلیمانی امور کے وزیر نے اس بات کا کوئی ذکر نہیں کیا کہ ان اجلاسوں میں کون سے ضروری سرکاری کام نمٹائے جائیں گے، تاہم ایسے قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ حکومت ان اجلاسوں کے دوران حلقہ بندیوں کے بل اور خواتین کے ریزرویشن سے متعلق بل منظور کرانے کی کوشش کر سکتی ہے۔قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس 20 جولائی کو شروع ہوا تھا اور 13 اگست کو دونوں ایوانوں کی کارروائی غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی گئی تھی، لیکن اب تک باضابطہ طور پر اجلاس کا اختتام نہیں کیا گیا تھا۔ اس طرح دونوں ایوانوں کے یہ اجلاس مانسون اجلاس کا ہی تسلسل ہوں گے۔عام طور پر مانسون اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کیے جانے کے چند دن بعد اس کا باضابطہ اختتام کر دیا جاتا ہے اور نومبر کے آخری ہفتے میں سرمائی اجلاس بلایا جاتا ہے۔ اجلاس کے اختتام کے بعد نئے اجلاس کے لیے صدر جمہوریہ سے منظوری لی جاتی ہے، لیکن اس مرتبہ مانسون اجلاس کا باضابطہ اختتام نہ کیے جانے کی وجہ سے صدر جمہوریہ کی منظوری کی ضرورت نہیں ہے۔اپوزیشن مانسون اجلاس کا باضابطہ اختتام نہ کیے جانے کے معاملے پر حکومت کی نیت پر سوال اٹھاتا رہا ہے اور اسے پارلیمانی روایات کی خلاف ورزی قرار دیتا رہا ہے۔
اپوزیشن جماعتوں، خصوصاً کانگریس کا الزام ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کو پارلیمانی جمہوریت پر بھروسہ نہیں ہے۔ اپوزیشن مسلسل یہ بھی کہتا رہا ہے کہ حکومت حلقہ بندیوں کے بل اور خواتین کے ریزرویشن سے متعلق بل کو جوڑ توڑ کے ذریعے منظور کرانے کے لیے اچانک پارلیمنٹ کا اجلاس بلانا چاہتی ہے، اسی لیے مانسون اجلاس کا باضابطہ اختتام نہیں کیا جا رہا ہے۔حکومت نے گزشتہ اپریل میں حلقہ بندیوں کا بل لوک سبھا میں پیش کیا تھا، لیکن اپوزیشن کے متحد ہونے کی وجہ سے ووٹنگ کے دوران یہ بل منظور نہیں ہو سکا تھا۔ آئین میں ترمیم سے متعلق بل ہونے کے سبب اسے منظور کرانے کے لیے دو تہائی اکثریت کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس دوران حکومت ان بلوں کو منظور کرانے کے لیے مختلف سیاسی جماعتوں سے بالواسطہ طور پر بات چیت کرتی رہی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور کئی دیگر وزراء مسلسل کہتے رہے ہیں کہ حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے خواتین کے ریزرویشن کا بل ضرور منظور کرائے گی۔
