جمعیۃ سدبھاؤنا منچ کے زیرِ اہتمام نئی دہلی میں بھارت سنوادمنعقد
نفرت کو جڑ سے اکھاڑنے کا عزم : چھ ماہ کے اندر ملک بھر میں دو ہزار بھارت سنواد منعقد ہوگا
نئی دہلی، ،سماج نیوز سروس: جمعیۃ علماء ہند کے مرکزی دفتر، نئی دہلی میں جمعیۃ سدبھاؤنا منچ کے زیرِ اہتمام یومِ آئین کے موقع پر منعقدہ ’بھارت سنواد‘ میں ملک کے مختلف شعبوں سے وابستہ دانشوروں، سماجی رہنماؤں، سیاسی شخصیات اور ماحولیات کے کارکنوں نے شرکت کی۔ پروگرام میں ملک کی موجودہ سماجی صورتِ حال، فرقہ واریت، آئینی اقدار اور ماحولیات کے تحفظ جیسے اہم موضوعات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔مکالمے میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ سماج میں بڑھتی نفرت اور تعصب کا خاتمہ مشترکہ کوششوں، مسلسل رابطوں اور عملی جدوجہد کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ اس موقع پر جمعیۃ سدبھاؤنا منچ نے اعلان کیا کہ آئندہ چھ ماہ میں ملک کے مختلف حصوں میں دو ہزار سے زائد ’بھارت سنواد‘ منعقد کیے جائیں گے، جب کہ گزشتہ نو ماہ کے دوران 416 بھارت سنواد منعقد ہو چکے ہیں۔جمعیۃ علماء ہند کے صدر اور پروگرام کے داعی مولانا محمود اسعد مدنی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آلودگی صرف پانی اور ہوا میں نہیں، بلکہ انسانوں کے دلوں اور ذہنوں میں بھی پیدا ہو چکی ہے، اس لیے ہمیں ہر طرح کی آلودگی کو ختم کرنے کی جدوجہد کرنی ہوگی۔ انہوں نے باہمی روابط کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شادی بیاہ، خوشی اور غم کے مواقع پر ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہونا ہماری صدیوں پرانی سماجی روایت ہے، جسے کمزور نہیں ہونے دینا چاہیے۔
مختلف مذاہب اور طبقات کے لوگوں کو قریب لانے کے لیے ایسے مشترکہ مواقع تلاش کیے جائیں جن میں سب آسانی سے شریک ہو سکیں۔مولانا مدنی نے دیوبند کے علاقے میں واقع کالی ندی کی ابتر حالت کا ذکر کرتے ہوئے اسے دوبارہ زندہ کرنے کی خواہش ظاہر کی اور شرکاء سے اپیل کی کہ اس کی بحالی کا کام کوئی بھی شروع کرے، سب کو اس کی حمایت اور تعاون کرنا چاہیے۔انڈو پیسیفک پیس فورم کے چیئرمین ڈاکٹر مارکنڈے رائے نے محبت، باہمی احترام اور انسانی رواداری کو روحانیت کے ذریعے فروغ دینے پر زور دیا۔ انہوں نے تین بنیادی عہد کرنے کی اپیل کی: دینے کا جذبہ اپنائیں، غیر مشروط محبت کریں اور خدمت کے جذبے کو فروغ دیں۔ عالمی سطح پر امن و رواداری کے فروغ کے لیے مختلف مذاہب کے رہنماؤں پر مشتمل مشترکہ فورم قائم کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔جمعیۃ علماء اترپردیش کے صدر مولانا مفتی سید محمد عفان منصور پوری نے کہا کہ ہندوستان جیسے کثیر مذہبی ملک میں باہمی مکالمہ ناگزیر ہے، تاہم حقیقی کامیابی تبھی حاصل ہوگی جب ہم ہم خیال حلقوں سے نکل کر ان لوگوں تک بھی پہنچیں جو ہمارے خیالات سے اتفاق نہیں کرتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں اور سوشل میڈیا کے ذریعے مثبت پیغام عام کرنے پر زور دیا۔سوشلسٹ رہنما وجے پرتاپ نے کہا کہ سماجی و سیاسی تبدیلی ایک طویل تاریخی عمل ہے، اس لیے ہمیں امید اور حوصلے کے ساتھ مسلسل کوشش کرتے رہنا چاہیے۔ انہوں نے ہندوتوا کی سیاست سے ہندو دھرم کی بنیادی شناخت پر پڑنے والے اثرات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس صورتِ حال کی ذمہ داری تمام مذاہب کے ماننے والوں پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے ہندوستانی مسلمانوں سے قرآن کے حقیقی پیغام کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کی اپیل کی اور آئینی اقدار پر بڑھتی ہوئی گفتگو کو خوش آئند قرار دیا۔آئی آئی ٹی دہلی کے سابق پروفیسر وپن ترپاٹھی نے کہا کہ ہتھیاروں کے زور پر حکومتیں تو چلائی جا سکتی ہیں، لیکن اس کا خمیازہ عام عوام کو بھگتنا پڑتا ہے۔ سدبھاؤنا کا اصل کام حقائق اور سچائی کو اجاگر کرنا ہے، جس کے لیے مذہبی رہنماؤں، مزدوروں، کسانوں اور ہر طبقے کو ساتھ لینا ضروری ہے۔پروگرام میں جن دیگر معزز شخصیات نے اپنے خیالات کا اظہار کیا، ان میں صحافی آدتیہ مینن، اسسٹنٹ پروفیسر خوشبو اختر جناب ہرمندر پال، انوپم، مسٹر سدیپ جین، ڈاکٹر مرتضیٰ خان اور محترمہ نشابلا تیاگی،یونائیٹڈ ریلیجنز انیشی ایٹو سے وابستہ مصدق ریاض، جینت جگیاسو، جگیاسا گلاٹھی یونائیٹڈ ریجلیس انی شیٹو شامل ہیں۔ پروگرام کی نظامت جمعیۃ سدبھاؤنا منچ کے کنوینر مولانا مفتی مہدی حسن عینی نے کی، جب کہ مہمانوں کا شکریہ جمعیۃ علماء ہند کے سکریٹری مولانا عظیم اللہ صدیقی نے ادا کیا۔اس موقع پر معروف سماجی رہنما ڈاکٹر جون دیال، جمعیۃ علماء ہند کے ناظم تنظیم مولانا مفتی ذاکر حسین قاسمی، مولانا عمر قاسمی، اویس سلطان، ڈاکٹر شبیر مشتاق (پی ایم او)، مولانا حسین احمد مدنی (سکریٹری جمعیۃ علماء اترپردیش) اور سدبھاؤنا منچ و جیم کے دیگر ذمہ داران اور کارکنان بھی موجود تھے۔
