قومی خبریں

مودی نے اپنی سیاسی زندگی کا کریڈٹ دستور کو دیا، کانگریس پرلگایا اس کی روح کو کمزور کرنے کا الزام

نئی دہلی، (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو ہندوستان کے دستور کو ملک کے جمہوری اور سماجی ڈھانچے کی بنیاد اور اپنے ذاتی و سیاسی سفر کا اٹوٹ حصہ قرار دیا اور کانگریس پر کئی دہائیوں تک اقتدار میں رہنے کے دوران دستوری اصولوں کو کمزور کرنے کا الزام عائد کیا۔مسٹر مودی نے یومِ دستور کے موقع پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کیے گئے ایک پیغام میں اپنے مضمون کے اہم موضوعات کا ذکر کیا۔ انہوں نے دستور کی انفرادیت، دستور ساز اسمبلی کے تعاون اور دستوری اقدار کو مضبوط بنانے نیز سماجی و اقتصادی انصاف کو آگے بڑھانے کے لیے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) حکومت کی کوششوں کو اجاگر کیا۔مسٹر مودی نے کہا کہ ان کے مضمون میں ہندوستانی دستور کی منفرد نوعیت، ملک کے جمہوری اداروں کی تشکیل میں اس کے کردار اور سماجی یا اقتصادی پس منظر سے قطع نظر لوگوں کو مواقع فراہم کرنے میں اس کے تعاون کا جائزہ لیا گیا ہے۔عام پس منظر سے ملک کے اعلیٰ ترین انتظامی عہدے تک اپنے سفر کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دستور نے ان لوگوں کے لیے بھی اعلیٰ دستوری ذمہ داریوں تک پہنچنے کا امکان پیدا کیا، جنہیں پیدائش سے کوئی خصوصی مراعات یا فوائد حاصل نہیں تھے۔مسٹر مودی نے کانگریس پر سخت سیاسی حملہ کرتے ہوئے الزام لگایا کہ پارٹی اور اس کے پیش روؤں کے کئی دہائیوں تک اقتدار میں رہنے کے دوران دستوری آزادیوں اور اداروں کو نقصان پہنچایا گیا۔ دستوری اصولوں کی مبینہ خلاف ورزی کی مثالوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تقریباً پانچ دہائیوں کے دوران کانگریس حکومتوں کے فیصلوں نے دستور کی روح کو کمزور کیا۔
اپوزیشن کے طرزِ عمل کو نشانہ بناتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ کانگریس ‘مخالف فریق’ سے ‘رکاوٹ ڈالنے والا فریق’ بنتی دکھائی دے رہی ہے۔ انہوں نے دستوری جمہوریت میں مضبوط اپوزیشن کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ جمہوری عمل میں رکاوٹیں پیدا کرنا اپنی دستوری ذمہ داریاں نبھانے کا متبادل نہیں ہو سکتا۔دستور ساز اسمبلی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے مسٹر مودی نے یاد دلایا کہ دستور 26 نومبر 1949 کو منظور کیا گیا تھا۔ انہوں نے ڈاکٹر راجندر پرساد، بابا صاحب ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اور دستور ساز اسمبلی کے دیگر ارکان کے تعاون کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ان شخصیات نے ہندوستان کی تہذیبی روایات اور اجتماعی دانش سے استفادہ کرتے ہوئے ایک متنوع ملک کے لیے جدید دستوری دستاویز تیار کی۔

دستور کے ماہر گرین وِل آسٹن کے اس بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہ دستور ”سب سے پہلے اور سب سے بڑھ کر ایک سماجی دستاویز ہے”، وزیر اعظم نے کہا کہ سماجی اور اقتصادی انصاف اس کے فلسفے کا مرکز ہیں۔ انہوں نے اپنی حکومت کے فلاحی اور ترقیاتی اقدامات کو ان دستوری مقاصد کو شہریوں تک حقیقی فوائد کی شکل میں پہنچانے کی کوششوں کے طور پر پیش کیا۔

مضمون میں خواتین کو بااختیار بنانے اور قانون ساز اداروں میں خواتین کی نمائندگی کے مسئلے کو بھی نمایاں طور پر اٹھایا گیا۔ مسٹر مودی نے خواتین کی نمائندگی بڑھانے کے مقصد سے بنائے گئے قانون کے تعلق سے اپوزیشن کے موقف پر تنقید کی اور صنفی انصاف نیز جمہوری اداروں میں خواتین کی زیادہ شمولیت کے تئیں اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔

مسٹر مودی نے یہ بھی کہا کہ دستور صرف پارلیمنٹ، عدالتوں اور قانونی اداروں تک محدود نہیں رہنا چاہیے، بلکہ اسے ملک کے اجتماعی شعور کا حصہ بننا چاہیے، خاص طور پر نوجوان نسل کے درمیان۔ اس تناظر میں انہوں نے این ڈی اے حکومت کے 2015 کے اس فیصلے کا ذکر کیا، جس کے تحت 26 نومبر کو یومِ دستور قرار دیا گیا تھا۔ اس سے دستور ساز اسمبلی کے ذریعے دستور منظور کیے جانے کی سالگرہ کو قومی سطح پر اہمیت حاصل ہوئی۔

‘تصور میں انڈیا فرسٹ’ اور ‘عمل میں فرض شناسی’ کے اصولوں پر زور دیتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ 2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان کے ہدف کی جانب ملک کی پیش رفت میں ان اقدار کی رہنمائی اہم ہونی چاہیے۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ دستور آنے والی نسلوں کے لیے بہتر مستقبل کی تعمیر میں طاقت اور تحریک کا سرچشمہ بنا رہے گا۔

ہندوستان ہر سال 26 نومبر کو 1949 میں دستور ساز اسمبلی کے ذریعے دستور منظور کیے جانے کی یاد میں یومِ دستور مناتا ہے۔ دستور 26 جنوری 1950 کو نافذ ہوا تھا، جس کے ساتھ ہندوستان ایک خودمختار جمہوریہ بنا اور پارلیمانی جمہوریت، بنیادی حقوق اور دستوری حکمرانی کا وہ خاکہ قائم ہوا، جو آج بھی ملک کی رہنمائی کر رہا ہے۔