برہماگپت سے الخوارزمی تک: وزیر اعظم ہند اور تہذیبی مکالمے کی صدا
علم وہ دریا ہے جو کسی سرحد پر نہیں رکتا۔ وہ کتابوں کے سہارے بہتا ہے، قافلوں کے ساتھ سفر کرتا ہے اور جس زمین سے گزرتا ہے، اسے اپنے فیض سے سیراب کر دیتا ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ تہذیبیں تلواروں سے کم قلم، فکر اور علم سے زیادہ ایک دوسرے کے قریب آئی ہیں۔ افکار کی خوشبو کسی پاسپورٹ کی محتاج نہیں ہوتی وہ درس گاہوں، کتب خانوں اور اہلِ علم کی صحبت میں نئی سرزمینوں سے آشنا ہوتی ہے۔ اسی تاریخی حقیقت کی یاد 20 نومبر 2026 کو نئی دہلی کے پرانا قلعہ میں” شنگھائی تعاون تنظیم ” کے پہلے تہذیبی مکالمہ فورم کے موقع پر تازہ ہوئی، جب وزیر اعظم نریندر مودی نے یاد دلایا کہ عظیم ہندوستانی ریاضی دان برہماگپت کے علمی تصورات بغداد پہنچے، جہاں الخوارزمی جیسے علماء نے ریاضی کے علم کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔اس ایک مختصر جملے میں ہندوستان اور بغداد کی علمی رفاقت کا پورا باب سمٹ آیاہے۔
الخوارزمی کا نام محض ایک رسمی حوالہ نہیں تھا۔ محمد بن موسیٰ الخوارزمی نویں صدی کے بغداد کے وہ نامور عالم ہیں جنہوں نے الجبر کو باقاعدہ علمی صورت دینے میں بنیادی کردار ادا کیاہے۔ آج دنیا جس علم کو الجبرا (Algebra) کہتی ہے، اس کی اصطلاح ان کی کتاب کے عنوان سے ماخوذ ہے، جب کہ الگورتھم (Algorithm) بھی ان کے نام کی لاطینی صورت سے جڑا ہوا ہے۔ جدید کمپیوٹر، موبائل اور مصنوعی ذہانت کی بنیادوں میں ان کے علمی کام کی جھلک نمایاں ہے۔ ایسے عالم کا اس فورم میں ذکر، جہاں قدیم علمی متون کے ترجمے میں مصنوعی ذہانت کے استعمال کی تجویز بھی پیش کی گئی، ماضی اور حال کو ایک ہی علمی سلسلے میں جوڑ دیتا ہے۔ یوں ایک قدیم عالم کا نام آج کی جدید ٹیکنالوجی سے گہرا تعلق قائم کر لیتا ہے۔اس ذکر کی سب سے نمایاں بات اس کا انداز ہے۔ مودی جی نے الخوارزمی کو کسی مذہب یا مسلک کے خانے میں رکھنے کے بجائے ایک ایسے مفکر کے طور پر پیش کیا، جس نے ہندوستانی ریاضیاتی روایت سے روشنی حاصل کی اور اسے آگے بڑھایا،جس میں یہ پیغام پوشیدہ ہے کہ علم کسی ایک قوم، زبان یا عقیدے کی جاگیر نہیں۔ برہماگپت کے علمی تصورات کا بغداد پہنچنا اور الخوارزمی کے ہاتھوں ان کا مزید فروغ پانا ایک مشترکہ انسانی ورثے کی داستان ہے، جس میں دینے والا بھی قابلِ احترام ہے اور لینے والا بھی۔ جو رہنما ایسی داستان سناتا ہے، وہ اپنے طرزِ فکر کا اظہار کرتا ہے کہ اہلِ علم کی خدمات کو مذہبی شناخت سے بالاتر ہو کر دیکھا جانا چاہیے۔
یہی طرزِ فکر “وسودھیو کٹمبکم ” کی اصل تعبیر ہے، یعنی پوری دنیا ایک کنبہ ہے۔ ہندوستانی ثقافت کا یہ اصول اس خطاب میں بھی نمایاں رہا کہ اپنی بھلائی کی خواہش دنیا کی بھلائی سے الگ نہیں۔ جب کوئی حکومت ایک مسلم عالم کے علمی کارنامے کو احترام سے یاد کرتی ہے تو یہ اصول محض نعرہ نہیں رہتا، بلکہ عملی صورت اختیار کرتا ہے۔ فروری 2025 میں جہانِ خسرو کی تقریب کے موقع پر بھی مودی جی نے صوفی روایت کو ہندوستان کا مشترکہ ورثہ قرار دیا تھا اور رومی، رس خان اور امیر خسرو کی محبت بھری تعلیمات کو سراہا تھا۔ الخوارزمی کا ذکر بھی اسی طرزِ فکر کا تسلسل ہے۔
اس رویے کے پیچھے ہندوستان کی صدیوں پرانی تہذیبی روایت موجود ہے، کہ یہ سرزمین ہمیشہ عالمی امن، محبت اور بھائی چارے کی خواہاں رہی ہے۔ یہاں مختلف مذاہب اور تہذیبیں صدیوں سے ایک دوسرے کے پہلو بہ پہلو پروان چڑھتی رہی ہیں۔ مندر کی گھنٹیاں، مسجد کی اذان، گرجا کی صدا اور گردوارے کا کیرتن اسی تہذیبی آنگن میں گونجتے رہے ہیں۔ زبانوں نے ایک دوسرے سے الفاظ لیے، فنون نے ایک دوسرے کے رنگ اپنائے اور علوم نے باہمی استفادے سے نئی وسعت حاصل کی۔ اس طویل رفاقت نے ہندوستان کو یہ مزاج عطا کیا کہ وہ اختلاف کو دشمنی نہیں، بلکہ تنوع کا حسن سمجھتا ہے۔ الخوارزمی کی عزت افزائی بھی اسی تہذیبی روایت کی بھرپور عکاس ہے۔
اس مزاج کی جڑیں تاریخ کے اوراق میں بھی ملتی ہیں چنانچہ سندھ کی تہذیب اور میسوپوٹیمیا(قدیم عراق) کے درمیان تجارتی روابط قائم تھے، جب کہ قدیم راستوں پر تاجروں کے ساتھ علماء، سیاح اور بدھ بھکشو بھی سفر کرتے تھے۔ ہندوستان کی پنچ تنتر فارسی اور عربی زبانوں میں پہنچ کر” کلیلہ و دمنہ” کے روپ میں دنیا بھر میں معروف ہوئی، اور رامائن جنوب مشرقی ایشیا میں کمبوڈیا کی “ریامکر” بن گئی۔ موسیقی میں وسطی ایشیا کی مقام روایت اور ہندوستانی راگ کا تعلق، صوفیانہ افکار کے زیرِ اثر قوالی کی ترقی، اور سمرقند و ہرات کے باغوں سے متاثر چارباغ طرزِ تعمیر، تہذیبی تبادلے کی نمایاں مثالیں ہیں۔ ان تمام تاریخی روابط کے درمیان الخوارزمی کا ذکر بھی اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔
انہیں تاریخی مثالوں سے مودی جی نے یہ پیغام دیا کہ تہذیبی رشتے عالمی امن کی مضبوط ضمانت بن سکتے ہیں۔ جب دنیا کی گفتگو جنگ، کشیدگی اور بے چینی کے گرد گھوم رہی ہو، تب تہذیبی مکالمہ خاص معنویت اختیار کر لیتا ہے۔ سلطنتوں نے نقشے بدلے، مگر تہذیبی مکالموں نے خیالات کو نئی وسعت دی اور انہیں مالا مال کیا۔ تاریخ بھی اس کی گواہی دیتی ہے۔ بڑی سلطنتیں مٹ گئیں، مگر الجبر، صفر کا تصور اور اعداد کا نظام آج بھی ہماری زندگی کا حصہ ہیں، کیونکہ یہ علم ہندوستان، عرب، فارس اور یونان کی مشترکہ علمی کاوشوں سے پروان چڑھا۔ جو معاشرہ اس مشترکہ وراثت کو تسلیم کرتا ہے، وہ تعصب کے بجائے تعاون اور باہمی احترام کی راہ اختیار کرتا ہے۔اس تعاون کی بنیاد باہمی اعتماد ہے، جو اس احساس سے جنم لیتا ہے کہ ہمارے درمیان بہت کچھ مشترک ہے۔ یہ حقیقت سیاست کے شور میں اکثر دب جاتی ہے، مگر امن کی کنجی اسی میں پوشیدہ ہے۔ جب الخوارزمی کو برہماگپت کے ساتھ اور ہندوستانی راگ کو وسطی ایشیائی مقام کے ساتھ جوڑ کر دیکھا جائے تو اختلافات کی شدت کم ہونے لگتی ہے اور اشتراک کے امکانات بڑھتے ہیں۔ ہندوستان کا تاریخی تجربہ بھی یہی سبق دیتا ہے کہ تنوع کو صرف قبول ہی نہیں کیا جاتا، بلکہ اس کی قدر اور خوب صورتی کو بھی تسلیم کیا جاتا ہے۔ یہی تجربہ آج کی دنیا کے لیے ایک قابلِ تقلید مثال بن سکتا ہے۔
اس فورم کی اہمیت بھی اسی نقطۂ نظر سے نمایاں ہوتی ہے۔ شنگھائی تعاون تنظیم اپنے قیام کے پچیس برس مکمل کر چکی ہے۔ اس عرصے میں اس نے سلامتی، معیشت اور علاقائی رابطوں کے شعبوں میں تعاون بڑھایا ہے، اور اب تہذیبی تعاون اس سفر کا ایک اہم مرحلہ ہے۔ مختلف ممالک کے وزرا، سفارت کاروں اور معزز مہمانوں کی موجودگی نے اس تقریب کی اہمیت کو مزید بڑھا دیاہے۔ خطے کی پیچیدہ سیاسی صورتِ حال کے باوجود ایک ہی میز پر بیٹھ کر مشترکہ تاریخ اور ثقافت پر گفتگو کرنا ایک مثبت علامت ہے۔ مکالمہ نئے امکانات پیدا کرتا ہے، اور یہی امکانات قوموں کو امن اور باہمی اعتماد کے قریب لے جاتے ہیں۔یہ اجتماع صرف خیرسگالی تک محدود نہیں رہا، بلکہ اس میں عملی راہیں بھی تجویز کی گئیں۔ مخطوطات کی ڈیجیٹائزیشن اور ترجمہ، ادبی شاہکاروں تک رسائی، مشترکہ نمائشیں، علماء اور محققین کے تبادلے، اور شاہراہِ ریشم و بدھ ورثے کے مقامات کو ثقافتی راہوں میں مربوط کرنے کی تجاویز سامنے آئیں۔ نوجوانوں کو تہذیبی مکالمے کا مستقبل قرار دیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ انہیں زبانوں اور ثقافتوں سے جڑنے کے زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں۔ جس طرح بغداد کے علماء نے ہندوستانی علم سے استفادہ کیا، اسی طرح آج کی نسل بھی ایک دوسرے کے علمی اور تہذیبی تجربات سے سیکھ سکتی ہے۔ یہی تبادلہ آنے والے وقت میں قوموں کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
اس فورم میں پیش کیے گئے خیالات و پیغامات کی معنویت ویدوں کی اس دعا میں بھی نظر آتی ہے کہ” ہم ساتھ چلیں، آپس میں گفتگو کریں اور ہمارے دل ہم آہنگ ہوں” ۔ الخوارزمی کا ذکر بھی اسی پیغام کی ایک بامعنی مثال ہے۔ آج جب دنیا تقسیم اور باہمی بے اعتمادی کے خدشات سے دوچار ہے، یہ یاد دہانی ضروری ہے کہ علم انسانوں کو جوڑتا ہے، ان کے درمیان فاصلے پیدا نہیں کرتاہے۔ اصل امتحان یہ ہے کہ یہ پیغامات تقریروں تک محدود نہ رہیں، بلکہ تعلیم، تحقیق، ترجمے اور نوجوانوں کے تبادلوں میں عملی صورت اختیار کریں۔ تب ہی برہماگپت سے الخوارزمی تک علم کا یہ سفر آج کے انسان کے لیے امن، تعاون اور بھائی چارے کی راہ روشن کر سکے گا۔
Email:[email protected]
