ریاستی خبریں

بال وِواہ کے خلاف پوڑی میں بیداری ریلی، بال وِواہ سے پاک ہندوستان کا پیغام

پوڑی، 27 نومبر (یواین آئی) اتراکھنڈ کے ضلع پوڑی گڑھوال میں کم عمری کی شادی اور جبری شادی جیسی سماجی برائیوں کے خاتمے کے لیے جمعہ کو ”بال وِواہ سے پاک ہندوستان” مہم کے تحت بیداری ریلی نکالی گئی۔ضلع مجسٹریٹ سواتی ایس بھدوریا کی ہدایت پر منعقدہ یہ ریلی وکاس بھون کے احاطے سے شروع ہوئی۔ اس موقع پر افسران، ملازمین، آنگن واڑی کارکنوں اور مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات نے کم عمری کی شادی کے خلاف متحد ہوکر سماج میں بیداری پیدا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔
پروگرام میں ضلع ترقیاتی افسر رمیش چند اور ضلع پروگرام افسر محبوب خان نے شرکا کو کم عمری کی شادی کے خاتمے کا حلف دلایا۔ اس کے بعد ضلع ترقیاتی افسر نے ریلی کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ریلی میں مشن شکتی، ون اسٹاپ سینٹر کے اہلکاروں سمیت مختلف محکموں کے افسران و ملازمین اور اسکولوں کے طلبہ و طالبات نے حصہ لیا۔ پراگ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے طلبہ نے بھی جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔
ریلی کے ذریعے لوگوں کو کم عمری کی شادی کے مضر اثرات سے آگاہ کرتے ہوئے بچوں کے حقوق، تعلیم اور محفوظ مستقبل کا پیغام دیا گیا۔ شرکا نے سماج کے ہر طبقے سے اپیل کی کہ وہ اس سماجی برائی کے خاتمے کے لیے آگے آئے۔