حد بندی بل پر شرد پوار کی این سی پی کی حمایت کو کانگریس نے ‘افسوسناک’ قرار دیا
ممبئی، (یو این آئی) آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) کے قومی سکریٹری سچن ساونت نے حد بندی بل کی حمایت کرنے سے متعلق شرد پوار کی قیادت والی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے رکن اسمبلی جتیندر آہواڑ کے بیان کو ‘انتہائی افسوسناک’ قرار دیا ہے۔ساونت نے کہا کہ اس معاملے پر انڈیا اتحاد کی میٹنگ میں تبادلہ خیال ہونا چاہیے تھا۔ ان کے مطابق گزشتہ بار جب مودی حکومت نے حد بندی بل پیش کرنے کی کوشش کی تھی تو انڈیا اتحاد کی تمام جماعتوں کے متحد ہونے کے باعث اسے شکست ہوئی تھی، لیکن اب اپوزیشن جماعتوں کو تقسیم کرنے کی سازش کی جا رہی ہے اور شرد پوار کی این سی پی بھی اس کا شکار ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ این سی پی کا یہ موقف آمرانہ مودی حکومت کو فائدہ پہنچا رہا ہے۔ ساونت نے بل کی منشا پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ جب ملک میں ابھی نئی مردم شماری نہیں ہوئی تو 2011 کی مردم شماری کو بنیاد بنانے کی کیا ضرورت ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ آسام میں حد بندی کے نام پر اسمبلی حلقوں کی ایسی ازسرنو تشکیل کی گئی جو بی جے پی کے سیاسی مفادات کے مطابق تھی۔ ان کے مطابق حکومت قومی سطح پر بھی ایسا ہی تجربہ کرنا چاہتی ہے۔ساونت نے سوال کیا کہ شرد پوار کی قیادت والی این سی پی نے اب اپنا موقف کیوں تبدیل کیا، جبکہ گزشتہ بار انڈیا اتحاد نے اس بل کی مخالفت کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی نے بھی چھوٹی جماعتوں پر دباؤ ڈالے جانے کی بات کہی ہے، ایسے میں اپوزیشن کا اتحاد اور اجتماعی فیصلہ سازی مزید اہم ہوجاتی ہے۔
