قومی خبریں

طبی تحقیق اور اختراع کے فوائد پوری انسانیت تک پہنچنے چاہئیں: رادھا کرشنن

نئی دہلی، 27 نومبر (یواین آئی) نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن نے کہا ہے کہ طبی تحقیق اور اختراع کے فوائد پوری انسانیت تک پہنچنے چاہئیں، نہ کہ یہ چند ممالک یا مراعات یافتہ طبقوں تک محدود رہیں۔مسٹر رادھا کرشنن نے جمعہ کو جنوبی دہلی کے اوکھلا میں واقع ہولی فیملی اسپتال کے نئے سپر اسپیشلٹی بلاک کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ملک بھر کے کینسر کے علاج کے اداروں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے اور تحقیق، ٹیکنالوجی اور طبی تجربات کے تبادلے کے لیے ایک مشترکہ پلیٹ فارم تشکیل دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ طبی تحقیق اور اختراع کے فوائد پوری انسانیت تک پہنچنے چاہئیں، نہ کہ یہ چند ممالک یا مراعات یافتہ طبقوں تک محدود رہیں۔نائب صدر جمہوریہ نے اسپتال کی تاریخی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کا سنگ بنیاد 1953 میں اس وقت کے نائب صدر جمہوریہ ڈاکٹر سروپلی رادھا کرشنن نے رکھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس ورثے کا تسلسل ظاہر کرتا ہے کہ نیک مقاصد کے ساتھ قائم کیے گئے ادارے نسلوں تک سماج کی خدمت کرتے رہتے ہیں۔ انہوں نے ذات، مذہب، فرقے اور معاشی حیثیت سے بالاتر ہو کر سبھی کو صحت کی خدمات فراہم کرنے کے اسپتال کے عزم کی ستائش کی۔
انہوں نے کہا کہ کینسر جیسی سنگین بیماری سے نمٹنے کے لیے ملک کے تمام بڑے کینسر علاج کے اداروں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر آنا چاہیے، تاکہ وہ اپنی تحقیق، تجربات اور علاج کے بہتر طریقوں کا تبادلہ کر سکیں۔ انہوں نے اس سمت میں پہل کرنے کی خواہش بھی ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ نئے سپر اسپیشلٹی بلاک سے لوگوں کو ماہرین کی طبی سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملے گی، لیکن کسی بھی اسپتال کی حقیقی کامیابی کا تعین اس بات سے ہوگا کہ وہ جدید علاج کے ساتھ اپنی خدمات کو کس حد تک کفایتی، حساس اور انسان دوست بنا پاتا ہے۔نائب صدر جمہوریہ نے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ملک میں صحت کے بنیادی ڈھانچے کی توسیع کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آیوشمان بھارت اور پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا جیسی پہل سے معاشی طور پر کمزور خاندانوں پر اسپتال میں علاج کے مالی بوجھ کو کم کرنے میں مدد ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) کے اداروں، میڈیکل کالجوں اور ایم بی بی ایس و پوسٹ گریجویٹ طبی تعلیم کی نشستوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ اس سے ملک کے مختلف حصوں میں لوگوں کے لیے ماہرین کی صحت خدمات اور طبی تعلیم تک رسائی بڑھی ہے۔انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ہندوستان@2047 کا ہدف اسی وقت حاصل کیا جا سکتا ہے، جب ترقی کے فوائد گاؤں اور چھوٹے شہروں سمیت ہر شہری تک پہنچیں۔ اس سمت میں خیراتی اسپتالوں اور رضاکارانہ تنظیموں کا کردار اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی اسپتال کی طاقت کا اندازہ صرف اس کی عمارت، جدید آلات اور بنیادی ڈھانچے سے نہیں لگایا جا سکتا، بلکہ اس کے ڈاکٹروں اور صحت کارکنوں کی مہارت، لگن اور انسانی ہمدردی ہی اس کی اصل پہچان ہوتی ہے۔ صحت مند سماج ہی ایک ترقی یافتہ ملک کی بنیاد ہے اور اس کے لیے اجتماعی کوششیں ضروری ہیں۔