قانون ساز کونسل کے انتخابات میں بی جے پی کی کارکردگی پر اکھلیش یادو کا طنز
لکھنؤ: سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے الزام لگایاہے کہ یوگی نے گورکھپور-فیض آباد ٹیچر حلقے میں بی جے پی کی جیت یقینی بنانے کے لیے اپنی پوری طاقت لگا دی، لیکن اس کی قیمت پارٹی کو وارانسی کی دونوں سیٹیں گنوا کر چکانی پڑی۔اکھلیش یادو نے جمعہ کو لکھنؤ میں سماجوادی پارٹی کے دفتر میں قانون ساز کونسل کے انتخابات میں پارٹی کے حمایت یافتہ کامیاب امیدواروں اور دیگر امیدواروں سے ملاقات کے بعد یہ باتیں کہیں۔ اتر پردیش میں حال ہی میں گریجویٹ اور ٹیچر حلقوں کی 11 سیٹوں کے لیے انتخابات ہوئے تھے، جن میں بی جے پی نے چھ اور سماجوادی پارٹی نے پانچ سیٹوں پر کامیابی حاصل کی۔ بی جے پی کو وارانسی کی ٹیچر اور گریجویٹ دونوں سیٹوں پر شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اکھلیش یادو نے الزام لگایا کہ وزیر اعلیٰ نے دیگر حلقوں میں پارٹی کی کامیابی کے امکانات کے بجائے اپنے سیاسی گڑھ گورکھپور کو بچانے کو ترجیح دی۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا، ’’وزیر اعلیٰ اپنی شطرنج کی چالیں الگ الگ سمتوں میں چل رہے تھے۔ نتیجہ یہ نکلا کہ گویا وہ کہہ رہے ہوں کہ کاشی بھلے ہی ڈوب جائے، لیکن گورکھپور کا کام نہیں رکنا چاہیے۔‘‘انہوں نے گورکھپور-فیض آباد ٹیچر حلقے سے سماجوادی پارٹی کے امیدوار سنجین ترپاٹھی کی شکست کا حوالہ دیتے ہوئے الزام لگایا کہ انہیں جیتنے نہیں دیا گیا۔ بی جے پی چھوڑ کر حال ہی میں سماجوادی پارٹی میں شامل ہونے والے ترپاٹھی اس انتخاب میں تیسرے مقام پر رہے۔ انہوں نے بھی دعویٰ کیا کہ وزیر اعلیٰ نے ان کی شکست یقینی بنانے کے لیے کام کیا۔
