مہنگائی کی مار:چینی کے ساتھ چاول، گیہوں، زیادہ تر دالوں اور خوردنی تیلوں کی قیمتوں میں اضافہ
نئی دہلی، (یو این آئی) ملک کی تھوک اجناس منڈیوں میں گزشتہ ہفتے چینی کی قیمت اوسطاً 62 روپے فی کوئنٹل بڑھ گئی۔ چینی کے ساتھ چاول، گیہوں، زیادہ تر دالوں اور خوردنی تیلوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ درج کیا گیا۔چینی کی قیمت میں مسلسل چوتھے ہفتے اضافہ ہوا۔ گزشتہ ہفتے چینی کی منڈی میں اس کی اوسط قیمت 62 روپے بڑھ کر ہفتے کے اختتام پر 5,506 روپے فی کوئنٹل تک پہنچ گئی۔ دوسری جانب گڑ 3 روپے سستا ہوا۔ خوردہ بازار میں بھی چینی کی قیمت میں اوسطاً 58 پیسے فی کلو گرام کا اضافہ ہوا اور یہ بڑھ کر 59.18 روپے فی کلو گرام ہو گئی۔ہفتے کے دوران چاول کی اوسط قیمت 70 روپے بڑھ کر ہفتے کے اختتام پر 4,377 روپے فی کوئنٹل تک پہنچ گئی۔ گیہوں کی قیمت میں 29 روپے کا اضافہ ہوا اور یہ 2,939 روپے فی کوئنٹل ہو گئی۔
