ریاستی خبریں

ریاض العلوم دہانہ کے سابق طالب علم نے دار العلوم دیوبند میں کی پوزیشن حاصل- سرکردہ شخصیات کی جانب سےطالب علم کی حوصلہ افزائی

نوح،میوات،،سماج نیوز سروس: علاقہ میوات کے ممتاز دینی ادارہ جامعہ ریاض العلوم اکیڈمی دہانہ کے ایک سابق ہونہار طالب علم محمد کیف ساکن دہانہ نے ایشیاء کی عظیم دینی درسگاہ و ازہر ہند دارالعلوم دیوبند میں درجہ ہفتم عربی کے ششماہی امتحان میں سوم پوزیشن حاصل کرکے نہ صرف علاقہ کا نام روشن کیا ہے بلکہ اپنے ادارہ،اساتذہ نیز والدین کا سر بھی فخر سے بلند کردیا ہے۔ان کی اس نمایاں تعلیمی کامیابی پر علمی و دینی حلقوں میں خوشی کا ماحول پایا جاتا ہے ہے اور مختلف ملی و سماجی شخصیات نے مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ریاض العلوم اکیڈمی دہانہ کے مؤسس ومہتمم حضرت مفتی محمد مبارک صاحب قاسمی نے نمائندہ کو اطلاع فراہم کرتے ہوئے کہا کہ موصوف طالب علم محمد کیف نے ازعربی اول تا عربی ششم ہمارے یہاں تعلیم حاصل کی امسال عربی ہفتم کے لئے دار العلوم دیوبند میں داخلہ لیا جہاں انہوں نے حال ہی میں ہوئے ششماہی امتحان میں امتیازی نمبرات حاصل کر سوم پوزیشن حاصل کی ہے جو ہم سب کے لئے نہایت ہی خوشی ومسرت کی بات ہے۔علاقہ میوات کی ممتاز ملی شخصیت و جمعیتہ علماء متحدہ پنجاب کے صدر حضرت مولاناحکیم الدین اشرف اٹاؤڑی نے مذکورہ طالب علم کی اس کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دینی مدارس کے طلبہ کی علمی میدان میں ایسی نمایاں پیش رفت پورے علاقے کے لیے باعثِ افتخار ہوتی ہے اور یہ کہ محمد کیف کی یہ کامیابی ان کے ذاتی شوق و محنت کے ساتھ ان کے اساتذہ کی محنت اور ادارے کی تعلیمی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔نائب صدر جمعیتہ علماء متحدہ پنجاب مولانا محمد زاہد امینی نے بھی اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دینی علوم کے حصول میں امتیازی مقام حاصل کرنا بڑی سعادت ہے۔انہوں نے طالب علم،ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ رب کریم انہیں مزید علمی ترقی عطا فرمائے اور دین کی مخلصانہ خدمت کیلئے قبول فرمائے۔علاوہ ازیں مفتی محمد عامر قاسمی استاد حدیث جامعہ اشرف العلوم داؤد پور الور،مولانا جمال الدین صدر جمعیتہ علماء ضلع فرید آباد،حضرت مولانا علی محمد دھرم شالہ مؤقر استاد جامعہ ریاض العلوم اکیڈمی دہانہ،قاری شبیر احمد صاحب امینی مٹھےپوری ناظم تعلیمات جامعہ اشرف العلوم دھوج ومولانا محمد اسجد ربانی القاسمی گھاسیڑوی وغیرہ نے بھی ان کی اس کامیابی پر خوشی ومسرت کا اظہار کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی ہے۔