بہار میں ایس ایس آر کا عمل 12 نومبر سے11 دسمبر تک -ووٹر لسٹ میں نام شامل کرانے کے لیے درخواست دینے کا سنہرا موقع
پٹنہ : الیکشن کمیشن بہار میں12 نومبر سے 11 دسمبر 2026 تک ووٹر لسٹ کی خصوصی مختصر نظرثانی (ایس ایس آر) کرائے گا۔ اس دوران اہل نوجوانوں، معذور افراد اور ان لوگوں کے نام ووٹر لسٹ میں شامل کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی، جن کے نام اب تک ووٹر لسٹ میں شامل نہیں ہو سکے ہیں۔ بہار کے چیف الیکٹورل آفیسر (سی ای او) کے دفتر نے بدھ کو یہ اطلاع دی-۔سی ای او دفتر کے بیان کے مطابق اس نظرثانی کے لیے یکم جنوری 2027 کو اہلیت کی تاریخ مقرر کیا گیا ہے۔ یعنی اس تاریخ تک اہلیت کی شرائط پوری کرنے والے شہری ووٹر لسٹ میں اپنا نام شامل کرانے کے لیے درخواست دے سکیں گے۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل چیف الیکٹورل آفیسر مادھو کمار سنگھ کی صدارت میں ریاستی سطح کی قابل رسائی انتخابی انتظامی کمیٹی کی میٹنگ ہوئی۔
میٹنگ میں ووٹر خدمات کو آسان بنانے کے لیے دستیاب ڈیجیٹل ذرائع کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ان میں ووٹر سروس پورٹل، ہیلپ لائن نمبر 1950، سکشم ایپ اور ای سی آئی نیٹ ایپ شامل ہیں۔ میٹنگ میں ڈپٹی چیف الیکٹورل آفیسر اشوک پریہ درشی، منوج کمار سنگھ، رتنامبر نیلئے اور محکمہ اعلیٰ تعلیم کے ڈائریکٹر این کے اگروال سمیت کئی افسران موجود تھے۔
