امریکی نائب صدر کی نظر میں ایران جنگ ریپبلکن پارٹی کی انتخابی شکست کی بڑی وجہ
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی نظر میں ایران جنگ ریپبلکن پارٹی کی انتخابی شکست کی بڑی وجہ ثابت ہوئی- جے ڈی وینس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک طویل پوسٹ میں ریپبلکن پارٹی کی مڈٹرم انتخابات میں شکست کی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ اس ہار کی بنیادی وجہ بنی۔ ان کے مطابق انتخابی اعداد و شمار سے یہ تاثر مل رہا تھا کہ ریپبلکن ووٹر بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنے آئیں گے، مگر پارٹی کے بہت سے سابق حامیوں نے ڈیموکریٹس کا انتخاب کیا۔
وینس نے لکھا کہ انتخابی مہم کے دوران ان کی ٹیم کے ڈیٹا تجزیہ کار ووٹرز کی ساخت اور ٹرن آؤٹ کا 2024 کے صدارتی انتخاب سے موازنہ کر رہے تھے۔ کچھ ریاستوں میں ووٹر ٹرن آؤٹ معمول کے مطابق اور بعض میں بہت اچھا تھا، جبکہ کسی ریاست میں صورت حال تباہ کن نہیں تھی۔ اس بنا پر ٹیم میں امید پیدا ہوئی کہ ریپبلکن توقعات سے بہتر کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔
تاہم، وینس کے مطابق ان کے ایک قابلِ اعتماد ڈیٹا ماہر نے خبردار کیا تھا کہ ٹرن آؤٹ اچھا ہونے کے باوجود ٹرمپ اور وینس کو 2024 میں ووٹ دینے والے بعض افراد اس بار پارٹی سے ناراض ہیں اور ڈیموکریٹس کو ووٹ دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ وینس نے کہا کہ اب انتخابی نتائج اسی خدشے کی تصدیق کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
انہوں نے فلوریڈا کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں ووٹرز میں ریپبلکنز کا تناسب ڈیموکریٹس سے نو پوائنٹ زیادہ تھا، جو 2024 کے مقابلے میں صرف چند پوائنٹ کم تھا۔ ان کے بقول ٹرن آؤٹ کچھ علاقوں میں بہتر بنایا جا سکتا تھا، مگر اصل مسئلہ ووٹ ڈالنے والوں کی تعداد نہیں بلکہ سابق ریپبلکن ووٹرز کا ڈیموکریٹس کی طرف جانا تھا۔
