’جنتر منتر‘ روڈ ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا: 3دہائیوں سے لگائے گئے بھاری بیریکیڈز کو ہٹانے کا فیصلہ
نئی دہلی : دہلی پولیس نے جنتر منتر پر سے رکاوٹیں ہٹا دی ہیں۔ سیکورٹی جائزے اور راجدھانی میں احتجاجی مظاہروں کے حوالے سے پُرامن ماحول کے بعد دہلی پولیس نے یہاں تقریباً 3 دہائیوں سے لگائے گئے بھاری بیریکیڈز کو ہٹانے کا فیصلہ کیا ۔ اس کے ساتھ ہی اشوک روڈ کو ٹالسٹائے مارگ سے جوڑنے والی مرکزی سڑک پر معمول کی آمد و رفت بحال کر دی گئی ہے۔ اب اس راستے سے گزرنے والے روزانہ کے مسافروں اور گاڑی چلانے والوں کو متبادل اور طویل راستوں سے راحت ملے گی۔
واضح رہے کہ ’سی جے پی‘ کے حالیہ احتجاجی مظاہروں کے بعد گزشتہ ماہ دہلی پولیس نے ’جنتر منتر‘ کو باضابطہ احتجاجی مقامات کی فہرست سے خارج کر دیا تھا۔ حالانکہ سیکورٹی کی صورتحال اور دیگر احتجاجی مظاہروں سے متعلق اطلاعات کو مدنظر رکھتے ہوئے سیکورٹی ایجنسیوں نے یہاں احتیاطاً بھاری بیریکیڈنگ برقرار رکھی تھی۔ راجدھانی میں حالیہ دنوں میں احتجاجی مظاہروں سے متعلق امن و امان کی صورتحال اور سیکورٹی جائزے کے بعد سینئر افسران نے بیریکیڈز ہٹا کر راستہ کھولنے کا فیصلہ کیا۔ سڑک کھلنے کے بعد اب جنتر منتر روڈ پر گاڑیوں کی آمد و رفت ہموار طریقے سے شروع ہو گئی ہے۔
