بہار نامہ

اردوجرنل کی اشاعت یونیورسٹی کے تمام شعبوں کے لیے قابل تقلید ہے: وائس چانسلر پٹنہ یونیورسٹی

پٹنہ: ’’اردو جرنل پٹنہ یونیورسٹی کا نمائندہ جرنل ہے جو شعبہ ٔ اردو سے پابندی کے ساتھ شایع ہورہاہے،اس کی تقلید تمام شعبوں کو کرنا چاہیے‘‘ان خیالات کا اظہار پٹنہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر اجئے کمار سنگھ نے اپنے دفتر میں جرنل کے تازہ شمارہ نمبر ۱۷کی رونمائی کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ علوم کے فروغ میں تحقیق کی بہت اہمیت ہے ۔نئے اصولوں کے مطابق کسی یونیورسٹی کی تحقیق کی صورت حال ہی اس کے معیار کو متعین کرتی ہے۔یونیورسٹی کے مختلف شعبوں سے نکلنے والے تحقیقی جرائد اس میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔اردو ڈپارٹمنٹ اور پروفیسر شہاب ظفر اعظمی اس کام کو بخوبی کررہے ہیں۔اس موقع پر شعبۂ فارسی و عربی کے صدر پروفیسر صادق حسین نے فرمایا کہ اردو جرنل کا تازہ شمارہ کلاسیکی اردو نثر کے حوالے سے ہے جو اردو اور فارسی دونوں شعبے کے طلبہ اور اساتذہ کے لیے فائدہ مند ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ اردو کے کلاسیکی ادب پر فارسی زبان وادب کا گہر ااثر ہے۔کلاسیکی اردو ادب کا مطالعہ بغیر فارسی زبان اور اس کی تاریخ کے علم کے بغیر کیا ہی نہیں جاسکتا۔اس شمارے میں بھی اداریے کے ساتھ مختلف مضامین بھی اس بات کا ذکر کیا گیا ہے جس سے فارسی اور اردو کے کلاسیکی ادب کے مابین رشتے کا علم ہوتاہے۔اردو جرنل کے دونوں شمارے کلاسیکی شاعری اور نثر کے حوالے سے دستاویزی اہمیت کے حامل ہیں۔پٹنہ یونیورسٹی کے پراکٹر پروفیسر سورج دیو سنگھ نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ میرے دور صدارت میں جرنل کے تین شمارے شایع ہوئے اور تینوں کافی مقبول ہوئے۔شعبہ ٔ اردو سے یہ جرنل گذشتہ سترہ برسوں سے پروفیسر شہاب ظفر اعظمی کی ادارت میں شایع ہورہاہے او راس کا ہر شمارہ ایک مخصوص موضوع کا احاطہ کرتا ہے اس لیے نہ صرف اہل علم اساتذہ میں بلکہ طلبہ اور ریسرچ اسکالرز میں بھی مقبول ہو تاہے۔شعبہ ٔ فزکس پٹنہ سائنس کالج کے صدر پروفیسر شنکر کمار نے ڈپارٹمنٹ آف اردو کو مبارکباد دیتے ہوئے جرنل کی اشاعت کو ایک قابل قدر کارنامہ قرارد یا اور کہا کہ یہ میں اپنے کالج اور شعبے کی لائبریری میں رکھوں گا تاکہ اردو جاننے والے طلبہ اور اساتذہ نہ صر ف پڑھیں بلکہ ترغیب بھی حاصل کریں تاکہ کالج سے اس معیار کے مجلے شایع ہو سکیں۔بی این کالج کے استاد پروفیسر ابھئے کمار سنگھ نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پروفیسر شہاب ظفر اعظمی اور پروفیسر سورج دیو سنگھ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ کسی یونیورسٹی کے علمی مقام و مرتبے کے تعین میں اس کے اساتذہ و طلبہ کے ساتھ وہاں سے شایع ہونے والے رسائل و جرائد کا رول بھی اہم ہوتاہے۔اردو جرنل جو یوجی سی کیر لسٹ میں بھی شامل رہا ہے یہ رول بخوبی ادا کررہاہے۔پٹنہ یونیورسٹی کو اس جرنل کی اشاعت پر فخر ہے۔پٹنہ کالج سے وابستہ پروفیسر کرن کماری نے بھی شعبے کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنی نیک خواہشات پیش کی اور کہا کہ پیئر ریویو کےبعد کسی جرنل میں شایع ہونے مصنف کے لیے مستند سمجھا جاتاہے ۔خوشی کی بات ہے کہ اردو جرنل ایک پیئر ریویوڈ جرنل ہے اور پابندی سے شایع ہوتاہے ۔یونیورسٹی کے ہر شعبے سے ایسا جرنل نکلنا چاہیے ۔انہوں نے شعبے کے تمام اساتذہ اور جرنل کے تمام ارکان ادارت و مشاورت کو د ل سے مبارکباد پیش کی ۔اس موقع پر جرنل کے مدیر پروفیسر شہاب ظفر اعظمی نے وائس چانسلر پروفیسر اجئے کمار سنگھ کا شکریہ اداکرتے ہوئے ان کی سرپرستی اور تعاون کو شعبے اور جرنل کے لیے بہت اہم قراردیا اور کہا کہ آپ کی سرپرستی حاصل رہی تو یہ جرنل یوں ہی پابند ی سے نکلتا رہے گا۔انہوں نے تمام احباب کابھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس جرنل کی ستائش کرتے ہوئے ہماری حوصلہ افزائی فرمائی ۔انہوں نے کہاکہ عوام کے لیے  اس جرنل کااجرا اس سے پہلے شعبے کی ایک تقریب میں ۲۷ اکتوبر کو ہوچکا تھا ،مگر اپنے سرپرست پروفیسراجئے کمار سنگھ وائس چانسلر کے ذریعہ اس کی رونمائی ہونا یونیورسٹی اساتذہ او رطلبہ کے لیے ضروری تھا ۔آج یہ عمل انجام پذیر ہوا اس سے یقیناً ہمارے شعبے اور یونیورسٹی کے تمام طلبہ و اساتذہ کی حوصلہ افزائی ہوگی۔اس موقع پر وائس چانسلر دفتر کے تمام کاکنان اور عملہ کی موجودگی بھی باعث مسرت رہی۔