اداریہ ؍مضامین

جمہوریت کا نیا امتحان: مردم شماری، حدبندی اور خواتین ریزرویشن

ہندوستان کی سیاست میں ان دنوں تین اہم معاملات ایک دوسرے کے ساتھ اس طرح الجھ گئے ہیں کہ ان کی گتھیاں سلجھنے کے بجائے مزید پیچیدہ ہوتی جا رہی ہیں۔ یہ معاملات ہیں مردم شماری، پارلیمانی حلقوں کی حدبندی اور خواتین کے لیے 33 فیصد ریزرویشن۔ بظاہر تینوں کے مقاصد الگ ہیں، لیکن حکومت نے انہیں ایک دوسرے سے جوڑ کر ایک نئی سیاسی بحث چھیڑ دی ہے۔ اب بنیادی سوال یہ ہے کہ پہلے مردم شماری ہونی چاہیے یا حلقوں کی حدبندی؟ اور کیا خواتین کے ریزرویشن کو بھی اسی سیاسی عمل کا حصہ بنانا ضروری ہے؟ حکومت کا اصرار ہے کہ پہلے حلقوں کی حدبندی کا راستہ ہموار ہو، اس کے بعد مردم شماری کے عمل کو آگے بڑھایا جا سکتا ہے، جبکہ اپوزیشن کا موقف ہے کہ پہلے مردم شماری مکمل ہو، ملک کی موجودہ آبادی کے مستند اعداد و شمار سامنے آئیں اور پھر ان کی بنیاد پر حدبندی کی جائے۔ اپوزیشن کا یہ مطالبہ محض سیاسی ضد نہیں بلکہ ایک منطقی، اہم آئینی اور جمہوری سوال ہے۔ہندوستان میں آخری مکمل مردم شماری 2011 میں ہوئی تھی۔ اس کے بعد ملک کی آبادی، سماجی ساخت اور ریاستوں کے آبادیاتی تناسب میں نمایاں تبدیلیاں آئی ہیں۔ ایسے میں پرانے اعداد و شمار کی بنیاد پر ملک کے انتخابی نقشے میں تبدیلی کا فیصلہ کئی سوالات کو جنم دیتا ہے۔ حلقوں کی حدبندی محض انتخابی حلقوں کی سرحدیں بدلنے کا نام نہیں، بلکہ اس سے پارلیمنٹ میں ریاستوں کی نمائندگی اور سیاسی طاقت کا توازن بھی متاثر ہوتا ہے۔ اس معاملے کا سب سے حساس پہلو شمالی اور جنوبی ہندوستان کے درمیان سیاسی توازن ہے۔ جنوبی ریاستوں نے آبادی پر قابو پانے اور خاندانی منصوبہ بندی میں نسبتاً بہتر کارکردگی دکھائی ہے۔ اگر پارلیمانی نشستوں کی تقسیم محض آبادی کے اضافے کی بنیاد پر کی گئی تو ان ریاستوں کو خدشہ ہے کہ ان کی سیاسی نمائندگی کمزور ہو سکتی ہے، جبکہ زیادہ آبادی والی شمالی ریاستوں کا اثر و رسوخ بڑھ جائے گا۔ کیا آبادی پر قابو پانے میں کامیابی حاصل کرنے والی ریاستوں کو اس کی سیاسی قیمت ادا کرنی چاہیے؟ یہ سوال حکومت کو سنجیدگی سے حل کرنا ہوگا۔
اسی دوران حکومت نے خواتین کے لیے 33 فیصد ریزرویشن کا معاملہ بھی دوبارہ اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ستمبر 2023 میں” ناری شکتی وندن ادھینیم “کے ذریعے پارلیمنٹ اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کے لیے ایک تہائی نشستیں مختص کرنے کا قانون منظور ہوا تھا، لیکن اس کے نفاذ کو آئندہ مردم شماری اور حدبندی سے مشروط کر دیا گیا۔ نتیجہ یہ ہے کہ قانون بننے کے باوجود خواتین کو عملی طور پر اس کا فائدہ نہیں مل سکا۔اب حکومت ایک بار پھر پارلیمنٹ میں آئینی ترمیمی پیکیج لانے کی تیاری کر رہی ہے۔ اس میں لوک سبھا کی نشستوں میں 50 فیصد اضافے اور خواتین کے ریزرویشن کو جلد نافذ کرنے کی تجاویز شامل ہیں۔ حکومت اسے خواتین کو سیاسی نمائندگی دینے کی ایک بڑی پیش رفت قرار دے رہی ہے، لیکن سوال یہ ہے کہ خواتین کے ریزرویشن کو حدبندی کے ساتھ مشروط کرنے کی ضرورت ہی کیا ہے؟ خواتین کے سیاسی حقوق ایک مستقل آئینی اور سماجی مسئلہ ہیں۔ انہیں کسی دوسرے متنازعہ معاملے کے ساتھ جوڑ کر مزید تاخیر کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔ اپوزیشن نے 2023 میں بھی خواتین کے ریزرویشن کی اصولی حمایت کی تھی۔ اس کا اعتراض قانون کے نفاذ کو مردم شماری اور حدبندی سے مشروط کرنے پر رہا ہے۔ لہٰذا حکومت کو یہ واضح کرنا چاہیے کہ اگر وہ واقعی خواتین کو سیاسی اختیار دینا چاہتی ہے تو اس کے لیے فوری اور قابل عمل راستہ کیوں اختیار نہیں کیا جا رہا؟ یہاں حکومت کی سیاسی حکمت عملی پر سوال اٹھنا بھی فطری ہے۔ خواتین کا ریزرویشن ایک ایسا معاملہ ہے جس کی مخالفت کرنا کسی بھی سیاسی جماعت کے لیے آسان نہیں۔ اگر اسے حدبندی کے متنازعہ عمل کے ساتھ جوڑ دیا جائے تو اپوزیشن کے لیے حکومت کی تجویز پر اعتراض کرنا سیاسی طور پر مشکل ہو سکتا ہے۔ لیکن جمہوریت میں کسی جائز مطالبے کو دوسرے متنازعہ فیصلے کی ڈھال نہیں بنایا جانا چاہیے۔ یہ بھی یاد رکھنا ہوگا کہ پارلیمنٹ میں نشستوں کا اضافہ بذات خود جمہوریت کی مضبوطی کی ضمانت نہیں۔ اصل اہمیت اس بات کی ہے کہ ہر ریاست کو منصفانہ نمائندگی ملے، وفاقی ڈھانچے کا توازن برقرار رہے اور ہر شہری کے ووٹ کی قدر محفوظ ہو۔ ہندوستان محض آبادی کا مجموعہ نہیں بلکہ مختلف زبانوں، ثقافتوں اور علاقائی شناختوں کا وفاق ہے۔ اس لیے حدبندی کا کوئی بھی فیصلہ ان تمام پہلوؤں کو سامنے رکھ کر کیا جانا چاہیے۔ حکومت کو چاہیے کہ مجوزہ آئینی ترمیم کا مکمل مسودہ عوام اور سیاسی جماعتوں کے سامنے رکھے، نشستوں کی تقسیم کا طریقۂ کار واضح کرے اور جنوبی ریاستوں سمیت تمام اکائیوں کے خدشات دور کرے۔ اپوزیشن کو بھی محض مخالفت کے بجائے ایک واضح متبادل پیش کرنا چاہیے تاکہ خواتین کے ریزرویشن کا معاملہ مزید تعطل کا شکار نہ ہو۔حقیقت یہ ہے کہ مردم شماری، حدبندی اور خواتین کا ریزرویشن تین الگ قومی مسائل ہیں۔ انہیں ایک دوسرے کا یرغمال بنانے کے بجائے آئینی اصولوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔ خواتین کو ان کا حق ملنا چاہیے، ریاستوں کے سیاسی حقوق محفوظ رہنے چاہئیں اور انتخابی نظام پر عوام کا اعتماد برقرار رہنا چاہیے۔
آخرکار سوال یہ نہیں کہ لوک سبھا میں کتنی نشستیں بڑھیں گی، بلکہ یہ ہے کہ ہندوستان کی جمہوریت کا نیا نقشہ کس بنیاد پر تیار ہوگا؟ آئین، شفافیت اور وفاقی انصاف کی بنیاد پر یا اقتدار کی سیاسی ضرورتوں کے مطابق؟ اس فیصلے کا اثر صرف آنے والے انتخابات پر نہیں پڑے گا بلکہ آنے والی نسلوں کی سیاسی نمائندگی بھی اسی سے طے ہوگی۔ اس لیے ملک کو سیاسی عجلت نہیں، آئینی بصیرت اور قومی اتفاق رائے کی ضرورت ہے۔