اداریہ ؍مضامین

جہاد: سیاق و سباق، اخلاقیات اور ذمہ داری

ڈاکٹر ریحان اختر قاسمی

Email:[email protected]

اسلامی اصطلاحات میں شاید ہی کوئی لفظ ایسا ہو جسے “جہاد” جتنا غلط سمجھا اور غلط استعمال کیا گیا ہو۔ ایک طرف وہ عناصر ہیں جو چند آیات کو سیاق سے کاٹ کر معصوم انسانوں کے خون کو جائز ٹھہرانے کی کوشش کرتے ہیں۔ دوسری طرف وہ لوگ ہیں جو اسی لفظ کو سن کر خوف اور بدگمانی کا شکار ہو جاتے ہیں۔ دونوں رویّے ناواقفیت پر مبنی ہیں۔ ضروری ہے کہ اس موضوع پر قرآن، سنت اور اسلامی علمی روایت کی روشنی میں سنجیدہ، متوازن اور دیانت دارانہ گفتگو کی جائے۔ اسی مقصد کے تحت یہ سطور پیشِ خدمت ہیں۔
جہاد کا وسیع مفہوم: لغت میں جہاد کا مادہ “جَہد” ہے، جس کے معنی کوشش اور مشقت کے ہیں۔ یعنی کسی نیک مقصد کے لیے اپنی پوری قوت لگا دینا۔ جنگ کے لیے قرآن نے ایک الگ لفظ “قتال” رکھا ہے، اور دونوں کو ایک سمجھ لینا ہی بیشتر غلط فہمیوں کا سبب بناہے۔ اس کا ایک روشن ثبوت یہ ہے کہ جہاد کا لفظ مکی سورتوں میں بھی آیا ہے، جب مسلمانوں کو ہاتھ اٹھانے کی اجازت تک نہ تھی۔ سورۃ الفرقان میں قرآن کے ذریعے دلیل سے حق پہنچانے کو “جہادِ کبیر” کہا گیا (الفرقان: 52)، اور سورۃ العنکبوت میں وعدہ ہے کہ جو ہماری راہ میں کوشش کرتے ہیں انھیں ہم اپنے راستے دکھاتے ہیں۔ (العنکبوت: 69)۔سنتِ نبویؐ میں بھی یہی وسعت جھلکتی ہے۔ ایک صحابی جہاد میں شرکت کی اجازت لینے آئے تو آپ ﷺ نے پوچھا کہ والدین زندہ ہیں؟ جواب اثبات میں ملا تو فرمایا: “انھی میں جہاد کرو” (بخاری و مسلم)۔ ایک اور موقع پر ظالم حکمران کے سامنے کلمۂ حق کہنے کو افضل جہاد قرار دیا گیا (ابو داؤد، ترمذی)۔ یوں خدمتِ والدین، صداقت اور ناانصافی کے خلاف آواز، سب اسی ایک لفظ کے دائرے میں آ جاتے ہیں۔
روحانی جدوجہد اور اخلاقی ذمہ داری:اگر جہاد کا مطلب کوشش ہے تو سب سے پہلا اور مشکل میدان انسان کا اپنا وجود ہے۔ نبی کریم ﷺ کا ارشاد ہے کہ مجاہد وہ ہے جو اللہ کی اطاعت میں اپنے نفس سے جہاد کرے (ترمذی)۔ یہاں ایک علمی احتیاط لازم ہے۔ ہمارے منبروں پر اکثر یہ جملہ دہرایا جاتا ہے کہ “ہم چھوٹے جہاد سے بڑے جہاد کی طرف لوٹے ہیں”، مگر محدثین کے نزدیک اس کی سند ضعیف ہے اور اسے حدیثِ رسول کے طور پر پیش کرنا درست نہیں۔ نفس کے خلاف جہاد کا مضمون ہمیں مذکورہ صحیح حدیث اور آیات سے مل جاتا ہے، اس لیے اسے کمزور روایت کے سہارے کی ضرورت نہیں۔نفس کی اصلاح ایک ذاتی معاملہ دکھائی دیتی ہے، مگر اس کے اثرات پورے معاشرے تک پہنچتے ہیں یعنی جس نے اپنے غصے پر قابو پا لیا، وہ بازار اور سڑک پر کسی کے لیے خطرہ نہیں بنتا۔ جس نے لالچ سے لڑنا سیکھ لیا، وہ رشوت اور ملاوٹ سے بچ گیا، اور جس نے تکبر کو مار دیا، وہ دوسری برادری یا دوسرے مذہب کے انسان کو حقارت سے نہیں دیکھتا۔ فرد کی یہی اصلاح معاشرے کی اصلاح کی کنجی ہے۔
علم، ٹیکنالوجی اور ہندوستان:یہی جدوجہد آج کے دور میں نئی صورتوں میں ہمارے سامنے آتی ہے۔ رات گئے تک تحقیق میں مصروف طالب علم، دیانت سے پڑھانے والا استاد، غریب مریض کا مفت علاج کرنے والا ڈاکٹر اور اپنی صلاحیت کو سماج کی خدمت میں لگانے والا نوجوان، سب جہاد کی روح کے عملی نمونے ہیں۔ ٹیکنالوجی نے ہر ہاتھ میں اشاعت کی طاقت تو دے دی، مگر ساتھ ہی افواہ، بہتان اور نفرت پھیلانا بھی آسان کر دیا۔ قرآن نے اسی خطرے سے پہلے ہی خبردار کر دیا تھا کہ کوئی فاسق خبر لائے تو تحقیق کر لو، کہیں نادانی میں کسی قوم کو نقصان نہ پہنچا بیٹھو۔ (الحجرات: 6)۔ آج بغیر تصدیق کوئی خبر آگے نہ بڑھانا اور اشتعال انگیزی کے جواب میں ضبط سے کام لینا نفس کے خلاف جہاد کی جدید شکلیں ہیں۔ہندوستان جیسے کثیر مذہبی اور کثیر لسانی ملک میں، جہاں مسلمان صدیوں سے اپنے ہم وطنوں کے ساتھ محبت کے ساتھ رہتےآئے ہیں،جہاد کا حقیقی میدان جہالت، غربت، بے روزگاری، منشیات، جہیز اور سماجی ناانصافی کے خلاف کھڑا ہونا ہے۔ ایسے اسکول قائم کرنا جہاں ہر مذہب کا بچہ پڑھ سکے، بیواؤں اور یتیموں کا سہارا بننا، پڑوسی کے کام آنا خواہ اس کا تعلق کسی بھی مذہب سے ہو، آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر پرامن طریقے سے اپنے حق کے لیے آواز اٹھانا، یہی ہمارا جہاد ہے۔ سورۃ الممتحنہ کی آیت نمبر 8 اس طرزِ عمل کی واضح رہنمائی کرتی ہے کہ جنھوں نے دین کے معاملے میں تم سے جنگ نہیں کی، ان کے ساتھ نیکی اور انصاف سے پیش آنے سے اللہ نہیں روکتا۔
آیاتِ قتال کا سیاق و سباق:اب سوال یہ ہے کہ قتال سے متعلق آیات کو کیسے سمجھا جائے؟ جواب یہ ہے کہ قرآن کا کوئی حکم اپنے تاریخی پس منظر اور شانِ نزول سے جدا کر کے نہیں سمجھا جا سکتا۔ مکہ کے تیرہ برسوں میں ظلم کی انتہا ہوتی رہی اور مسلمانوں کو صبر کا حکم ملا۔ ہجرت کے بعد جب جنگ کا حکم ہوا تو پہلی بار دفاع کی اجازت اس شرط کے ساتھ ملی کہ “جن سے جنگ کی جا رہی ہے انھیں اجازت ہے، کیونکہ ان پر ظلم ہوا” (الحج: 39)۔ اگلی آیت میں اس اجازت کی حکمت بھی واضح کردی گئی کہ اگر اللہ لوگوں کو ایک دوسرے کے ذریعے نہ روکتا تو خانقاہیں، گرجے، کلیسا اور مسجدیں ڈھادی جاتیں۔ گویا جنگ کی اجازت کا مقصد ہی مظلوموں اور تمام مذاہب کی عبادت گاہوں کی حفاظت تھا۔سورۃ البقرہ کا حکم بھی اسی دائرے میں ہے: “ان سے لڑو جو تم سے لڑتے ہیں اور زیادتی نہ کرو” (البقرہ: 190)۔ یعنی ہدف صرف لڑنے والے ہیں، عام شہری نہیں، اور حد سے بڑھنا ممنوع ہے۔ نبی کریم ﷺ نے عورتوں اور بچوں کے قتل سے منع فرمایا (بخاری و مسلم)، اور حضرت ابوبکر صدیقؓ نے لشکر کو رخصت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ بوڑھوں، عورتوں اور بچوں کو قتل نہ کرنا، پھل دار درخت نہ کاٹنا، آبادیاں برباد نہ کرنا اور عبادت گزاروں کو ان کے حال پر چھوڑ دینا۔(موطا امام مالک) جس معاہد کو ناحق قتل کیا جائے، اس کے قاتل کے بارے میں فرمایا کہ وہ جنت کی خوشبو بھی نہ پائے گا۔ (بخاری) جب جنگ کے عین میدان میں بھی ایسی پابندیاں تھیں تو آج کسی بازار، ریل گاڑی، اسکول یا عبادت گاہ پر حملے کو جہاد کہنا صریح ناانصافی ہے۔ قرآن کا اصول عالمگیر ہے کہ جس نے ایک انسان کو ناحق قتل کیا گویا اس نے پوری انسانیت کو قتل کیا (المائدہ: 32)۔
نسخ کا قاعدہ اور آیتِ سیف:یہاں وہ دعویٰ بھی زیرِ بحث آتا ہے جو انتہا پسند حلقے بار بار دہراتے ہیں کہ سورۃ التوبہ کی ’’آیتِ سیف‘‘(التوبہ: 5) نے امن اور درگزر کی تمام آیات کو منسوخ کر دیا ہے۔ نسخ اصولِ تفسیر کا ایک باقاعدہ مبحث ضرور ہے، مگر اس میں علماء کا اختلاف بہت پرانا ہے۔ متقدمین “نسخ” کا لفظ تخصیص اور تقیید پر بھی بول دیتے تھے، اسی لیے بعض کے ہاں منسوخ آیات سینکڑوں تک جا پہنچیں۔ متاخرین نے اس تعداد کو بہت گھٹایا، اور شاہ ولی اللہ دہلویؒ نے “الفوز الکبیر” میں انھیں صرف پانچ تک محدود کر دیا، جن پر بھی اہلِ علم نے کلام کیا ہے۔ جس قاعدے کی حدود پر خود اہلِ فن متفق نہ ہوں، اسے شہریوں پر تشدد کی دلیل بنانا کیسے درست ہو سکتا ہے؟پھر آیتِ سیف کا اپنا سیاق بھی ہے۔ اس کے مخاطب وہ مشرکین عرب تھے جنھوں نے معاہدے توڑ دیے تھے۔ اسی سورت کی چوتھی آیت میں معاہدے پر قائم رہنے والوں کو صاف مستثنیٰ کیا گیا، اور چھٹی آیت میں حکم ہے کہ کوئی پناہ مانگے تو اسے پناہ دو اور امن کی جگہ پہنچاؤ۔ دوسری طرف “دین میں کوئی جبر نہیں” (البقرہ: 256) اور اگر وہ صلح کی طرف جھکیں تو تم بھی جھک جاؤ” (الانفال: 61) جیسے اصول اپنی جگہ قائم ہیں۔ ان کے مقابل ایسا قطعی نسخ ثابت نہیں جو ہر زمانے کے ہر غیر مسلم پر حملے کو روا ٹھہرائے۔

الحاصل! جہاد کا اصل مفہوم نیکی کی راہ میں جدوجہد ہے: نفس کی اصلاح، علم کی طلب، حق گوئی، مظلوم کی دستگیری، سماج کی خدمت، اور ناگزیر ہو تو منظم اور اخلاقی حدود کے اندر دفاع۔ جو عمل بے گناہوں کا خون بہائے اور خوف پھیلائے وہ جہاد نہیں، فساد ہے، جسے قرآن نے سنگین جرم قرار دیا ہے۔ ہندوستان کے مسلمانوں کے لیے آج کا بہترین جہاد یہ ہے کہ وہ علم میں آگے بڑھے، اخلاق میں مثال بنے، اپنے ہم وطنوں کی خدمت کرے اور امن و انصاف کا علمبردار ہو۔ یہی اس نبیؐ آخر الزماں کی سچی پیروی ہے جسے اللہ نے تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا۔