اداریہ ؍مضامین

مودی کی امریکی سا ٹھ گانٹھ: دوستی یا مہنگی لابنگ؟

دیکھتے دیکھتے ہماری سیاست اتنی بدل گئی کہ اب ہماری حکومت کو اپنے حکمرانوں کی عالمی شبیہ بنانے کے لئے ایسی غیرملکی کمپنیوں کو ٹھیکہ دینا پڑتا ہے کہ وہ دنیا کے بڑے بڑے لیڈروں سے اپنے وزیر اعظم کے حق میں ایسے بیان دلوائیں جس بیان کو ملک کے بھولے بھالے عوام کے سامنے پیش کر کے یہ کہا جا سکے کہ ملک کی اپوزیشن حاسد ہے اور وہ اپنے وزیر اعظم کو ناکام وزیر اعظم قرار دیتی ہے جبکہ دنیا کا سوپر پاور تک ان کی شان میں قصیدہ پڑھتا ہے۔مثال کے طور پر امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ وزیر اعظم نریندر مودی کی دوستی کو ہمیشہ ہندوستان کی سفارتی کامیابی اور عالمی سطح پر مودی کی مقبولیت کے ثبوت کے طور پر پیش کیا جاتا رہا ہے۔ لیکن انڈین ایکسپریس کی ایک تحقیق نے اس دوستی کے پس پردہ ایک ایسے انتظام کا انکشاف کیا ہے جس نے کئی اہم سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ ہندوستانی سفارت خانے نے امریکہ میں بااثر سیاسی حلقوں تک رسائی حاصل کرنے کے لیے دو لابنگ کمپنیوں کی خدمات حاصل کر رکھی تھیں، جنہیں ماہانہ مجموعی طور پر دو لاکھ پچیس ہزار ڈالر، یعنی تقریباً دو کروڑ دس لاکھ روپے ادا کیے جا رہے تھے۔ ان میں ایک کمپنی مرکری پبلک افیئرز کو ماہانہ 75 ہزار ڈالر دیے جا رہے تھے، جبکہ دوسری کمپنی SHW Partners، جس کی قیادت ٹرمپ کے قریبی ساتھی جیسن ملر کرتے ہیں، کو ڈیڑھ لاکھ ڈالر ماہانہ ادا کیے جا رہے تھے۔ رپورٹ کے مطابق جیسن ملر کی کمپنی نے ہندوستانی حکومت اور امریکی انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروں کے درمیان آٹھ فون کالز کا انتظام کیا۔ ان رابطوں میں امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ، نائب قومی سلامتی مشیر اور تجارتی نمائندے جیسے اہم عہدیدار شامل تھے۔
اس انکشاف کا سب سے دلچسپ پہلو یہ ہے کہ مرکری پبلک افیئرز نے ٹرمپ کی اس سوشل میڈیا پوسٹ کو بھی اپنی سرکاری فائلنگ میں اپنے کاموں کے طور پر درج کیا جس میں انہوں نے مودی کو ہندوستان کا طویل ترین عرصے تک خدمات انجام دینے والا وزیر اعظم بننے پر مبارک باد دی تھی۔ یعنی جس مبارک باد کو مودی کی عالمی مقبولیت اور ٹرمپ سے ان کی غیر معمولی قربت کی علامت بنا کر پیش کیا گیا، اس کی تشہیر بھی ایک امریکی لابنگ کمپنی کی سرگرمیوں کا حصہ تھی۔ البتہ اس سے یہ نتیجہ نکالنا درست نہیں ہوگا کہ مبارک باد خریدی گئی تھی۔
حکومت نے وضاحت دی ہے کہ امریکہ میں ہندوستانی سفارت خانہ 1948 سے لابنگ کمپنیوں کی خدمات حاصل کرتا رہا ہے اور یہ معمول کی سفارتی سرگرمی ہے۔ بات درست ہو سکتی ہے، لیکن سوال یہ ہے کہ اس معمول کی سرگرمی پر عوام کے ٹیکس سے ہر ماہ کروڑوں روپے خرچ کرنے کا جواز کیا ہے؟ ان کمپنیوں کی خدمات سے ہندوستان کو کیا ٹھوس سفارتی یا تجارتی فائدہ حاصل ہوا؟
یہاں ایک دلچسپ تضاد بھی سامنے آتا ہے۔ حکومت کے ناقدین اور اپوزیشن کے احتجاج میں غیر ملکی ہاتھ تلاش کرنے میں دیر نہیں لگائی جاتی، لیکن جب اپنی حکومت امریکی اقتدار کے ایوانوں تک رسائی کے لیے ٹرمپ کے قریبی لوگوں کی کمپنیوں کو بھاری رقم ادا کرتی ہے تو اسے معمول کی سفارت کاری قرار دیا جاتا ہے۔ آخر یہ دوہرا معیار کیوں؟
امریکہ سے بہتر تعلقات قائم کرنا اور اپنے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے لابنگ کرنا کسی بھی حکومت کا حق ہے، لیکن سفارت کاری اور شخصی تشہیر میں فرق ہونا چاہیے۔ ملک کی عالمی حیثیت کسی وزیر اعظم کی ذاتی مقبولیت سے بڑی ہوتی ہے۔ اگر مودی اور ٹرمپ کی دوستی اتنی ہی مضبوط اور غیر معمولی ہے تو پھر اس دوستی کو برقرار رکھنے اور امریکی اقتدار کے حلقوں تک رسائی حاصل کرنے کے لیے کروڑوں روپے ماہانہ خرچ کرنے کی ضرورت کیوں پیش آ رہی ہے؟ اصل سوال ٹرمپ سے دوستی کا نہیں، اس دوستی کی قیمت کا ہے۔ حکومت کو بتانا چاہیے کہ عوام کے پیسے سے خریدی گئی اس امریکی رسائی کے نتیجے میں ہندوستان نے کیا حاصل کیا؟ عالمی طاقت ہونے کا دعویٰ کرنے والے ملک کی سفارت کاری اگر بااثر امریکی کمپنیوں کی محتاج نظر آنے لگے تو اس پر سوال اٹھنا فطری ہے۔
ہندوستان کی عزت و وقار کسی امریکی لابنگ کمپنی کی مرہون منت نہیں ہونا چاہیے۔