خواتین ریزرویشن، حد بندی بل :حکومت کی منشاءاور چیلنج
8527796305
ملک میں اس وقت خواتین کو سیاسی نمائندگی دینے کا وعدہ، انتخابی حلقوں کی نئی حد بندی اور پارلیمنٹ میں ریاستوں کی نمائندگی کا سوال ایک دوسرے سے الجھا ہوا ہے۔ بظاہر یہ تین الگ موضوعات ہیں، لیکن ان کے درمیان گہرا آئینی، سیاسی اور وفاقی تعلق ہے۔ حکومت اسے خواتین کو بااختیار بنانے اور جمہوریت میں عوامی نمائندگی بڑھانے کی کوشش قرار دے رہی ہے، جب کہ اپوزیشن کو اندیشہ ہے کہ خواتین کے ریزرویشن کی آڑ میں ملک کے سیاسی نقشے اور اقتدار کے توازن کو تبدیل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
پارلیمنٹ کے اجلاس کو غیر معمولی طور پر طویل عرصے تک جاری رکھنے، حد بندی کے مجوزہ بل کے لیے دو تہائی اکثریت حاصل کرنے کی کوششوں اور اپوزیشن کے چار بنیادی مطالبات نے اس سیاسی کشمکش کو مزید نمایاں کر دیا ہے۔ اصل سوال یہ ہے کہ حکومت حد بندی کے عمل کو اتنی جلدی کیوں مکمل کرنا چاہتی ہے؟ خواتین کے ریزرویشن کو اس سے جوڑنے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟ اور اگر حد بندی آئینی تقاضا ہے تو گزشتہ حکومتوں نے اسے مؤخر کیوں رکھا؟
حد بندی (Delimitation) سے مراد پارلیمنٹ اور ریاستی اسمبلیوں کے انتخابی حلقوں کی جغرافیائی حدود اور ان میں ووٹروں کی تعداد کا تعین کرنا ہے۔ اس کا بنیادی مقصد آبادی کے تناسب سے نمائندگی کو یقینی بنانا ہے، تاکہ ہر شہری کے ووٹ کی اہمیت یکساں رہے۔ آئین کی دفعہ 82 پارلیمانی حلقوں اور ریاستوں کے درمیان نشستوں کی تقسیم پر نظرثانی، جب کہ دفعہ 170 ریاستی اسمبلیوں کے حلقوں کی تشکیل سے متعلق ہے۔ اس مقصد کے لیے پارلیمنٹ قانون بناتی ہے اور حد بندی کمیشن قائم کیا جاتا ہے۔
آزادی کے بعد ہندوستان میں اب تک چار حد بندی کمیشن قائم ہو چکے ہیں۔ پہلا 1952ء، دوسرا 1963ء، تیسرا 1973ء اور چوتھا 2002ء میں تشکیل دیا گیا۔ آخری حد بندی 2001ء کی مردم شماری کی بنیاد پر ہوئی اور اس کے احکامات 2008ء میں نافذ ہوئے۔ تاہم اس عمل میں لوک سبھا کی ریاست وار نشستوں کی مجموعی تعداد میں تبدیلی نہیں کی گئی۔
حد بندی کے موجودہ تنازعے کو سمجھنے کے لیے 1976ء کی 42ویں آئینی ترمیم کا پس منظر اہم ہے۔ آزادی کے بعد آبادی میں تیزی سے اضافے کے باعث یہ اندیشہ پیدا ہوا کہ ہر مردم شماری کے بعد نشستوں کی تقسیم تبدیل ہونے سے سیاسی نمائندگی کا توازن مسلسل متاثر ہوگا۔ بالخصوص ان ریاستوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ تھا جنہوں نے خاندانی منصوبہ بندی اور آبادی پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے تھے۔ چنانچہ اندرا گاندھی حکومت نے 42ویں آئینی ترمیم کے ذریعے لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں میں ریاستوں کی نشستوں کی تعداد کو 1971ء کی مردم شماری کی بنیاد پر منجمد کر دیا۔ اس کا مقصد ریاستوں کو آبادی کے استحکام کی ترغیب دینا تھا۔
بعد ازاں اٹل بہاری واجپئی حکومت نے 2001ء کی 84ویں آئینی ترمیم کے ذریعے اس پابندی کو 2026ء کے بعد ہونے والی پہلی مردم شماری کے متعلقہ اعداد و شمار کی اشاعت تک بڑھا دیا۔ 87ویں آئینی ترمیم (2003ء) کے ذریعے 2001ء کی مردم شماری کی بنیاد پر حلقوں کی اندرونی حد بندی کی اجازت دی گئی، لیکن ریاستوں کے درمیان لوک سبھا کی نشستوں کی تقسیم تبدیل کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
اس طرح حد بندی کا موجودہ مسئلہ کسی ایک حکومت کا پیدا کردہ نہیں بلکہ کئی دہائیوں پر محیط آئینی اور سیاسی فیصلوں کا نتیجہ ہے۔ اس کے پیچھے بنیادی تشویش ہندوستان کے وفاقی نظام اور ریاستوں کے درمیان سیاسی توازن کو برقرار رکھنے کی رہی ہے۔ جنوبی ہندوستان کی کئی ریاستوں نے تعلیم، صحت اور خاندانی منصوبہ بندی کے میدان میں بہتر کارکردگی دکھائی، جس کے نتیجے میں وہاں آبادی میں اضافے کی رفتار کم رہی۔ اس کے برعکس اتر پردیش، بہار اور بعض شمالی ریاستوں میں آبادی نسبتاً تیزی سے بڑھی۔ اگر نشستوں کی تقسیم محض آبادی کے تناسب سے کی گئی تو زیادہ آبادی والی ریاستوں کی پارلیمانی طاقت میں اضافہ ہوگا، جب کہ آبادی کو قابو میں رکھنے والی ریاستوں کا قومی سیاست میں نسبتی اثر کم ہو سکتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ مختلف ادوار کی حکومتوں نے اس معاملے میں احتیاط سے کام لیا۔
دوسری طرف خواتین کو سیاسی نمائندگی دینے کا مطالبہ بھی کئی دہائیوں سے زیر بحث رہا ہے۔ 1996ء میں خواتین کے لیے ایک تہائی نشستیں مخصوص کرنے کا بل پہلی مرتبہ پارلیمنٹ میں پیش ہوا، لیکن سیاسی اختلافات کے باعث منظور نہ ہو سکا۔ 2010ء میں راجیہ سبھا نے یہ بل منظور کیا، تاہم لوک سبھا کی منظوری نہ ملنے کے سبب وہ قانون کی شکل اختیار نہیں کر سکا۔
ستمبر 2023ء میں نریندر مودی حکومت نے ناری شکتی وندن ادھینیم منظور کرا کے خواتین کے لیے لوک سبھا، ریاستی اسمبلیوں اور دہلی اسمبلی میں ایک تہائی نشستیں مخصوص کرنے کی آئینی گنجائش فراہم کی۔ یہ ایک اہم پیش رفت تھی، لیکن اس قانون کا نفاذ آئندہ مردم شماری اور اس کے بعد ہونے والی حد بندی سے مشروط کر دیا گیا۔ نتیجتاً قانون منظور ہونے کے باوجود خواتین کو فوری طور پر ریزرویشن کا فائدہ نہیں مل سکا۔
حکومت اب چاہتی ہے کہ حد بندی اور خواتین کے ریزرویشن کے عمل کو ساتھ آگے بڑھایا جائے تاکہ 2029ء کے عام انتخابات سے پہلے خواتین کے لیے مخصوص نشستوں کا انتظام نافذ ہو سکے۔ اس کے لیے لوک سبھا کی موجودہ 543 نشستوں کو بڑھا کر تقریباً 850 کرنے اور ان میں ایک تہائی، یعنی تقریباً 283 نشستیں خواتین کے لیے مخصوص کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ اس منصوبے میں مردم شماری کی بنیاد پر ریاستوں کے درمیان نشستوں کی نئی تقسیم اور انتخابی حلقوں کی حد بندی بھی شامل ہے۔ تاہم حکومت کے اس فارمولے پر کئی آئینی اور سیاسی سوالات اٹھ رہے ہیں۔
اپوزیشن کا بنیادی اعتراض یہ ہے کہ خواتین کو ریزرویشن دینے کے لیے نئی حد بندی کو لازمی شرط بنانا ضروری نہیں۔ اس کے مطابق موجودہ 543 نشستوں میں سے 182 نشستیں خواتین کے لیے مخصوص کرکے 2023ء کے قانون کو نافذ کیا جا سکتا ہے۔ کانگریس کی قیادت میں اپوزیشن نے اس سلسلے میں چار اہم مطالبات پیش کیے ہیں: لوک سبھا کی مجموعی نشستیں 543 برقرار رکھی جائیں، ہر ریاست کی موجودہ نشستوں کی تعداد میں تبدیلی نہ ہو، خواتین کے ریزرویشن کا فوری نفاذ کیا جائے اور اس انتظام کو آئینی ترمیم کے ذریعے آئندہ 25 برسوں کے لیے منجمد کر دیا جائے۔ ڈی ایم کے اور عام آدمی پارٹی سمیت بعض دیگر جماعتیں بھی ان مطالبات کی حمایت کر رہی ہیں۔
اپوزیشن کو سب سے بڑا خدشہ یہ ہے کہ نئی حد بندی سے شمالی ہندکی سیاسی طاقت میں اضافہ اور جنوبی ریاستوں کی نمائندگی کم ہو سکتی ہے۔ تمل ناڈو، کیرالہ، کرناٹک، آندھرا پردیش اور تلنگانہ جیسی ریاستوں کا موقف ہے کہ آبادی پر قابو پانے میں کامیابی کو سیاسی نقصان کی وجہ نہیں بننا چاہیے۔ یہ محض نشستوں کی تعداد کا مسئلہ نہیں بلکہ وفاقی مساوات اور ریاستوں کے درمیان اعتماد کا سوال ہے۔اس کے علاوہ حد بندی کے عمل میں سیاسی جانبداری کا بھی اندیشہ ہے۔ انتخابی حلقوں کی نئی تشکیل اگر غیر جانب دارانہ اور شفاف اصولوں کے تحت نہ ہو تو اس سے کسی خاص جماعت کو انتخابی فائدہ پہنچ سکتا ہے۔ سیاسی اصطلاح میں اسے جیری مینڈرنگ (Gerrymandering) کہا جاتا ہے۔ آسام اور جموں و کشمیر میں حد بندی کے طریقۂ کار پر اٹھنے والے اعتراضات نے اس خدشے کو مزید تقویت دی ہے۔
حکومت کے لیے اصل مشکل آئینی ترمیم منظور کرانے کے لیے مطلوبہ دو تہائی اکثریت حاصل کرنا ہے۔ اپریل 2026ء میں مجوزہ آئینی ترمیم منظور نہ کرا پانا اسی سیاسی دشواری کی علامت ہے۔ اگر حکومت اپوزیشن کے تمام مطالبات مان لیتی ہے تو نشستوں میں اضافے اور نئی تقسیم کا اس کا منصوبہ غیر مؤثر ہو جائے گا، جب کہ اپنے مجوزہ فارمولے پر اصرار کی صورت میں اسے وسیع سیاسی اتفاق رائے حاصل کرنا ہوگا۔ تمام ریاستوں کی نشستوں میں یکساں 50 فیصد اضافے کا متبادل بھی زیر بحث ہے، لیکن اس سے بھی وفاقی نمائندگی کے بنیادی سوالات خود بخود حل نہیں ہوتے۔
اس پورے تنازعے میں خواتین کی سیاسی نمائندگی کے اصل مقصد کو نظرانداز نہیں کیا جانا چاہیے۔ ہندوستان کی نصف آبادی خواتین پر مشتمل ہے، لیکن پارلیمنٹ اور بیشتر ریاستی اسمبلیوں میں ان کی نمائندگی اب بھی آبادی کے تناسب سے بہت کم ہے۔ پنچایتی راج اور شہری بلدیاتی اداروں میں خواتین کے لیے ریزرویشن نے نئی قیادت پیدا کرنے اور سیاسی شعور بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس تجربے سے ثابت ہوتا ہے کہ مناسب مواقع فراہم کیے جائیں تو خواتین فیصلہ سازی کے عمل میں مؤثر کردار ادا کر سکتی ہیں۔ لہٰذا خواتین کے ریزرویشن کو سیاسی کشمکش کا موضوع بنانے کے بجائے اس کے جلد اور مؤثر نفاذ کی راہ ہموار کی جانی چاہیے۔
حکومت کو چاہیے کہ وہ اس معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے، کل جماعتی اجلاس بلائے اور حد بندی کے اصولوں پر کھلی بحث کرائے۔ حد بندی کمیشن کو مکمل خود مختاری دی جائے اور اس کے طریقۂ کار کو شفاف بنایا جائے۔ ساتھ ہی جنوبی اور شمالی ریاستوں کے مفادات میں توازن قائم رکھنے کے لیے ایسا متفقہ فارمولہ اختیار کیا جائے جو کسی ریاست کو آبادی پر قابو پانے کی کامیابی کی سزا نہ دے۔
جمہوریت محض اکثریت کے بل پر فیصلے کرنے کا نام نہیں، بلکہ مختلف ریاستوں، طبقات اور اقلیتوں کے جائز مفادات کا احترام بھی اس کی بنیادی روح ہے۔ خواتین کو سیاسی نمائندگی دینا آئینی اور سماجی ذمہ داری ہے، جب کہ وفاقی نظام میں ریاستوں کے درمیان توازن برقرار رکھنا بھی اتنا ہی ضروری ہے۔ حکومت کے سامنے اصل چیلنج ان دونوں تقاضوں میں ہم آہنگی پیدا کرنا ہے۔ اگر حد بندی کو سیاسی فائدے کے بجائے قومی اتفاق رائے کی بنیاد پر آگے بڑھایا گیا تو یہ ہندوستانی جمہوریت کو مضبوط کرنے کا تاریخی موقع ثابت ہو سکتا ہے۔ بصورت دیگر خواتین کے بااختیار بنانے کے نام پر شروع ہونے والا عمل وفاقی اختلافات اور سیاسی عدم اعتماد کو مزید گہرا کر سکتا ہے۔
