سی آئی او نیشنل سائنس اولمپیاڈ 2026 کے شرکاء میں اسناد کی تقسیم
ابوالفضل انکلیو نارتھ یونٹ کے پانچ طلبہ نے دہلی اسٹیٹ سطح پر نمایاں پوزیشن حاصل کی
نئی دہلی،25نومبر،پریس ریلیز،ہمارا سماج: چلڈرن اسلامک آرگنائزیشن (CIO) کے زیرِ اہتمام منعقدہ نیشنل سائنس اولمپیاڈ 2026 کے شرکاء میں اسناد کی تقسیم کی پُروقار تقریب آج مدرسہ تعلیم القرآن، ابوالفضل انکلیو نارتھ یونٹ میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں مہمانِ خصوصی کے طور پر جناب سلیم اللہ خان صاحب (امیرِ حلقہ، جماعتِ اسلامی ہند دہلی) شریک ہوئے، جب کہ صدارتی و اختتامی کلمات جناب طیب احمد بیگ صاحب (امیرِ مقامی، جماعتِ اسلامی ہند ابوالفضل انکلیو نارتھ) نے پیش کیے۔واضح رہے کہ یہ اولمپیاڈ ابوالفضل انکلیو نارتھ یونٹ میں 11 اکتوبر کو ملی ماڈل اسکول میں کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا تھا، جس میں 43 طلبہ و طالبات نے رجسٹریشن کرایا تھا۔ اس اولمپیاڈ کے انعقاد کا بنیادی مقصد بچوں میں سائنس کے شعبے میں مہارت حاصل کرتے ہوئے بلند مقام تک پہنچنے کا جذبہ اور صلاحیت پیدا کرنا تھا۔ بعد ازاں 18 اکتوبر کو چراغ فیسٹیول کے موقع پر سائنس اولمپیاڈ کے ونرز کو انعامات سے نوازا گیا تھا۔ خوش آئند امر یہ ہے کہ دہلی اسٹیٹ سطح پر ابوالفضل انکلیو نارتھ یونٹ کے پانچ طلبہ نے پوزیشن حاصل کی اور تینوں جماعتوں کے الگ الگ ٹاپرز سامنے آئے۔ دہلی اسٹیٹ سطح پر ابو الفضل انکلیو نارتھ سے پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کی تفصیل درج ذیل ہے: جماعت ششم (Class 6th): تیسرا انعام (2,000) — عمر زمان اور مریم، جماعت ہفتم (Class 7th): تیسرا انعام (2,000) — عائزہ حفظ الرحمن، جماعت ہشتم (Class 8th): پہلا انعام (5,000) — زہرہ فاطمہ؛ اور دوسرا انعام (3,000) — عدیل احمد۔اس موقع پر مہمانِ خصوصی جناب سلیم اللہ خان صاحب (امیرِ حلقہ، جماعتِ اسلامی ہند دہلی) نے اپنے کلیدی خطاب میں طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں سائنس اور ریاضی کے شعبوں میں آگے بڑھنے کی رہنمائی فرمائی۔ انہوں نے قومی سطح پر دستیاب سرکاری سائنس لیبارٹریز کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے طلبہ کو ان سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی۔ ساتھ ہی انہوں نے طلبہ کو ترغیب و تحریک دلانے کے لیے عظیم سائنسداں و طبیب ابنِ سینا کا متاثر کن واقعہ بھی سنایا۔
تقریب کے اختتامی کلمات میں جناب طیب احمد بیگ صاحب (امیرِ مقامی، جماعتِ اسلامی ہند ابوالفضل انکلیو نارتھ) نے طلبہ کو موجودہ صورتحال سے روشناس کراتے ہوئے معاشرے میں ان کے کردار پر گفتگو کی۔ انہوں نے جنریشن زی (Gen Z) کا حوالہ دیتے ہوئے جنریشن الفاظ (Gen Alpha) کی سماج کے تئیں ذمہ داری اور کردار کی جانب توجہ مبذول کرائی۔ اس کے ساتھ ہی تقریب میں شریک والدات (Mothers) کو سیرتِ نبوی ﷺ کی روشنی میں اس جانب متوجہ کیا کہ نبی اکرم ﷺ کس طرح بچوں کی تربیت فرماتے تھے اور کس انداز میں صحابہ کرام (خصوصاً پانچ عبد اللہ حضرات) کی تربیت کی کہ انہوں نے اپنے اپنے شعبوں میں مہارت حاصل کی اور بلند مقام تک پہنچے۔آخر میں تمام شرکاء میں اسناد تقسیم کی گئیں اور بچوں کے روشن مستقبل و علمی ترقی کے لیے دعا کے ساتھ تقریب کا اختتام ہوا۔
