انجمن ترقی اردو بہار کی مجلس عاملہ، ڈویژنل آرگنائزرز اور ضلعی صدور و سکریٹریز کا اہم اجلاس 29 نومبر کو
پٹنہ : عبدالقیوم انصاری،سکریٹری،انجمن ترقی اردو بہار وسابق چیئرمین بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ نے پریس بیان جاری کر کہا ہے کہانجمن ترقی اردو بہار کے زیر اہتمام مورخہ 29 نومبر 2026، بروز اتوار، صبح 11 بجے انجمن کے کانفرنس ہال، اردو بھون، اشوک راج پتھ، پٹنہ میں مجلس عاملہ، ڈویژنل آرگنائزرز اور ضلعی شاخوں کے صدور و سکریٹریز کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوگا۔ اجلاس میں ریاست بہار میں اردو زبان و ادب کے فروغ، اردو کے عملی نفاذ، تعلیمی مسائل اور انجمن کی تنظیمی سرگرمیوں کو مزید مؤثر اور مستحکم بنانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔اجلاس کے ایجنڈے میں گزشتہ کارروائی کی توثیق کے علاوہ طلبہ وطالبات کو اردو زبان میں تعلیم حاصل کرنے کے تئیں بیداری پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ اس سلسلے میں انجمن کی تمام ضلعی اور بلاک سطح کی شاخوں کے عہدہ داران کو اردو اخبارات کی ترویج کے لیے عملی اقدامات کرنے کی ترغیب دی جائے گی۔اجلاس میں بہار کے 73 ہزار پرائمری و مڈل اسکولوں اور 80,500 سیکنڈری و انٹر اسکولوں میں اردو کے خالی عہدوں پر تقرری کے لیے حکومت بہار سے مطالبہ کرنے، 1637 مدارس کو گرانٹ کے زمرے میں شامل کرنے اور 1127 زمرے کے مدارس کے اساتذہ کو ای پی ایف اور سالانہ انکریمنٹ کی سہولت فراہم کرنے کے مطالبات پر غور کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ تمام سرکاری اسکولوں اور مدارس میں اردو سمیت دیگر درسی کتابوں کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی محکمۂ تعلیم سے رابطہ قائم کرنے کی حکمت عملی بھی زیر بحث آئے گی۔اردو مترجمین کے 210 اور نائب اردو مترجمین کے 1951 خالی عہدوں پر تقرری کے لیے متعلقہ کمیشن سے رابطہ قائم کرکے جلد از جلد تقرری کا عمل مکمل کرانے کی کوششوں پر بھی غور کیا جائے گا۔ اسی طرح مدرسہ بورڈ ایکٹ 2026 میں ترمیم اور ہندوستانی آئین کی دفعات 29 اور 30 کے تناظر میں مدارس کے معاملات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔اجلاس کا ایک اہم موضوع قانونِ اردو کا عملی نفاذ ہوگا۔ اس سلسلے میں ضلعی کمیٹیوں کے ذریعے ضلع مجسٹریٹ سے رابطہ قائم کرکے تمام سرکاری دفاتر کے نیم پلیٹ اور سائن بورڈ اردو میں تحریر کرانے کی کوشش کی جائے گی۔ عوام کو اردو میں درخواستیں دینے، دکانوں اور مکانوں کے نام اردو میں لکھنے اور شادی کارڈ میں اردو کو شامل کرنے کے لیے بیدار کرنے کی حکمت عملی بھی طے کی جائے گی۔اجلاس میں سال 2026-27 کے لیے انجمن ترقی اردو بہار کے پروگراموں کی تیاری، ضلع اور بلاک سطح پر تنظیمی شاخوں کو مستحکم کرنے اور اردو آبادی میں تعلیمی بیداری پیدا کرنے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔ ضلعی کمیٹیوں کے ذریعے طلبہ و طالبات کو اردو کے ساتھ دیگر زبانوں کی تعلیم حاصل کرنے کی ترغیب دینے اور اردو زبان سے ان کے رشتے کو مضبوط بنانے کے لیے عوامی رابطہ مہم چلانے کی تجویز بھی زیر غور آئے گی۔اس کے علاوہ انجمن کے ضلعی و بلاک سطح کے عہدہ داران اور اراکین کو اپنے گھروں پر انجمن کے نام کی نیم پلیٹ اور سائن بورڈ نصب کرنے کی ترغیب دینے پر بھی غور کیا جائے گا، تاکہ تنظیمی شناخت اور اردو زبان کے فروغ کا پیغام عام ہو۔انجمن ترقی اردو بہار کی جانب سے تمام مجلس عاملہ کے اراکین، ڈویژنل آرگنائزرز اور ضلعی شاخوں کے صدور و سکریٹریز سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس اہم اجلاس میں اپنی شرکت یقینی بنائیں اور اردو زبان و ادب کے فروغ، اردو کے عملی نفاذ اور تنظیمی استحکام کی اس اجتماعی جدوجہد میں اپنا بھرپور تعاون پیش کریں۔
