بہار نامہ

899 ریونیو عدالتوں میں ورچوئل طریقے سے مقدمات کی ہوگی سماعت: سمراٹ

ریونیو کورٹ مینجمنٹ سسٹم (RCMS) کے تحت ورچوئل سماعت کے نظام کا وزیر اعلیٰ نے افتتاح کیا

پٹنہ : وزیراعلیٰ سمراٹ چودھری نے آج لوک سیوک آواس واقع ’سنکلپ‘ آڈیٹوریم میں ریونیو کورٹ مینجمنٹ سسٹم (RCMS) کے تحت ورچوئل سماعت کے نظام کا افتتاح کیا۔اس نظام کے شروع ہونے سے اب عام شہریوں کو ریونیو عدالتوں میں ہونے والی سماعت کے لیے بار بار دفاتر اور ریونیو عدالتوں کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔ وہ ڈیجیٹل ذرائع سے اپنے مقدمات کی سماعت میں شامل ہو سکیں گے۔ اس سے ریونیو عدالتوں کی کارروائی مزید آسان، شفاف، وقت کی پابند اور مؤثر بنے گی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج ریونیو کورٹ مینجمنٹ سسٹم (RCMS) کے تحت ورچوئل سماعت کے نظام کے افتتاحی پروگرام میں آپ سب کا خیرمقدم کرتا ہوں۔ محکمہ ریونیو واصلاح اراضی کو بھی آج کے اس پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد دیتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ بہار کے لیے آج ایک تاریخی دن ہے۔  899 ریونیو عدالتوں میں ورچوئل طریقے سے مقدمات کی سماعت ہوگی۔ ریونیو کورٹ مینجمنٹ سسٹم کے تحت ورچوئل سماعت کا نظام شروع ہونے سے عام لوگوں کو بڑی سہولت ملے گی اور انہیں ریونیو عدالتوں میں جانے سے راحت حاصل ہوگی۔بہار میں ریونیو سے متعلق کروڑوں درخواستیں اور مقدمات زیر التوا رہتے ہیں۔ اس نئے نظام کے نافذ ہونے سے مقدمات کے نمٹارے میں تیزی آئے گی اور عدالتوں پر مقدمات کا بوجھ بھی کم ہوگا۔ یہ پہل حکومت کے سات عزائم-3 کے تحت ’سب کا احترام، زندگی آسان‘ کے ہدف کو حاصل کرنے کی سمت ایک اہم قدم ثابت ہوگی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ورچوئل سماعت کے نظام سے عام لوگوں کے وقت اور وسائل دونوں کی بچت ہوگی۔ انہیں سماعت کے لیے دور دراز علاقوں سے ریونیو عدالتوں تک آنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ اس سے خاص طور پر غریب اور کمزور طبقے کے لوگوں کو کافی راحت ملے گی اور انہیں آسانی سے انصاف مل سکے گا۔اس نظام کے ذریعے سماعت کی مکمل ریکارڈنگ اور ٹرانسکرپشن دستیاب رہے گی۔ اس سے عدالتی عمل میں شفافیت آئے گی اور سماعت کے معیار میں بہتری ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جاری کیے گئے احکامات کی جانچ(اسکرُوٹنی) کا نظام بھی یقینی بنایا جائے، تاکہ احکامات کے معیار اور افادیت کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
وزیراعلیٰ نے افسران کو ہدایت دی کہ ورچوئل سماعت کے اس نظام کے بارے میں عام لوگوں کو وسیع پیمانے پر معلومات فراہم کی جائیں، تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے احکامات کے معیار کی باقاعدہ جانچ کے لیے ایک خصوصی سیل تشکیل دینے کی بھی ہدایت دی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ سماعت سے متعلق اطلاع ایس ایم ایس کے ذریعے بھیجنے کے ساتھ ساتھ اضافی متبادل انتظامات بھی یقینی بنائے جائیں۔ اس کے لیے کال سینٹر کے ذریعے بھی متعلقہ فریقین کو اطلاع فراہم کرنے کا انتظام کیا جائے، تاکہ کسی بھی شخص کو سماعت کی تاریخ اور وقت کی معلومات حاصل کرنے میں دشواری نہ ہو۔یہ پہل ڈیجیٹل بہار کی تعمیر اور جدید، جواب دہ اور شفاف ریونیو نظام قائم کرنے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔
پروگرام کے دوران ریونیو کورٹ مینجمنٹ سسٹم سے متعلق ایک ویڈیو فلم دکھائی گئی۔ اس کے علاوہ محکمہ ریونیو و اراضی اصلاحات کے سکریٹری مسٹر جے سنگھ نے اس سلسلے میں ایک پریزنٹیشن بھی دیا۔اس دوران انہوں نے بتایا کہ ریونیو کورٹ مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے اب مقدمات کی آن لائن سماعت کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل ذرائع سے شواہد اور ضروری دستاویزات اپ لوڈ کرنے کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔ فریقین اپنے مقدمات کی صورتِ حال کی معلومات آن لائن حاصل کر سکیں گے۔ اس سے سماعت اور مقدمات کے نمٹارے کا عمل مزید آسان، سہل اور شفاف بنے گا۔
پروگرام میں وزیراعلیٰ کا محکمہ ریونیو واصلاح اراضی کے سکریٹری مسٹر جے سنگھ نے سبز پودا پیش کرکے استقبال کیا۔
اس موقع پر نائب وزیراعلیٰ جناب وجے کمار چودھری، نائب وزیراعلیٰ جناب بجیندر پرساد یادو، ریونیو و اصلاح اراضی کے وزیر ڈاکٹر دلیپ کمار جیسوال، چیف سکریٹری جناب پرتیہ امرت، ڈیولپمنٹ کمشنر مسٹرمہیر کمار سنگھ، وزیراعلیٰ کے سکریٹری مسٹر لوکیش کمار سنگھ، محکمہ ریونیو و اصلاح اراضی کے سکریٹری مسٹر جے سنگھ، محکمہ ریونیو و اصلاح اراضی کی سکریٹری محترمہ سیما ترپاٹھی، محکمہ کے ایڈیشنل سکریٹری مسٹر امیت کمار پانڈے، ڈائریکٹوریٹ آف لینڈ ریکارڈز اینڈ سروے کے ڈائریکٹر مسٹر سہرس بھگت سمیت دیگر سینئر افسران موجود تھے۔
جبکہ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے تمام ڈویژنل کمشنر، تمام ضلع مجسٹریٹ اور ریونیو عدالتوں سے متعلق افسران بھی اس پروگرام سے وابستہ تھے۔