بہار قانون ساز کونسل کے نومنتخب ارکان کی حلف برداری تقریب میں شریک ہوئے وزیراعلیٰ
پٹنہ، :وزیراعلیٰ سمراٹ چودھری آج بہار قانون ساز کونسل کے گریجویٹ اور ٹیچر انتخابی حلقوں سے نومنتخب ارکان کی حلف برداری تقریب میں شامل ہوئے۔بہار قانون ساز کونسل کے کارگزار چیئرمین پروفیسر جناب رام بچن رائے نے بہار قانون ساز کونسل کی ذیلی عمارت کے آڈیٹوریم میں تمام 8 نومنتخب ارکان قانون ساز کونسل کو حلف دلایا۔حلف لینے والے نومنتخب ارکان میں ڈاکٹر سنجیو کمار، جناب سریش پرساد رائے، جناب نریندر پرساد سنگھ، ڈاکٹر راہل راج، جناب نیرج کمار، جناب انیل کمار جھا، جناب بنسی دھر برجواسی اور ڈاکٹر این کے یادو شامل ہیں۔حلف برداری کے بعد نومنتخب ارکان قانون ساز کونسل نے وزیراعلیٰ کے ساتھ اجتماعی تصویر بھی کھنچوائی۔اس موقع پر نائب وزیراعلیٰ جناب وجے کمار چودھری، نائب وزیراعلیٰ جناب بجیندر پرساد یادو، دیہی ترقیات و اطلاعات اوررابطہ عامہ کے وزیر شروَن کمار، وزیر زراعت وجے کمار سنہا، کو آپریٹو کے وزیر رام کرپال یادو، ریونیو و اصلاح اراضی کے وزیر ڈاکٹر دلیپ کمار جیسوال، عمارت تعمیرات کی وزیر محترمہ لیشی سنگھ، بہار اسمبلی میں حزب اختلاف کے لیڈر تیجسوی پرساد یادو، بی جے پی کے ریاستی صدر و رکن اسمبلی سنجے سراوگی، آر جے ڈی کے ریاستی صدر منگنی لال منڈل سمیت دیگر وزراء، ارکان اسمبلی، ارکان قانون ساز کونسل، عوامی نمائندے اور معزز شخصیات موجود تھیں۔
