الحراء پبلک اسکول کا تعلیمی و تفریحی دورہ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر
پٹنہ، 27 نومبر: الحراء پبلک اسکول، شاہ گنج، پٹنہ کے زیرِ اہتمام طلبہ و طالبات کا تعلیمی و تفریحی دورہ نالندہ اور راجگیر کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع پر اسکول کے ایکٹیویٹی انچارج نظرالاسلام ندوی نے دورے کی کامیاب تکمیل پر خوشی و مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الحراء پبلک اسکول کی انتظامیہ روزِ اول سے ہی طلبہ و طالبات کی تعلیمی، تخلیقی اور اخلاقی صلاحیتوں کو نکھارنے کے ساتھ ان کی مخفی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ اسکول انتظامیہ طلبہ کی ہمہ جہت ترقی کو اپنی بنیادی ترجیحات میں شامل رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بچوں کی شخصیت سازی اور ذہنی و فکری نشوونما میں تعلیمی سیروسیاحت کا اہم کردار ہوتا ہے۔ یہ محض تفریح کا ذریعہ نہیں بلکہ حصولِ علم کا ایک مؤثر وسیلہ بھی ہے، جس کے ذریعے طلبہ کتابی معلومات کے ساتھ عملی مشاہدے اور تجربے سے بھی مستفید ہوتے ہیں۔ اسی مقصد کے تحت اسکول انتظامیہ ہر تعلیمی سیشن میں طلبہ و طالبات کے لیے الگ الگ تعلیمی و تفریحی دوروں کا اہتمام کرتی ہے، تاکہ انہیں مقامی اور بیرونی تاریخی، تہذیبی اور علمی مقامات سے روشناس کرایا جا سکے۔اسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اس سال بھی اسکول کے طلبہ و طالبات کو نالندہ اور راجگیر کے تاریخی و سیاحتی مقامات کی سیر کرائی گئی۔ اس دوران طلبہ نے ہندوستان کی قدیم اور عالمی شہرت یافتہ نالندہ یونیورسٹی کے تاریخی کھنڈرات کا مشاہدہ کیا اور اس کے علمی و تاریخی پس منظر سے واقفیت حاصل کی۔ اس کے بعد راجگیر کے اہم تاریخی اور سیاحتی مقامات، بالخصوص حضرت شیخ شرف الدین یحییٰ منیریؒ سے منسوب مخدوم کنڈ، راجگیر روپ وے اور پانڈو پوکھر کا بھی دورہ کیا۔اس پورے سفر میں اسکول کوآرڈینیٹر احتشام الدین، عبدالرحمٰن، حسن شاہد، نورالزماں، سکندر خان، عتیق الرحمن، مہتاب عالم، عرفان احمد، شازیہ احمد، صوفیہ سلطانہ، ہما فاطمہ، امینہ پروین، شائقہ نیازی اور صائمہ پروین سمیت دیگر اساتذہ و عملے نے طلبہ کی رہنمائی اور نگرانی کی۔ اساتذہ نے نہایت شفقت، ذمہ داری اور خوش گوار ماحول میں بچوں کی رہنمائی کی، جس سے یہ سفر مزید یادگار اور مفید بن گیا۔دورے کے دوران طلبہ و طالبات نے نہ صرف تاریخی آثار اور قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہوئے بلکہ انہیں اپنی درسی کتابوں میں پڑھی ہوئی باتوں کو عملی طور پر دیکھنے اور سمجھنے کا موقع بھی ملا۔ اس تجربے سے ان کی معلومات میں اضافہ ہوا اور تاریخی ورثے، قدرتی ماحول اور ہندوستان کی علمی و تہذیبی عظمت کے تئیں دلچسپی پیدا ہوئی۔ بچوں نے اس دورے کو نہایت خوش گوار اور معلوماتی قرار دیا۔ماہرینِ تعلیم کے مطابق تعلیمی سیروسیاحت طلبہ کی ذہنی تازگی، مشاہداتی قوت، تخلیقی صلاحیت اور خود اعتمادی میں اضافے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔ نئی جگہوں کا مشاہدہ، تاریخی مقامات کی معلومات اور قدرتی ماحول سے قربت بچوں کی سوچ کو وسعت دیتی ہے اور ان کی شخصیت کی تعمیر میں معاون ثابت ہوتی ہے۔ اسی نظریے کے تحت الحراء پبلک اسکول اپنے تعلیمی و تربیتی پروگراموں میں ایسی سرگرمیوں کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔واضح رہے کہ طلبہ و طالبات دن بھر نالندہ اور راجگیر کے مختلف مقامات کی سیر و تفریح اور معلوماتی سرگرمیوں میں مصروف رہنے کے بعد رات تقریباً 10 بجے بحفاظت پٹنہ واپس پہنچے اور اپنے والدین کے ہمراہ اپنے گھروں کو روانہ ہوئے۔الحمدللہ، یہ تعلیمی و تفریحی دورہ نہایت کامیاب، خوش گوار اور یادگار ثابت ہوا۔ اس موقع پر اسکول انتظامیہ نے تمام اساتذہ، معاون عملے اور طلبہ کے تعاون کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس طرح کی تعلیمی سرگرمیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی۔
