جل-جیون-ہریالی مہم کے تحت تجاوزات سے پاک سرکاری زمین پر شجرکاری توجہ دی جائے: ڈاکٹر پریم کمار
پٹنہ، (یو این آئی) بہار اسمبلی کے اسپیکر ڈاکٹر پریم کمار نے بدھ کو کہا کہ جل-جیون-ہریالی مہم موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجوں سے نمٹنے، زیر زمین آبی وسائل کے تحفظ اور ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے کے لحاظ سے انتہائی اہم ہے۔ ان کی صدارت میں ان کے دفتر میں جل-جیون-ہریالی مہم کا اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں دیہی ترقیات کے محکمے کے سینئر افسران نے مہم کے نفاذ اور پیش رفت سے متعلق تفصیلی معلومات فراہم کیں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ 2019 سے 15 محکموں کے اشتراک سے چلائی جا رہی اس مہم کے تحت دس اجزا میں کام کیا جا رہا ہے۔ ان میں سرکاری تالابوں، پوکھروں اور کنوؤں کو تجاوزات سے پاک کرکے ان کی بحالی، آہر-پائن آبی نظام کو دوبارہ فعال کرنا، ہینڈ پمپوں اور کنوؤں کے قریب پانی جذب کرنے والے گڑھوں کی تعمیر، چیک ڈیم اور پانی ذخیرہ کرنے کے دیگر ڈھانچوں کی تعمیر، نئے کھیت تالابوں کی تعمیر، بارش کے پانی کو محفوظ کرنے اور شجرکاری سمیت آبی تحفظ سے متعلق سرگرمیاں شامل ہیں۔
محکمے کے افسران نے بتایا کہ مہم کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ گیا، نوادہ اور راجگیر کے جن علاقوں میں پہلے پانی کی قلت کے باعث ہینڈ پمپ خشک ہو جاتے تھے، وہاں زیر زمین پانی کی سطح میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ مختلف محکموں کے اشتراک سے مہم کی باقاعدہ نگرانی کی جا رہی ہے اور متعلقہ محکموں کو ضروری فنڈ بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔
اسمبلی اسپیکر ڈاکٹر پریم کمار نے مہم کے تحت کیے جانے والے کاموں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ مقررہ ہدف کے مقابلے میں اب تک تقریباً 75 فیصد پیش رفت ہوئی ہے۔ انہوں نے باقی ماندہ کاموں میں تیزی لانے اور سرکاری زمین کو تجاوزات سے پاک کرکے وہاں بڑے پیمانے پر شجرکاری کرانے پر زور دیا۔ انہوں نے گیا ضلع میں پہاڑوں کے دامن اور ندی کنارے موجود خالی سرکاری زمین پر پودے لگانے کی تجویز پیش کی، تاکہ تجاوزات کی روک تھام کے ساتھ ماحول اور مقامی آب و ہوا میں بھی مثبت تبدیلی لائی جا سکے۔ انہوں نے پودوں کے تحفظ اور ان کی باقاعدہ دیکھ بھال یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ محکمے کے افسران نے بتایا کہ پودوں کی دیکھ بھال کی مدت پانچ سال مقرر کی گئی ہے۔
ڈاکٹر کمار نے کہا کہ جل-جیون-ہریالی مہم موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجوں سے نمٹنے، زیر زمین آبی وسائل کے تحفظ اور ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے کے لیے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے خود گیا ضلع کے ایسے بلاک کا موقع پر معائنہ کرنے کی بات کہی، جہاں مہم کے تمام اجزا پر مربوط انداز میں کام کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زمینی سطح پر کاموں کا جائزہ لینے سے ان کے معیار اور افادیت کا اندازہ لگانے کے ساتھ ساتھ عمل درآمد کے عمل میں مزید تیزی لائی جا سکے گی۔
