بہار نامہ

مسلمان مسائل کے حل کے لیے طاقت کا صحیح استعمال کریں:اخلاق احمد/ڈاکٹر اظہار احمد

رضاکار تنظیم ’کاروان‘کی مسلم بیداری مہم کا شاندار آغاز،کئی اضلاع کا طوفانی دورہ

پٹنہ (پریس ریلیز):رضاکار تنظیم ’کاروان‘ نے ’’بہار کی سیاست میں ہم کہاں ہیں؟‘‘ کے موضوع پر صلاح و مشورہ اور بیداری کے لیے ریاست گیر مہم شروع کر دی ہے جس کے تحت مختلف اضلاع کا طوفانی دورہ تنظیم کے سربراہان اور ذمہ داران نے کیا ہے۔ موتیہاری سے ’کاروان‘ کی مسلم بیداری مہم کا باضابطہ آغاز حکومت بہار کے سابق وزیر اخلاق احمد کی سرپرستی میں ہوا اور مختلف مقامات کا طوفانی دورہ کرکے مسلم محلوں میں علمائے کرام اور مسلم دانشوروں کے ساتھ مشاورتی میٹنگیں کرکے حالات کا تفصیلی جائزہ لیا اور مختلف ملّی، سماجی و سیاسی مسائل معلوم کیے۔ کاروان کے اس دورہ اور مہم میں سابق رکن اسمبلی ڈاکٹر اظہار احمد اور ترجمان محمد اکبر علی سمیت کئی سرکردہ افراد بھی کافی سرگرم رہے۔ مہم کے آغاز کے موقع پر موتیہاری میں اردو لائبریری جبکہ ڈھاکہ میں کریمیہ مدرسہ آزاد چوک پر مسلم دانشوروں اور علمائے کرام کے ساتھ کاروان کے ذمہ داران کی میٹنگیں ہوئیں جس میں محمد نایاب، مجتبیٰ عالم(سرپنچ)،محمد ظہیر، محمد عمران، جانِ عالم اور محمد شعیب سمیت درجنوں مقامی افراد شریک ہوئے۔موتیہاری اور ڈھاکہ میں درجنوں جگہ ’کاروان‘ کے ذمہ داروں کا مسلم دانشوروں کے ذریعہ پُرزور استقبال کیا گیا اور مسلم بیداری مہم کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا گیا۔سابق وزیر اور میر کارواں اخلاق احمد نے ان میٹنگوں سے خطاب کرتے ہوئے کاروان کے اغراض و مقاصد پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور کہا کہ اس بات کو وہ اچھی طرح تسلیم کرتے ہیں کہ مسلمان اتنی بار ٹھگے گئے ہیں کہ اب وہ اپنے رہنمائوں سے بھی بیزار ہوچکے ہیں۔ اب ان کا بھروسہ کسی پر نہیں رہ گیا ہے۔ مگر اس کے باوجود یہ بھی تلخ حقیقت ہے کہ سیاست سے کنارہ کشی مسلمانوں کے لیے حماقت ثابت ہوگی۔ سیاست میں سرگرم رہ کر ہی ہم اپنے جائز آئینی و جمہوری حقوق و اختیارات حاصل کر سکتے ہیں اور اس کی وکالت بھی متعلقہ و مناسب فورم پر کر سکتے ہیں۔سابق رکن اسمبلی ڈاکٹر اظہار احمد نے کہا کہ اب ایک ہی راستہ ہے کہ ہم سبھی مسلمان آپس میں متحد و منظم ہوجائیں اور اپنی طاقت کا صحیح جگہ استعمال کریں تبھی بیڑا پار ہوگا۔ ترجمان محمد اکبر علی نے کہا کہ بہت مثبت رجحان کے ساتھ ’کاروان‘سرگرم اور اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہے۔ لوگوں کاایک بڑا طبقہ سامنے آرہا ہے۔ مسلمانوں کو سیاست میں وقار، حق واختیارات، مساوات اور انصاف دلانے کے لیے یہ تنظیم ہر سطح پر جدوجہد کرے گی۔