بہار نامہ

نتیش سیتو خوشحال بہار اور ترقی یافتہ ہندوستان کی سمت اہم قدم : سنجے سراوگی

پٹنہ،  (یو این آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ریاستی صدر سنجے سراوگی نے بدھ کو کہا کہ نتیش سیتو خوشحال بہار اور ترقی یافتہ ہندوستان کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی 21 نومبر کو بہار آمد کے موقع پر اس تاریخی پل کا افتتاح کرکے اسے عوام کے نام وقف کریں گے۔ اس سلسلے میں بہار میں جوش و خروش کا ماحول ہے اور قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کے رہنما اور کارکن پروگرام کو کامیاب بنانے میں مصروف ہیں۔بی جے پی کے ریاستی صدر سراوگی نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری آج افتتاحی مقام پر پہنچے اور پروگرام کی تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ چودھری نے تقریب سے متعلق مختلف انتظامات کی تفصیلات حاصل کیں اور افسران کو ضروری ہدایات دیں۔
اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ وجے کمار چودھری، بی جے پی کے ریاستی صدر سنجے سراوگی، وزیر صحت نیشانت کمار، وزیر تعمیراتِ سڑک انجینئر کمار شیلیندر، جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے ریاستی صدر امیش سنگھ کشواہا، ہندوستانی عوام مورچہ (ہم) کے ریاستی صدر انیل کمار، سابق وزیر منگل پانڈے اور لال گنج کے رکن اسمبلی سنجے سنگھ سمیت این ڈی اے کے رہنما اور کارکن موجود تھے۔
سراوگی نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کی بہار آمد کے موقع پر نتیش سیتو کا افتتاح ریاست کی ترقی کو نئی رفتار دینے والا موقع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پل آمد و رفت کو آسان بنانے، مختلف علاقوں کے درمیان رابطے مضبوط کرنے اور اقتصادی سرگرمیوں کو وسعت دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ بہار میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے مرکزی اور ریاستی حکومتیں مسلسل کام کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ چودھری کی قیادت میں ریاستی حکومت وزیر اعظم کے پروگرام کی تیاریوں میں پوری مستعدی سے مصروف ہے۔ افتتاحی تقریب کو شاندار اور منظم بنانے کے لیے انتظامی سطح پر جائزہ لیا جا رہا ہے۔ نتیش سیتو بہار کی ترقی، بہتر رابطہ نظام اور اقتصادی خوشحالی کا ایک نیا باب رقم کرے گا۔