بہار اسٹیٹ آرکائیوز ڈائریکٹوریٹ، پٹنہ کے زیرِ اہتمام تین روزہ قومی سیمینار کا انعقاد
پٹنہ (پریس ریلیز)محکمہ کابینہ سکریٹریٹ کے تحت بہار اسٹیٹ آرکائیوز ڈائریکٹوریٹ، پٹنہ کی جانب سے ”Bihar in History: Archives, Environment, Society and Cultural Traditions – From Rajagriha to Raj Bhawan ((تاریخ کے آئینے میں بہار: آرکائیوز، ماحولیات، سماج اور ثقافتی روایات—راج گریہ سے راج بھون تک)کے موضوع پر تین روزہ قومی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔یہ سمینارتاریخ 25سے 27 نومبر 2026ءجاری رہے گا۔اس سیمینار کا افتتاح مہمانِ خصوصی، معزز نائب وزیر اعلیٰ بہار، جناب وجے کمار چودھری کے دستِ مبارک سے عمل میں آیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر آرکائیوز ڈاکٹر محمد فیصل عبداللہ نے معزز نائب وزیر اعلیٰ اور دیگر مہمانانِ گرامی کا خیرمقدم کرتے ہوئے استقبالیہ خطاب پیش کیا۔محکمہ کابینہ سکریٹریٹ، بہار کے ایڈیشنل چیف سکریٹری جناب اروند کمار چودھری نے تعارفی خطاب میں دستاویزات اور آرکائیوز کی اہمیت نیز بہار اسٹیٹ آرکائیوز کی حصول یابیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ آرکائیوز ایک نہایت اہم ادارہ ہے، جہاں سے تاریخ نویسی کا آغاز ہوتا ہے۔ آج کے دستاویزات پچاس برس بعد اہم تاریخی ریکارڈ کی حیثیت اختیار کر لیں گے۔اس موقع پر محترمہ ہر جوت کور بامہرا، چیئرپرسن و ممبر، بورڈ آف ریونیو، بہار نے تاریخِ بہار کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سماج میں رونما ہونے والے تاریخی واقعات کو محفوظ رکھنا بعد میں آرکائیوز کی ذمہ داری ہوتی ہے۔ ہندوستان اور عالمی تاریخ میں پیش آنے والے واقعات بار بار ہمارے سامنے آتے ہیں اور ان کی غلطیوں سے سبق حاصل کرکے ہم مستقبل کی راہ متعین کرسکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس درجے کی شہر بندی اور منصوبہ بند شہری ترقی موہن جودڑو کے زمانے میں موجود تھی، آج بھی ہم اس معیار کی ترقی حاصل نہیں کر سکے ہیں۔معزز نائب وزیر اعلیٰ بہار نے اپنے خطاب میں بہار کی تاریخ، جغرافیہ، ماحولیات اور تاریخی دستاویزات کی اہمیت پر تفصیلی گفتگو کی اور سیمینار کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بہار اسٹیٹ آرکائیوز میں اس نوعیت کی علمی و تحقیقی سرگرمیوں کے انعقاد سے ریاست کے نوجوانوں کو بھرپور فائدہ پہنچے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ آرکائیوز تاریخ کی بنیاد ہوتے ہیں۔ یہیں سے تحقیق کے ذریعے تاریخ کی تشکیل ہوتی ہے۔ تاریخ ہمیشہ جغرافیے پر اثر انداز ہوتی ہے اور سیاسی تاریخ جغرافیائی حدود کو تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اگر ہم بہار کی تاریخ کا ابتدا سے انتہا تک مطالعہ کریں تو محسوس ہوگا کہ درحقیقت ہندوستان کی مجموعی تاریخ ہی بہار کی تاریخ ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حقیقی اور جامع تاریخ وہی ہوتی ہے جس میں تمام طبقات اور پہلوؤں کو ان کی مکمل وسعت کے ساتھ جگہ دی گئی ہو۔واضح رہے کہ یہ تین روزہ قومی سیمینار 25 تا 27 نومبر 2026ء تک جاری رہے گا۔ اس سیمینار میں ملک کی مختلف یونیورسٹیوں، کالجوں اور دیگر تعلیمی و تحقیقی اداروں سے وابستہ پروفیسرز، اساتذہ اور محققین کے ذریعے تقریباً پچاس تحقیقی مقالات پیش کیے جائیں گے۔یہ سیمینار ریاست بہار کی تاریخی، انتظامی اور ثقافتی حصول یابیوں کو قومی سطح پر اجاگر کرنے، تاریخ نویسی کے فروغ، نئی نسل کے نوجوانوں میں تاریخی شعور بیدار کرنے اور انہیں آرکائیوز سے وابستہ کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔تقریب کے اختتام پر اظہارِ تشکر کے فرائض محکمہ کابینہ سکریٹریٹ، بہار کے اسپیشل سکریٹری جناب اروند کمار ورما نے انجام دیے، جب کہ نظامت کے فرائض ڈاکٹر بھارتی شرما، آرکائیوسٹ نے بحسن و خوبی انجام دیے۔
