بکسر-بھاگلپور چھ لین ایکسپریس وے کی تیاریوں میں تیزی
کابینہ نے ڈی پی آر اور ٹرانزیکشن ایڈوائزر کی خدمات کے لیے 66.58 کروڑ روپے منظور کیے
پٹنہ، (یو این آئی) بہار میں سمراٹ کابینہ نے بدھ کو سڑک رابطے اور بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کی سمت میں ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے بکسر-بھاگلپور چھ لین مکمل کنٹرولڈ گرین فیلڈ ایکسپریس وے کی تعمیر کی جانب پیش رفت کی ہے۔ اس کے تحت ایکسپریس وے کی تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ (ڈی پی آر) تیار کرنے اور ٹرانزیکشن ایڈوائزر کی مشاورتی خدمات حاصل کرنے کے لیے 66 کروڑ 58 لاکھ 19 ہزار روپے کی انتظامی منظوری دی گئی ہے۔
کابینہ سکریٹریٹ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری اروند چودھری نے آج بتایا کہ اس ایکسپریس وے کی تعمیر سے بہار کے کئی اضلاع کے درمیان رابطہ بہتر ہونے کے ساتھ ہی دہلی-لکھنؤ-بکسر-بھاگلپور-
کابینہ کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے چودھری نے کہا کہ مجوزہ ایکسپریس وے بکسر، بھوجپور، ارول، جہان آباد، گیا، نالندہ، شیخ پورہ، مونگیر، لکھی سرائے، نوادہ، جموئی، بانکا اور بھاگلپور اضلاع سے گزرے گا۔ یہ مغرب میں پوروانچل ایکسپریس وے اور مشرق میں رکسیول-ہلدیہ ایکسپریس وے سے رابطہ فراہم کرے گا۔ اس پروجیکٹ پر عمل درآمد بہار اسٹیٹ روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ، پٹنہ کے ذریعے کرایا جائے گا۔
غذائی اجناس کی خریداری کے لیے 11,200 کروڑ روپے کے قرض پر سرکاری ضمانت
کابینہ نے محکمہ خوراک و صارفین کے تحفظ کی تجویز کو بھی منظوری دے دی ہے۔
اس کے تحت مالی سال 2026-27 میں ربیع اور خریف مارکیٹنگ سیزن کے دوران غذائی اجناس کی خریداری کے لیے بہار اسٹیٹ فوڈ اینڈ سول سپلائیز کارپوریشن کو درکار 14 ہزار کروڑ روپے کے ورکنگ کیپیٹل کے مقابلے میں مختلف مالیاتی اداروں، تجارتی بینکوں اور نابارڈ وغیرہ سے 11,200 کروڑ روپے کا قرض حاصل کرنے کے لیے ریاستی حکومت کی ضمانت دینے کی منظوری دی گئی ہے۔
ایڈیشنل چیف سکریٹری نے بتایا کہ محکمہ پنچایتی راج کی تجویز کے مطابق وزیر اعلیٰ دیہی پینے کے پانی کی یقین دہانی اسکیم کے تحت گرام پنچایتوں کے وارڈوں میں تعمیر کردہ آبی سپلائی مراکز اور واٹر ٹینکوں پر پانچ کلو واٹ کے آن گرڈ سولر پینل نصب کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ محکمہ کی جانب سے تعمیر کردہ اور زیر تعمیر پنچایت سرکار بھونوں پر 10 کلو واٹ صلاحیت کے سولر پینل لگائے جائیں گے۔ اس سے بجلی کے بلوں پر سرکاری خزانے کا بوجھ کم ہوگا اور گرام پنچایتیں اپنے ذرائع سے آمدنی بھی حاصل کر سکیں گی۔
چودھری نے بتایا کہ محکمہ صحت نے دربھنگہ ضلع کے لوگوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے مقصد سے صدر اسپتال، گنگوارہ، دربھنگہ سے چلانے کی منظوری دے دی ہے۔کابینہ نے محکمہ تعمیراتِ عمارت کی تجویز پر آئی آئی ٹی پٹنہ ریسرچ پارک کی تعمیر کے لیے سینٹر فار انوویشن، انکیوبیشن اینڈ انٹرپرینیورشپ (کیوب) کو مرکزی مشاورتی پروجیکٹ مینجمنٹ کنسلٹنٹ کے طور پر منتخب کرنے کی منظوری دی ہے۔ اس مقصد کے لیے بہار مالیات (ترمیمی) قواعد، 2024 کے ضابطہ 130-131 کے تحت 305 کروڑ روپے کی مجموعی پروجیکٹ لاگت پر پانچ فیصد کی شرح سے نامزدگی کی بنیاد پر انتخاب اور مفاہمت نامے (ایم او یو) پر دستخط کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
ایڈیشنل چیف سکریٹری نے بتایا کہ محکمہ توانائی کی تجویز کے تحت ریاست کے بجلی ترسیلی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے کئی پروجیکٹوں کو منظوری دی گئی ہے۔ اس کے تحت 3×800 میگاواٹ سپر تھرمل پاور پروجیکٹ سے متعلق بجلی کی نکاسی اور ترسیل کے انتظام کے لیے ٹیرف پر مبنی مسابقتی ٹینڈرنگ کے ذریعے کامیاب بولی دہندہ میسرز اڈانی انرجی سولیوشنز لمیٹڈ کے ساتھ 35 سال کے لیے سالانہ ترسیلی فیس 493.762 کروڑ روپے مقرر کی گئی ہے۔ اس پروجیکٹ کے تحت تعمیر کیے جانے والے ترسیلی نظام کو 35 سال بعد بہار اسٹیٹ پاور ٹرانسمیشن کمپنی لمیٹڈ کے حوالے مفت کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
چودھری نے کہا کہ محکمہ مالیات نے ملازمین اور پنشن یافتگان کے بینک کھاتوں میں خزانے کے ذریعے براہ راست تنخواہ، پنشن اور دیگر ادائیگیاں ہونے نیز آدھار سے تصدیق شدہ کھاتوں میں اسکالرشپ کی رقم منتقل کیے جانے کے معاملات میں استعمال کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ شہری مقامی اداروں اور پنچایتی راج اداروں کو ملنے والی گرانٹ کے استعمال کے سرٹیفکیٹ متعلقہ پورٹل پر اپ لوڈ ہونے کی صورت میں محاسبِ اعلیٰ کے دفتر کو الگ سے سرٹیفکیٹ بھیجنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ اس مقصد کے لیے بہار ٹریژری کوڈ 2011 کے ضابطہ 271 اور 272 میں ترمیم کی گئی ہے۔
محکمہ مالیات نے ریاستی مالیاتی کمیشن کی رپورٹ پیش کرنے کی مدت 30 ستمبر 2026 سے بڑھا کر 31 مارچ 2027 تک کرنے کی تجویز کو منظوری دے دی ہے۔ایڈیشنل چیف سکریٹری نے کہا کہ محکمہ اطلاعات و ٹیکنالوجی کی تجویز کے مطابق ریاست کے مختلف سرکاری اور علاقائی دفاتر میں آئی ٹی شعبے کے لیے افرادی قوت کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے آئی ٹی ماہرین، سافٹ ویئر اور آٹومیشن سے متعلق ضروریات پوری کرنے کے ساتھ مختلف محکموں کے پروجیکٹوں پر عمل درآمد میں تکنیکی تعاون فراہم کرنے کا انتظام کیا جائے گا۔
چودھری نے بتایا کہ محکمہ کان کنی و ارضیات کے تحت گیا ضلع کے منظور شدہ ضلعی سروے رپورٹ میں نشان زد پتھر کی کانوں سے متعلق سات اراضی کے ٹکڑوں کی الاٹمنٹ کے لیے ہندوستانی قومی شاہراہ اتھارٹی کے حق میں منظوری دی گئی ہے۔ اسی طرح جموئی ضلع میں مینگنیز اور بھورے مینگنیز کے بلاکوں کی ای نیلامی کے لیے تخمینہ شدہ وسائل کی مالیت، ریزرو قیمت اور مختلف مدتوں کے تعین کو بھی منظوری دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ محکمہ داخلہ کی جانب سے بہار اسپیشل آرمڈ پولیس ہینڈ بک، 2026 کو نوٹیفائی کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ اس سے بہار اسپیشل آرمڈ پولیس ایکٹ، 2021 کی دفعات کو مؤثر طریقے سے نافذ کرنے اور پولیس کے انتظامی، عملے سے متعلق اور دیگر معاملات کے طریقہ کار طے کرنے میں مدد ملے گی۔
