بہار نامہ

بہار میں 2.25 لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی تجاویز کا وزیر اعلیٰ نے خیرمقدم کیا

کہا :سرمایہ کار بہار پر اعتماد کریں، صنعتوں کو فروغ دیں اور بہار کی ترقی میں اپنا تعاون پیش کریں

پٹنہ، 20 نومبر : وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری آج ہوٹل موریہ میں محکمہ صنعت اور محکمہ توانائی کے مشترکہ زیر اہتمام منعقدہ ’صنعت کاروں سے مکالمہ‘ اور ’ایم او یو کے تبادلے کے پروگرام میں شریک ہوئے۔ آج کے اس پروگرام میں 2 لاکھ 25 ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی تجاویز کے سلسلے میں محکمہ صنعت، محکمہ توانائی اور صنعت سے وابستہ مختلف کمپنیوں کے نمائندوں کے درمیان مفاہمت ناموں (ایم او یو) کا تبادلہ کیا گیا۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’صنعت کاروں سے مکالمہ‘ اور ’ایم او یو ایکسچینج‘ تقریب میں آپ سبھی کا میں تہہ دل سے استقبال اور خیرمقدم کرتا ہوں۔ بالخصوص تمام سرمایہ کاروں اور صنعت سے وابستہ نمائندوں کا استقبال کرتا ہوں اور آپ سبھی کو یقین دلاتا ہوں کہ بہار پوری طرح تیار ہے۔ آپ بہار پر بھروسہ کریں، کھلے دل اور ذہن کے ساتھ بہار میں صنعتوں کو فروغ دیں اور ریاست کی ترقی میں اپنا تعاون پیش کریں۔انہوں نے کہا کہ بہار تیزی سے آگے بڑھنا چاہتا ہے۔ ریاستی حکومت کا عزم ہے کہ بہار کو ملک کی ان ریاستوں میں شامل کیا جائے جہاں صنعتی ترقی سب سے تیز رفتار سے ہو رہی ہے۔ ریاست میں 2.25 لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی تجاویز صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کے بہار پر بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتی ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سال 2047 میں جب ملک اپنی آزادی کے 100 سال مکمل کرے گا، اس وقت ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر میں بہار کا اہم کردار ہوگا۔ ہمارا مقصد خوشحال بہار کی تعمیر کرنا ہے۔ قدیم زمانے میں بھی بہار نے ہندوستان کو سنہری دور دیا ہے۔ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنے تاریخی ورثے، صلاحیتوں اور وسائل کا بہتر استعمال کرتے ہوئے صنعتی اور اقتصادی ترقی کی نئی تاریخ رقم کریں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بہار کے دو بڑے چیلنج پانی اور آبادی رہے ہیں۔ اب انہی کو ریاست کی طاقت میں تبدیل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ شمالی بہار کی ندیوں سے نکلنے والی گاد کے سائنسی طریقے سے انتظام اور تعمیراتی کاموں میں اس کے استعمال کے امکانات پر کام کیا جا رہا ہے۔ بہار میں گاد پالیسی بنائی گئی ہے۔ اس سے ایک طرف ندیوں میں گاد جمع ہونے کے مسئلے کا حل نکلے گا، تو دوسری طرف تعمیراتی کاموں کے لیے مفید وسائل بھی دستیاب ہوں گے۔ سیلاب پر قابو پانے کے لیے دریاؤں کے پشتوں کو مزید اونچا اور منظم کرنے سمیت ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔توانائی کے شعبے میں ریاستی حکومت کے عزم کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بجلی کے شعبے میں تقریباً 23 ہزار کروڑ روپے کی سبسڈی دی جا رہی ہے۔ 1.82 کروڑ خاندانوں کو 125 یونٹ مفت بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے آج 11 ہزار میگاواٹ بجلی کے لیے معاہدہ کیا گیا ہے۔ اس کے لیے محکمہ توانائی کو مبارکباد اور شکریہ پیش کرتا ہوں۔ توانائی کی وافر دستیابی صنعتی ترقی اور سرمایہ کاری کو رفتار دینے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بہار کی مصنوعات کو قومی اور بین الاقوامی منڈیوں سے جوڑنے کے لیے ترانسپورت اور لاجسٹکس کے مختلف ذرائع کو ترقی دی جا رہی ہے۔ ریاست میں 12 نئی ٹاؤن شپ تیار کرنے کا منصوبہ ہے۔ بہار کو تعلیم کا بھی ایک اہم مرکز بنانا ہے۔ بڑے تعلیمی اداروں کو بہار میں اپنے ادارے قائم کرنے چاہئیں، کیونکہ بہار خود ایک وسیع بازار اور صلاحیتوں کا مرکز ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہار میں ایکو ٹورزم اور مذہبی سیاحت کے بے پناہ امکانات ہیں۔ شری گرو گووند سنگھ جی مہاراج اور بھگوان بدھ سے وابستہ مقامات کی ترقی کے ساتھ ساتھ ماتا سیتا کی جائے پیدائش سیتامڑھی میں بھی شاندار تعمیراتی اور ترقیاتی کام کیے جا رہے ہیں۔ ان کوششوں سے سیاحت کو فروغ ملے گا اور مقامی سطح پر روزگار اور اقتصادی سرگرمیوں کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
سرمایہ کاروں کو یقین دلاتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست میں کاروبار کرنے میں آسانی (Ease of Doing Business) کے نظام کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔ سرمایہ کاری سے متعلق تجاویز کو 30 دنوں کے اندر منظوری دینے کا انتظام کیا جا رہا ہے۔ اگر مقررہ مدت میں منظوری نہیں ملتی ہے تو 31ویں دن اسے خودکار طور پر منظور شدہ  تصور کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد صنعت کاروں کو غیر ضروری کارروائیوں سے آزاد کرکے سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول تیار کرنا ہے۔ یہ عوام کی حکومت ہے اور عوام ہی مالک ہیں۔ حکومت عوام کی خواہشات کے مطابق کام کرنے کے لیے پابند عہد ہے۔
وزیر اعلیٰ نے روزگار اور خواتین کو بااختیار بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چھ برسوں میں 13 لاکھ سرکاری نوکریاں اور 2 کروڑ روزگار کے مواقع فراہم کیے گئے ہیں۔ آئندہ پانچ برسوں میں ایک کروڑ لوگوں کو روزگار اور سرکاری ملازمت فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ایک کروڑ خاندانوں کو کاروباری بنانے اور ایک کروڑ خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بناتے ہوئے لکھ پتی دیدی بنانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ اب تک 50 لاکھ خواتین کو لکھ پتی دیدی بنایا جا چکا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بہار میں صنعتوں کی ترقی کے لیے سازگار ماحول، وافر وسائل، ہنرمند افرادی قوت اور وسیع منڈی دستیاب ہے۔ ریاستی حکومت سرمایہ کاروں کے ساتھ شراکت داری کرتے ہوئے بہار کو صنعتی ترقی کا نیا مرکز بنانے کے لیے پابند عہد ہے۔ انہوں نے صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں سے بہار کی ترقی کے سفر میں شریک ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بہار میں تعمیر کریں، بہار پر بھروسہ کریں اور ترقی یافتہ و خوشحال بہار کی تعمیر میں اپنی شراکت یقینی بنائیں
پروگرام کے دوران محکمہ صنعت کے سکریٹری مسٹرکندن کمار نے وزیر اعلیٰ کو سبز پودا پیش کرکے ان کا استقبال کیا۔ محکمہ توانائی کے سکریٹری مسٹراجے یادو اور محکمہ صنعت کے سکریٹری جناب کندن کمار نے اپنے اپنے محکموں سے متعلق سرمایہ کاری کی تجاویز کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔
اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ جناب وجے کمار چودھری، نائب وزیر اعلیٰ جناب بجیندر پرساد یادو، وزیر صنعت و کھیل محترمہ شریسی سنگھ، چیف سکریٹری مسٹرپرتیہ امرت، محکمہ توانائی کے سکریٹری مسٹراجے یادو، محکمہ صنعت کے سکریٹری جناب کندن کمار، وزیر اعلیٰ کے سکریٹری مسٹرسنجے کمار سنگھ، بیاڈا کے منیجنگ ڈائریکٹر اور محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ کے سکریٹری مسٹرنوین کمار، محکمہ صنعت کے ڈائریکٹر جناب مکُل کمار گپتا سمیت دیگر سینئر افسران، سرمایہ کار، صنعت سے وابستہ افراد اور معزز شخصیات موجود تھیں۔