بہار نامہ

ای- کابینہ نظام کے ذریعے بہار میں بہتر حکمرانی کو ملے گی نئی رفتار، فیصلہ سازی کا عمل تیز، شفاف اور مؤثر ہوگا: سمراٹ چودھری

پٹنہ،  : وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری کی صدارت میں آج لوک سیوک آواس واقع سنکلپ آڈیٹوریم میں ای۔ کابینہ نظام نافذ کرنے اور اس کے مؤثر نفاذ سے متعلق میٹنگ منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں ریاست کے کابینہ نظامِ کار کو جدید، شفاف، ٹیکنالوجی پر مبنی اور پیپر لیس بنانے کے سلسلے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔محکمہ کابینہ سکریٹریٹ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری مسٹر اروند کمار چودھری نے پریزنٹیشن کے ذریعے ای۔ کابینہ کے حوالے سے تفصیلی معلومات فراہم کیں۔
میٹنگ میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ای۔ کابینہ نظام بہتر حکمرانی کی سمت ایک اہم پہل ہے۔ اس کے ذریعے کابینہ کے فیصلہ سازی کے عمل کو مزید تیز، آسان اور شفاف بنایا جائے گا۔ اس سے مختلف محکموں کے درمیان بہتر تال میل قائم ہوگا اور سرکاری کاموں کی انجام دہی میں تیزی آئے گی۔انہوں نے کہا کہ کابینہ سے متعلق فائلوں کی نقل و حرکت مکمل طور پر ڈیجیٹل ذرائع سے ہونی چاہیے۔ اس سے فائلوں کے نمٹارے میں لگنے والے وقت میں کمی آئے گی اور نظامِ کار مزید مؤثر اور جوابدہ بنے گا۔
وزیر اعلیٰ نے ای۔ کابینہ نظام میںآرٹیفیشل انٹیلی جنس سمیت جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرتے ہوئے انتظامی عمل کو آسان اور سہل بنایا جائے۔ای۔ کابینہ نظام پیپر لیس انتظامیہ کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ اس سے نہ صرف وقت اور وسائل کی بچت ہوگی بلکہ ماحولیات کے تحفظ کو بھی فروغ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے انتظامی نظام کو مزید مؤثر، شفاف اور عوام دوست بنانے کے لیے پابند عہد ہے۔ ای۔ کابینہ نظام بہار میں مؤثر حکمرانی اور ڈیجیٹل انتظامیہ کی سمت ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔
میٹنگ میں محکمہ کابینہ سکریٹریٹ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری مسٹر اروند کمار چودھری، وزیر اعلیٰ کے سکریٹری مسٹر لوکیش کمار سنگھ، وزیر اعلیٰ کے سکریٹری مسٹر سنجے کمار سنگھ، محکمہ کابینہ سکریٹریٹ کے اسپیشل سکریٹری مسٹر اروند کمار ورما سمیت دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔