نئی تعلیمی پالیسی سے اسکول سے یونیوسٹی تک ہوگی بڑی تبدیلی،بدلے گی تعلیم کی تصویر
پالیسی کے موثر نفاذ کی تیاریاں تیز- سمراٹ حکومت کامقصد تعلیم کو کتابی علم اور ڈگریوں سے نکال کر تحقیق و جدت کے ساتھ مربوط کر نا ہے
پٹنہ:بہار میں قومی تعلیمی پالیسی (این ای پی)2020 کے موثر نفاذ کی تیاریاں تیز ہو گئی ہیں۔ مارچ 2027سے ریاست کے تمام تعلیمی اداروں میں اسے نافذ کرنے کے منصوبوں پر تیزی سے کام کیا جارہا ہے۔ اس کے نفاذ سے اسکولوں سے لے کر کالجوں اور یونیورسٹیوں تک تعلیمی نظام میں جامع تبدیلیاں دیکھنے کو ملیں گی۔ وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری کی حکومت کا مقصد تعلیم کو صرف کتابی علم اور ڈگریوں تک محدود رکھنے کے بجائے ہنر، روزگار، تحقیق اورجدت کے ساتھ مربوط کرنا ہے۔نئی تعلیمی پالیسی کے تحت، اسکولی تعلیم کے موجودہ 10+2 نظام کو ایک نئے 5+3+3+4 کی تعلیمی ڈھانچے سے بدل دیا جائے گا۔ اس میں3سے 18 سال کی عمر کے بچوں کو شامل کیا گیا ہے۔ ابتدائی درجات میں مادری زبان، مقامی اور علاقائی زبانوں کو ترجیح دی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی، چھٹے گریڈ تک طلباء کو پیشہ ورانہ تعلیم، ہنر کی تربیت، اور انٹرن شپ سے جوڑنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ سرکاری اسکولوں کے بچوں کے لیے کمپیوٹر کی تعلیم پر بھی خصوصی زور دیا جائے گا، تاکہ وہ چھوٹی عمر سے ہی تکنیکی طور پر ماہر بن سکیں۔نئے نظام میں بچوں کی تعلیم اور جانچنے کے طریقے میں بھی بدلائو کی تجویز ہے۔ بورڈ کے امتحانات کو رٹنے کی روایت سے آزاد کر کے سمجھ، استدلال اور تجزیاتی مہارت پر مبنی بنانے پر زور دیا جائے گا۔ آرٹس، سائنس اور کامرس فیکلٹی کے درمیان روایتی مضامین کی رکاوٹوں کو کم کیا جائے گا۔ طلباء اپنی دلچسپی کے مطابق مختلف مضامین کا انتخاب کر سکیں گے۔ اس کے ساتھ ہی کھیل، موسیقی، آرٹ اور دیگر تخلیقی سرگرمیوں کو بھی تعلیم کا اہم حصہ بنایا جائے گا۔اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں بھی کئی اہم تبدیلیاں کی جائیں گی۔ نئی پالیسی کے تحت انڈرگریجویٹ کورسز تین یا چار سال کے ہوں گے۔ طلبا کو تعلیم کے دوران درمیان میں تعلیم کو چھوڑنے یا دو بارہ پڑھائی شروع کر نے کی سہولت ملے گی ۔متعینہ مدت تک تعلیم پوری کر نے پر سرٹیفکیٹ یا ڈپلوما دیا جاسکے گا ۔ساتھ ہی، مضامین کے انتخاب میں لچک ہوگی، جس سے طلباء اپنی دلچسپیوں کے مطابق مختلف مضامین کو یکجا کر سکتے ہیں۔اکیڈمک بینک آف کریڈٹس(ای بی سی) کے توسط سے طلباء کے ذریعہ حاصل کیے گئے تعلیمی کریڈٹ ڈیجیٹل طور پرمحفوظ رکھے جائیں گے، اس سے انہیں اپنی پڑھائی کے دوران سبجیکٹ یا ادارہ بدلنے میں سہولت ہو کی ۔ اعلیٰ تعلیم کو روزگار سے جوڑنے کے لیے ہنر پر مبنی اور پیشہ وارانہ تعلیم کو بھی فروغ ملے گا۔یونیورسٹیوں کے کام کاج میں بھی وسیع تبدیلیوںکے بارے میں سوچا گیا ہے۔ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تحقیق، جدت اور کثیر الضابطہ تعلیم کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ کالجوں کو مرحلہ وار خود مختاری دینے اور الحاق کے نظام کو بتدریج ختم کرنے کے لیے کام کیا جائے گا۔ مزید برآں، آن لائن اور فاصلاتی تعلیم کے مواقع کو بڑھایا جائے گا۔ قومی تعلیمی پالیسی کے تحت 2035 تک اعلیٰ تعلیم میں مجموعی انرولمنٹ ریشو (جی ای آر) کو 50 فیصد تک پہنچانے کا نشانہ رکھاگیا ہے ۔محکمہ تعلیم کا خیال ہے کہ نئی تعلیمی پالیسی کا مقصد طلباء کو نہ صرف ڈگری ہولڈر بنانا ہے بلکہ انہیں خود انحصار، ہنر مند، تخلیقی اور روزگار کے قابل بنانا بھی ہے۔ اس کے حصول کے لیے ا سکول کی سطح سے ہنر مندی، تکنیکی علم اور عملی تعلیم پر زور دیا جائے گا۔ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں معیار کی بہتری کے ساتھ تحقیق اورجدت کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ ایک بار لاگو ہونے کے بعد، نیا نظام بہار کے تعلیمی نظام کو زیادہ عملی، جامع اور روزگار کے قابل بنانے کی سمت میں ایک اہم قدم ثابت ہو سکتا ہے۔
